حدیث نمبر: 617
وعن أبي الطفيل قال : رأيت رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم يطوف بالبيت ويستلم الركن بمحجن معه ويقبل المحجن . رواه مسلم.
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدنا ابوطفیل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بیت اللہ کا طواف کرتے دیکھا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نوکیلے سرے والی چھڑی جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھی ، ( اس ) سے حجر اسود کو چھوتے اور اس چھڑی کو بوسہ دیتے تھے ۔ ( مسلم )

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 617
درجۂ حدیث محدثین: صحيح
تخریج حدیث «أخرجه مسلم، الحج، باب جواز الطواف علي بعير وغيره، حديث:1275.»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 1275 | سنن ابي داود: 1879 | سنن ابن ماجه: 2949

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´حج کا طریقہ اور دخول مکہ کا بیان`
سیدنا ابو طفیل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بیت اللہ کا طواف کرتے دیکھا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نوکیلے سرے والی چھڑی جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھی، (اس) سے حجر اسود کو چھوتے اور اس چھڑی کو بوسہ دیتے تھے۔ (مسلم) [بلوغ المرام/حدیث: 617]
617 لغوی تشریح:
«بمحجن» میم کے نیچے کسرہ ہے۔ ٹیڑھے سرے والا ڈنڈا۔ خمدار چھڑی۔

فوائدومسائل:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اگر ہجوم زیادہ ہو اور حجراسود کو بوسہ دینا مشکل یا ناممکن نظر آئے تو چھڑی لگا کر اس چھڑی کو چوم لے۔
➋ مسند احمد میں مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے فرمایا: تو طاقتور اور زور آور آدمی ہے۔ حجر اسود تک رسائی حاصل کرنا تیرے لئے دشوار کام نہیں ہے، مگر دھکم پیل سے کمزوروں کو اذیت اور تکلیف ہوتی ہے، اس لئے اگر تمہیں فارغ وقت میسر آ جائے تو ہاتھ سے چھو لیا کرو، بصورت دیگر حجر اسود کے سامنے کھڑے ہو کر «لا اله الاالله والله اكبر» ہی کہہ لیا کرو۔ [مسند احمد: 1 28]
➌ اس حدیث سے معلوم ہو رہا ہے کہ مناسک حج ادا کرتے ہوئے دوسروں کو تکلیف و اذیت دینا جائز نہیں
➍ اگر حجر اسود کا استلام صرف ہاتھ کے اشارے سے ہو تو ہاتھ کو چومنا نہیں چاہیے کیونکہ ہاتھ اور چھڑی وغیرہ کو اس لئے بوسہ دیا جاتا ہے کہ وہ حجر اسود کے ساتھ لگ چکے ہوتے ہیں۔

راوئ حدیث: حضرت ابوالطفیل رضی اللہ عنہ، ان کا نام عامر بن واثلہ کنانی ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے آٹھ سال پائے۔ 100 ہجری میں مکہ مکرمہ میں وفات پائی۔ اور قول کے مطابق 102 ہجری میں وفات پائی۔ اور ایک قول ان کی وفات کے بارے میں 110 ہجری کا بھی ہے۔ روئے زمین پر بسنے والے صحابہ رضی اللہ عنہم میں سب سے آخر میں فوت ہونے والے یہ خوش قسمت صحابی ہیں۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 617 سے ماخوذ ہے۔