مرکزی مواد پر جائیں
19 شعبان، 1447 ہجری
حدیث نمبر: 427
وعن بريدة رضي الله عنه أن النبي صلى الله عليه وآله وسلم قال : « المؤمن يموت بعرق االجبين». رواه الثلاثة وصححه ابن حبان.
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا کہ` آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” مومن کی موت کے وقت اس کی پیشانی پر پسینہ رونما ہو جاتا ہے ۔ “ اس روایت کو تینوں یعنی ترمذی ، نسائی اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے اور ابن حبان نے اسے صحیح قرار دیا ہے ۔

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 427
درجۂ حدیث محدثین: صحيح
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 1829 | سنن نسائي: 1830 | سنن ترمذي: 982 | سنن ابن ماجه: 1452

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´مومن کی موت کے وقت اس کی پیشانی پر پسینہ آنا`
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مومن کی موت کے وقت اس کی پیشانی پر پسینہ رونما ہو جاتا ہے . . . [بلوغ المرام /كتاب الجنائز/حدیث: 427]
لغوی تشریح:
«بِعَرَقِ الْجَبِينِ» عرق کی عین اور را دونوں پر فتحہ ہے۔ معنی ہیں: پسینہ یعنی وہ اپنی جو محنت و مشقت یا گرمی و حرارت کی وجہ سے جسم سے خارج ہوتا ہے۔
ایک قول کے مطابق اس حدیث سے مراد یہ ہے کہ مومن کے گناہوں کی تطہیر کے لیے موت کے وقت اس کی پیشانی پر پسینہ رونما ہوتا ہے۔
اور ایک قول یہ بھی ہے کہ اس میں کنایہ کیا گیا ہے اور یہ بتانا مقصود ہے کہ مومن طلب حلال، صوم و صلاۃ کی ادائیگی اور احکام شرعیہ پر محافظت کے سلسلے میں محنت و مشقت اور کدوکاوش میں لگا رہتا ہے یہاں تک کہ موت واقع ہو جاتی ہے۔

428
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 427 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1829 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´مومن کے مرنے کی نشانی۔`
بریدہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مومن ایسی حالت میں مرتا ہے کہ اس کی پیشانی پسینہ آلود ہوتی ہے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1829]
1829۔ اردو حاشیہ: ’’پیشانی کا پسینہ جبین عربی زبان میں پیشانی کے اطراف کو کہتے ہیں مگر یہاں پوری پیشانی مراد ہے کیونکہ پسینہ پیشانی پر زیادہ آتا ہے۔ اس حدیث میں مومن کی موت کی نشانی پیشانی کا پسینہ بتلایا گیا ہے۔ یا تو یہ پسینہ نزع روح کی شدت کی بنا پر ہوتا ہے تاکہ اس کے باقی گناہ بھی اس شدت کے بدلے میں معاف ہو جائیں اور وہ پاک صاف ہو کر فوت ہو۔ یا یہ پسینہ اس شرمندگی کا نتیجہ ہے جو مومن کواللہ کی ملاقات کے تصور سے لاحق ہوتی ہیں کہ میں گناہوں کے ساتھ اللہ تعالیٰ کو کیسے ملوں گا؟ ظاہر ہے ایسا تصور مومن ہی کر سکتا ہے۔ منافق تو اس وقت بھی دنیا کے فکر و غم میں مدہوش ہوتا ہے۔ پسینے کی کوئی اور وجہ بھی ہو سکتی ہے جسے ہم نہیں سمجھ سکتے۔ بہرصورت یہ مومن کی نشانی ہے۔ بعض حضرات نے اسے شدت سے استعارہ قرار دیا ہے، یعنی مومن مشقت و محنت کرتا کرتا فوت ہوتا ہے۔ یا تو نیکی کے لیے یا رزق کے لیے، یعنی مومن آرام و راحت سے زندگی گزارتا بلکہ کام کرتا رہتا ہے۔ کبھی دین کا، کبھی دنیا کا۔ واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1829 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 982 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´موت کے وقت مومن کی پیشانی پر پسینہ آ جاتا ہے۔`
بریدہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مومن پیشانی کے پسینہ کے ساتھ مرتا ہے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الجنائز/حدیث: 982]
اردو حاشہ:
1؎:
یعنی مومن موت کی شدت سے دوچار ہوتا ہے تاکہ یہ اس کے گناہوں کی بخشش کا ذریعہ بن جائے، (شدت کے وقت آدمی کی پیشانی پر پسینہ آ جاتا ہے) یا یہ مطلب ہے کہ موت اسے اچانک اس حال میں پا لیتی ہے کہ وہ رزق حلال اور ادائیگی فرائض میں اس قدر مشغول رہتا ہے کہ اس کی پیشانی پسینہ سے تر رہتی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 982 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1452 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´مومن کو موت کی سختی پر اجر و ثواب حاصل ہوتا ہے۔`
بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مومن ایسی حالت میں مرتا ہے کہ اس کی پیشانی پسینہ آلود ہوتی ہے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الجنائز/حدیث: 1452]
اردو حاشہ:
فوائد و  مسائل: (1) (جبین)
کاترجمہ عام طور پر پیشانی کیاجاتا ہے۔
لیکن حافظ صلاح الدین یوسف رحمۃ اللہ علیہ نے تفسیر احسن البیان میں سورہ صافات آیت 103 کی تفسیر میں لکھا ہے۔
ہر انسان کے چہرے پر دو جبینیں (دایئں اور بایئں)
ہوتی ہیں۔
اوردرمیان میں پیشانی (جبھۃ)
ہے۔

(2)
جبین کے پسینے کا ایک مطلب تو یہ بیان کیا گیا ہے۔
کہ مومن پر موت کی سختی کی وجہ سے اسے پسینہ آ جاتا ہے۔
ایک مطلب یہ بیان کیا گیا ہے کہ اسے بہت زیادہ سختی نہیں ہوتی۔
بلکہ محض پسینہ آنے جیسی مشقت ہوتی ہے۔
یہ مطلب بھی ہوسکتا ہے کہ مومن حلال کی کمائی کے لئے کوشش اور محنت کرتے ہوئے۔
یا زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کی کوشش کرتے ہوئے دوڑ دھوپ کرتا رہتا ہے۔
حتیٰ کہ اس کا آخری وقت آ جاتا ہے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1452 سے ماخوذ ہے۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔