حدیث نمبر: 764
وعن ابن عمر عن النبي صلى الله عليه وآله وسلم قال : «الشفعة كحل العقال ». رواه ابن ماجه والبزار وزاد: « ولا شفعة لغائب ».وإسناده ضعيف
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” شفعہ رسی کھولنے کی طرح ہے ۔ “ اسے ابن ماجہ اور بزار نے روایت کیا ہے اور بزار نے اتنا اضافہ بھی نقل کیا ہے کہ ’’ غیرحاضر و غائب کے لئے شفعہ کا کوئی حق نہیں ۔ “ اس کی سند ضعیف ہے ۔

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 764
درجۂ حدیث محدثین: ضعيف
تخریج حدیث «أخرجه ابن ماجه، الشفعة، باب طلب الشفعة، حديث:2500، والزار: لم أجده، * محمد بن الحارث متروك كما قال البيهقي وغيره، وشيخه ضعيف، والسند ضعفه البوصيري.»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 2500 | سنن ابن ماجه: 2501

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´شفعہ کا بیان`
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا شفعہ رسی کھولنے کی طرح ہے۔ اسے ابن ماجہ اور بزار نے روایت کیا ہے اور بزار نے اتنا اضافہ بھی نقل کیا ہے کہ ’’ غیرحاضر و غائب کے لئے شفعہ کا کوئی حق نہیں۔ اس کی سند ضعیف ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 764»
تخریج:
«أخرجه ابن ماجه، الشفعة، باب طلب الشفعة، حديث:2500، والزار: لم أجده، * محمد بن الحارث متروك كما قال البيهقي وغيره، وشيخه ضعيف، والسند ضعفه البوصيري.»
تشریح: اس حدیث میں شفعہ کو اونٹ کے بند کھولنے سے تشبیہ دی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ جس طرح اونٹ کا زانو بند کھول دیا جائے تو وہ فوراً بھاگ نکلتا ہے‘ اسی طرح جس وقت کوئی چیز فروخت ہو یا شفعہ کرنے والے کو اس چیز کے فروخت کیے جانے کا علم ہو‘ اسی وقت بلاتاخیر شفعہ کر دے‘ ورنہ تاخیر کی صورت میں اس سے حق شفعہ جاتا رہے گا اور اس کا شفعہ قابل قبول نہیں ہوگا۔
یہ رائے احناف کی ہے۔
محدثین کے نزدیک تاخیر سے حق شفعہ باطل نہیں ہوتا کیونکہ شفعے کی احادیث مطلق ہیں اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی یہ روایت قابل استدلال نہیں ہے‘ نیز جب شفعہ کرنے والا کم سن ہو یا وہ اس وقت وہاں موجود نہ ہو تو بھی انھیں شفعہ کا استحقاق رہتا ہے جیسا کہ اوپر حضرت جابر رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے کہ اگر ہمسایہ اس موقع پر موجود نہ ہو تو اس کا انتظار کیا جائے۔
ظاہر ہے اگر اس کا حق شفعہ باطل ہوتا تو پھر اس کا انتظار کرنے کے کیا معنی؟ واللّٰہ أعلم۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 764 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2501 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´شفعہ کا مطالبہ۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: شریک کو شریک پر اس وقت شفعہ نہیں رہتا ہے، جب وہ خریداری میں اس سے سبقت کر جائے، اسی طرح نہ کم سن (نابالغ) کے لیے شفعہ ہے، اور نہ غائب کے لیے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الشفعة/حدیث: 2501]
اردو حاشہ:
فائدہ: شریک پر شریک کےشفعے کا دعوی کرنے کا مطلب یہ ہے کہ جب کسی چیز میں تین افراد شریک ہوں اوران میں سے ایک آدمی دوسرے کا حصہ خرید لے تو تیسرے کوشفعے کا دعوی کرنے کا حق حاصل نہیں لیکن یہ روایت سخت ضعیف ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2501 سے ماخوذ ہے۔