حدیث نمبر: 415
عن أبي عامر الأشعري رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم : « ليكونن من أمتي أقوام يستحلون الخز والحرير ». رواه أبو داود وأصله في البخاري.
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدنا ابوعامر اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ میری امت میں لازماً کچھ ایسی قومیں ہوں گی جو ( زنا ) اور ریشم کو حلال سمجھیں گی ۔ ‘‘ اسے ابوداؤد نے روایت کیا ہے اور اس کی اصل بخاری میں ہے ۔

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 415
درجۂ حدیث محدثین: صحيح
تخریج حدیث «أخرجه أبوداود، اللباس، باب ما جاء في الخز، حديث:4039، وأصله في البخاري، الأشربة، باب ما جاء فيمن يسحل الخمر ويسميه بغير اسمه، حديث:5590.»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 4039

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´لباس کا بیان`
سیدنا ابوعامر اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ میری امت میں لازماً کچھ ایسی قومیں ہوں گی جو (زنا) اور ریشم کو حلال سمجھیں گی۔ ‘‘ اسے ابوداؤد نے روایت کیا ہے اور اس کی اصل بخاری میں ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 415»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، اللباس، باب ما جاء في الخز، حديث:4039، وأصله في البخاري، الأشربة، باب ما جاء فيمن يسحل الخمر ويسميه بغير اسمه، حديث:5590.»
تشریح: اس حدیث میں دو چیزیں حرام کی گئی ہیں: ایک ریشم کا پہننا‘ دوسرا زنا و بدکاری کرنا۔
ریشم کا لباس زیب تن کرنا آدمی کے اندر رعونت اور کبر و نخوت پیدا کرتا ہے۔
اور یہ متکبرین کا لباس ہے‘ اسی لیے اسے امت کے مردوں پر حرام قرار دیا گیا ہے‘ نیز یہ زینت اور لطافت کا لباس ہے جو مردوں کے برعکس عورتوں کا لباس شمار ہوتا ہے اور مردوں کے لیے عورتوں کی مشابہت اختیار کرنا حرام ہے۔

راویٔ حدیث:
«حضرت ابوعامر اشعری رضی اللہ عنہ» ان کا نام عبداللہ بن ہانی یا عبید بن وہب رضی اللہ عنہ ہے۔
شرف صحابیت سے مشرف ہیں۔
شام میں سکونت اختیار کی۔
اموی خلیفہ عبدالملک بن مروان کے دور خلافت میں وفات پائی۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 415 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4039 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´خز (اون اور ریشم سے بنے لباس) پہننے کا بیان۔`
عبدالرحمٰن بن غنم اشعری کہتے ہیں مجھ سے ابوعامر یا ابو مالک نے بیان کیا اور اللہ کی قسم انہوں نے جھوٹ نہیں کہا کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے کہ میری امت میں کچھ لوگ ہوں گے جو خز اور حریر (ریشم) کو حلال کر لیں گے پھر کچھ اور ذکر کیا، فرمایا: ان میں سے کچھ قیامت تک کے لیے بندر بنا دیئے جائیں گے اور کچھ سور۔‏‏‏‏ ابوداؤد کہتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب میں سے بیس یا اس سے زیادہ لوگوں نے خز پہنا ہے ان میں سے انس اور براء بن عازب رضی اللہ عنہما بھی ہیں۔ [سنن ابي داود/كتاب اللباس /حدیث: 4039]
فوائد ومسائل:
1: اس حدیث میں مروی ہے لفظ الخز (خا اور زا دونوں منقوط کے) تین معانی ہیں جو اوپر مذکور ہوئے ہیں۔
خالص ریشم مردوں کے لئے بالاجماع حرام ہے۔
الخزوالحریر کے مابین عطف تفسیر یا نوعیت کے معنی میں ہیں۔
مخلوط یا کسی دوسری نوعیت کا ہوتو اس سے احترازافضل ہے، تاکہ غیر مسلوں اور مرفہ الحال لوگوں سے مشابہت ہو۔

2: اس لفظ الخز کی ایک روایت الحر بھی ہے، یعنی حا مکسور اور را دونوں بلانقطہ۔
اس کے معنی ہیں: فرج یعنی عورت کے لئے شرم گاہ، مفہوم یہ ہوا کہ وہ لوگ زنا کاری اور ریشم کے لباس کو حلال جانیں گے۔

3: ایسے لوگوں کو مسخ کیا جانا یعنی ان کی شکلوں کا بدل جانا اگر حقیقتا ہو تو اللہ عزوجل کے لئے کوئی مشکل نہیں اور اگر معنا مراد ہو تو موجودہ حالات میں اباحیت پسند لوگوں میں بندروں اور سؤروں کی خصوصیات مشاہدہ کی جا سکتی ہیں کہ لوگ غیر مسلموں کی نقالی میں بے باک اور بے عزتی اور دیوثیت مین بھی کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4039 سے ماخوذ ہے۔