حدیث نمبر: 830
وعن جابر قال : قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم : « إذا خطب أحدكم المرأة فإن استطاع أن ينظر منها إلى ما يدعوه إلى نكاحها فليفعل ». رواه أحمد وأبو داود ورجاله ثقات ،‏‏‏‏ وصححه الحاكم وله شاهد عند الترمذي والنسائي عن المغيرة وعند ابن ماجه وابن حبان من حديث محمد بن مسلمة.
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” تم میں سے جب کوئی کسی عورت کو پیغام نکاح دے اگر ممکن ہو تو اس کو کچھ دیکھ لے جو اس کیلئے نکاح کا باعث ہو ۔ “ اسے احمد اور ابوداؤد نے روایت کیا ہے اور اس کے راوی ثقہ ہیں اور حاکم نے اس کو صحیح قرار دیا ہے ۔ ترمذی اور نسائی میں مغیرہ کی روایت اس کیلئے شاہد ہے ۔ ابن ماجہ اور ابن حبان میں محمد بن مسلمہ کی روایت شاہد ہے ۔

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 830
درجۂ حدیث محدثین: حسن
تخریج حدیث «أخرجه أبوداود، النكاح، باب في الرجل ينظر إلي المرأة وهو يريد تزويجها، حديث:2082، وأحمد:3 /334، والحاكم:2 /165 وصححه علي شرط مسلم، ووافقه الذهبي، وحديث المغيرة أخرجه الترمذي، النكاح، حديث:1087، والنسائي، النكاح، حديث:3237 وسنده صحيح، وحديث محمد بن سلمة أخرجه ابن ماجه، النكاح، حديث:1864، وابن حبان(الموارد)، حديث:1235 وهو حديث حسن.»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 2082

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´(نکاح کے متعلق احادیث)`
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں سے جب کوئی کسی عورت کو پیغام نکاح دے اگر ممکن ہو تو اس کو کچھ دیکھ لے جو اس کیلئے نکاح کا باعث ہو۔ اسے احمد اور ابوداؤد نے روایت کیا ہے اور اس کے راوی ثقہ ہیں اور حاکم نے اس کو صحیح قرار دیا ہے۔ ترمذی اور نسائی میں مغیرہ کی روایت اس کیلئے شاہد ہے۔ ابن ماجہ اور ابن حبان میں محمد بن مسلمہ کی روایت شاہد ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 830»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، النكاح، باب في الرجل ينظر إلي المرأة وهو يريد تزويجها، حديث:2082، وأحمد:3 /334، والحاكم:2 /165 وصححه علي شرط مسلم، ووافقه الذهبي، وحديث المغيرة أخرجه الترمذي، النكاح، حديث:1087، والنسائي، النكاح، حديث:3237 وسنده صحيح، وحديث محمد بن سلمة أخرجه ابن ماجه، النكاح، حديث:1864، وابن حبان(الموارد)، حديث:1235 وهو حديث حسن.»
تشریح: 1. اس حدیث کی رو سے مرد کو چاہیے کہ جس عورت سے نکاح کا ارادہ رکھتا ہو اسے خود ایک مرتبہ دیکھ لے۔
جمہور کے نزدیک ایسا کرنا مستحب ہے‘ لازمی اور ضروری نہیں۔
2. اگر کسی قابل اعتماد اپنی رشتہ دار خاتون کو بھیج کر عورت کے چہرے کے رنگ و روپ اور عادات و خصائل کا پتہ کرا لے تب بھی ٹھیک ہے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ام سلیم کو بھیج کر ایک خاتون کے متعلق معلومات حاصل کی تھیں۔

راویٔ حدیث:
«حضرت محمد بن مسلمہ رضی اللہ عنہ» ان کا شمار فضلاء صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں ہوتا ہے۔
انصار کے قبیلۂحارث سے تھے‘ اس لیے انصاری حارثی کہلاتے تھے۔
تبوک کے سوا تمام غزوات میں شریک رہے۔
مدینہ منورہ میں حضرت مصعب بن عمیر رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا۔
۴۳ ہجری میں ستتر برس کی عمر میں وفات پائی۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 830 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2082 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جس عورت سے نکاح کرنے کا ارادہ ہو اسے دیکھ لینے کا بیان۔`
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی عورت کو پیغام نکاح دے تو ہو سکے تو وہ اس چیز کو دیکھ لے جو اسے اس سے نکاح کی طرف راغب کر رہی ہے ۱؎۔‏‏‏‏ راوی کا بیان ہے کہ میں نے ایک لڑکی کو پیغام دیا تو میں اسے چھپ چھپ کر دیکھتا تھا یہاں تک کہ میں نے وہ بات دیکھ ہی لی جس نے مجھے اس کے نکاح کی طرف راغب کیا تھا، میں نے اس سے شادی کر لی۔ [سنن ابي داود/كتاب النكاح /حدیث: 2082]
فوائد ومسائل:
یہ دیکھنا مستحب ہے اور اس سے مراد اتفاقا اچٹتی نظر سے دیکھنا ہے جیسے جابر رضی اللہ نے اپنے متعلق بیان کیا ہے مگر برا ہو تہذیب نو کا کہ اس بہانے دونوں نوجوان لڑکے لڑکی کا اکیلے اکیلے ملاقاتیں کرنا، سیروں کے لئے نکلنا اور خریداریاں کرنا اور نامعلوم کیا کچھ ہوتا ہے، شریعت ان کی قطعا روادار نہیں ہے، قبل از نکاح اس طرح کی کھلی میل ملاقاتیں حرام ہیں اور یہ دیکھنا بھی نسبت پختہ کرنے سے پہلے ہی زیادہ مفید ہے جب تک عقد نہیں ہو جاتا، منگیتر ایک دوسرے کے لئے اجنبی ہوتے ہیں۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2082 سے ماخوذ ہے۔