حدیث نمبر: 745
وعن جابر بن عبد الله رضي الله تعالى عنهما قال : أردت الخروج إلى خيبر فأتيت النبي صلى الله عليه وآله وسلم فقال:« إذا أتيت وكيلي بخيبر فخذ منه خمسة عشر وسقا ». رواه أبو داود وصححه.
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ` میں نے خیبر کی طرف جانے کا ارادہ کیا تو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ” جب تو خیبر میں میرے وکیل کے پاس پہنچے تو اس سے پندرہ وسق وصول کر لینا ۔ “ اسے ابوداؤد نے روایت کیا ہے اور انہوں نے اسے صحیح بھی قرار دیا ہے ۔

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 745
درجۂ حدیث محدثین: ضعيف
تخریج حدیث «أخرجه أبوداود، القضاء، باب في الوكالة، حديث:3632.* ابن إسحاق عنعن، وعلق البخاري ببعض الحديث في صحيحه.»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 3632

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´شراکت اور وکالت کا بیان`
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ میں نے خیبر کی طرف جانے کا ارادہ کیا تو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب تو خیبر میں میرے وکیل کے پاس پہنچے تو اس سے پندرہ وسق وصول کر لینا۔ اسے ابوداؤد نے روایت کیا ہے اور انہوں نے اسے صحیح بھی قرار دیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 745»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، القضاء، باب في الوكالة، حديث:3632.* ابن إسحاق عنعن، وعلق البخاري ببعض الحديث في صحيحه.»
تشریح: مذکورہ روایت سنداً ضعیف ہے جیسا کہ ہمارے فاضل محقق نے بھی اس طرف اشارہ کیا ہے‘ تاہم دیگر دلائل کی رو سے وکیل بنانا جائز ہے جیسا کہ صحیح احادیث سے ثابت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے ذاتی کام اپنے وکیل کے ذریعے سے کروا لیا کرتے تھے جیسے کہ بکری خریدنے کا واقعہ۔
(صحیح البخاري‘ المناقب‘ حدیث: ۳۶۴۲) نیز درج ذیل روایات سے بھی اسی موقف کی تائید ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں عمال حکومت سبھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نائب اور وکیل ہوا کرتے تھے۔
بنابریں مالی معاملات میں کسی کو اپنا وکیل بنانا درست ہے۔
واللّٰہ أعلم۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 745 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3632 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´وکیل بنانے کا بیان۔`
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں نے خیبر کی جانب نکلنے کا ارادہ کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور سلام کیا پھر میں نے عرض کیا: میں خیبر جانے کا ارادہ رکھتا ہوں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میرے وکیل کے پاس جانا تو اس سے پندرہ وسق کھجور لے لینا اور اگر وہ تم سے کوئی نشانی طلب کرے تو اپنا ہاتھ اس کے گلے پر رکھ دینا ۱؎۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الأقضية /حدیث: 3632]
فوائد ومسائل:
فائدہ: یہ روایت سندا ضعیف ہے۔
تاہم وکیل بننا بنانا جائز ہے۔
اور صحیح احادیث سے ثابت ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنے ذاتی کام اپنے وکیل کے ذریعے سے کروا لیا کرتے تھے۔
جیسے کہ بکری خریدنے کا واقعہ ہے۔
(صحیح البخاري، المناقب، حدیث: 3642) علاوہ ازیں عمال حکومت سبھی رسول اللہ ﷺ کے نائب اوروکیل ہی ہوا کرتے تھے۔
آج کل کے عدالتی نظام میں وکالت ناگزیر ہے۔
اس کے بغیر اپنا حق وصول کرنا ناممکن ہے۔
اس بنا پر صاحب حق کےلئے تو اپنے حق کی وصولی کےلئے وکیل بنانا اور کسی شخص کا اس کےلئے وکیل بننا جائز ہے۔
لیکن کسی دوسرے کا حق غصب کرکے عدالت سے اس پر مہر تصدیق ثبت کرانے کے لئے کسی کو وکیل بنایا اور اس ظالم وغاصب کی وکالت کے لئے کسی کا وکیل بننا قطعا جائز نہیں ہے۔
ایسی وکالت کا سارا معاوضہ یکسر حرام اور ناجائز ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3632 سے ماخوذ ہے۔