حدیث نمبر: 897
وعن صفية بنت شيبة رضي الله عنها قالت : أولم النبي صلى الله عليه وآله وسلم على بعض نسائه بمدين من شعير. أخرجه البخاري.
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدہ صفیہ بنت شیبہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بعض بیویوں کا ولیمہ دو مد جو سے کیا ۔ ( بخاری )

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 897
درجۂ حدیث محدثین: صحيح
تخریج حدیث «أخرجه البخاري، النكاح، باب من أولم بأقل من شاة، حديث:5172.»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5172

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´ولیمہ کا بیان`
سیدہ صفیہ بنت شیبہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بعض بیویوں کا ولیمہ دو مد جو سے کیا۔ (بخاری) «بلوغ المرام/حدیث: 897»
تخریج:
«أخرجه البخاري، النكاح، باب من أولم بأقل من شاة، حديث:5172.»
تشریح: 1. اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مختلف شادیوں کی صورت میں ضروری نہیں کہ ولیمہ ایک ہی جیسا ہو۔
حسب حال ولیمہ کرنا چاہیے۔
2. آپ نے ولیمہ میں بکری بھی ذبح کی اور ستو اور کھجور بھی ولیمہ میں کھلائے‘ اور حضرت اُمِ سلمہ رضی اللہ عنہا کے ولیمے میں صرف دوُ مد جو پر اکتفا کیا۔

راویٔ حدیث:
«حضرت صفیہ بنت شیبہ رضی اللہ عنہا» صفیہ بنت شیبہ بن عثمان بن ابی طلحہ حَجَبِی۔
بنو عبد الدار میں سے تھیں۔
ایک قول یہ ہے کہ انھوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا ہے اور ایک قول کے مطابق ان کی رؤیت ثابت نہیں ہے۔
صحیح اور درست بات یہی ہے کہ حضرت صفیہ بنت شیبہ رضی اللہ عنہا صحابیہ ہیں۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے تہذیب التہذیب اور تقریب التہذیب دونوں میں اس کی تصریح کی ہے‘ نیز انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے صحیح بخاری میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے حضرت صفیہ بنت شیبہ رضی اللہ عنہا کے سماع کی تصریح کی ہے۔
جن اہل علم نے انھیں تابعیہ شمار کیا ہے‘ یہ ان کا سہو ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 897 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5172 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5172. سیدہ صفیہ بنت شیبہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے اپنی ایک بیوی کا ولیمہ دو مد جو سے کیا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5172]
حدیث حاشیہ: یعنی سوا سیر یا دو سیر جو کا آٹا پکایا گیا تھا۔
سچ کہا ہے الدینُ یُسر یعنی دین کا معاملہ بالکل آسان ہے، پس آج ہولناک گرانی کے دور میں علماء کا فریضہ ہے کہ اہل اسلام کے لئے ایسی آسانیوں کی بھی بشارت دیں۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5172 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5172 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5172. سیدہ صفیہ بنت شیبہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے اپنی ایک بیوی کا ولیمہ دو مد جو سے کیا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5172]
حدیث حاشیہ:
(1)
حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے جب مجھ سے نکاح کیا تو مجھے حضرت زینب بنت خزیمہ رضی اللہ عنہا کے گھر مہں ٹھہرایا۔
میں نے وہاں ایک مٹکے میں کچھ جوَ دیکھے۔
میں نے انھیں نکال کر پیسا، پھر انھیں ہنڈیا میں ڈالا اور ان میں کچھ چربی ڈالی۔
یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ولیمہ تھی۔
(2)
اس سے معلوم ہوا کہ ولیمہ تھوڑے سے کھانے کا بھی ہو سکتا ہے۔
اس کے متعلق کوئی مقدار مقرر نہیں ہے۔
انسان اپنی وسعت کے مطابق اس کا اہتمام کر سکتا ہے۔
(فتح الباري: 298/9)
البتہ جو ولیمے میں زیادہ کھانے کا اہتمام کرے وہ افضل ہے کیونکہ اس طرح نکاح کا اعلان زیادہ ہوتا ہے اور اہل و مال میں برکت کا باعث ہے کیونکہ ولیمے میں آنے والے بکثرت دعائیں کرتے ہیں۔
(عمدة القاري: 127/14)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5172 سے ماخوذ ہے۔