حدیث نمبر: 243
وعن سعد بن طارق الأشجعي رضي الله عنه قال : قلت لأبي : يا أبت إنك قد صليت خلف رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم وأبي بكر وعمر وعثمان وعلي أفكانوا يقنتون في الفجر ؟ قال : أي بني محدث. رواه الخمسة إلا أبا داود.
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدنا سعد بن طارق اشجعی رحمہ اللہ سے مروی ہے ( کہتے ہیں کہ )` ’’ میں نے اپنے والد سے استفسار کیا کہ ابا جان ! آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، سیدنا ابوبکر ، سیدنا عمر ، سیدنا عثمان اور سیدنا علی رضی اللہ عنہم کے پیچھے نماز پڑھی ہے ۔ کیا یہ سب نماز فجر میں قنوت پڑھا کرتے تھے ؟ انھوں نے جواب دیا کہ بیٹا ! یہ نئی بات ہے ۔ “ اس کو ابوداؤد کے سوا پانچوں نے روایت کیا ہے ۔

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 243
درجۂ حدیث محدثین: صحيح
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 1081 | سنن ترمذي: 402 | سنن ابن ماجه: 1241

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´نماز کی صفت کا بیان`
«. . . وعن سعد بن طارق الأشجعي رضي الله عنه قال: قلت لأبي: يا أبت إنك قد صليت خلف رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم وأبي بكر وعمر وعثمان وعلي أفكانوا يقنتون في الفجر؟ قال: أي بني محدث. رواه الخمسة إلا أبا داود. . . .»
. . . سیدنا سعد بن طارق اشجعی رحمہ اللہ سے مروی ہے (کہتے ہیں کہ) ’’ میں نے اپنے والد سے استفسار کیا کہ ابا جان! آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، سیدنا ابوبکر، سیدنا عمر، سیدنا عثمان اور سیدنا علی رضی اللہ عنہم کے پیچھے نماز پڑھی ہے۔ کیا یہ سب نماز فجر میں قنوت پڑھا کرتے تھے؟ انھوں نے جواب دیا کہ بیٹا! یہ نئی بات ہے۔ اس کو ابوداؤد کے سوا پانچوں نے روایت کیا ہے۔ . . . [بلوغ المرام/كتاب الصلاة/باب صفة الصلاة: 243]
لغوی تشریح:
«أَيْ بُنَيَّ» «أَيْ» حرف ندا ہے اور «بُنَيَّ» کے با پر ضمہ اور یا پر فتحہ اور تشدید ہے۔ ابن کی تصغیر ہے اور یائے متکلم کی طرف مضاف ہے۔ اور اس کے معنی ہیں: اے میرے بیٹے!
«مُحْدَثٌ» إحداث سے اسم مفعول ہے، یعنی گھڑی ہوئی، خود ساختہ (بدعت) جو دور رسالت میں موجود نہیں تھی، چنانچہ اس گفتگو کا خلاصہ یہ ہے کہ قنوت نازلہ بسا اوقات پڑھنا ثابت ہے، اس پر دوام اور ہمیشگی ثابت نہیں۔
فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث کی روشنی میں یہ استدلال کرنا کہ نماز میں قنوت پڑھنا بدعت ہے درست نہیں۔
➋ سیدنا طارق نے مطلقا قنوت کو بدعت نہیں کہا بلکہ فجر کی نماز میں قنوت ہمیشہ پڑھنے کو بدعت کہا۔
➌ اس سے معلوم ہوا کہ بعض اوقات ایک کام اصل میں سنت ہوتا ہے لیکن اسے غلط طریقے سے انجام دینے یا اسے اس کی اصل حیثیت سے گھٹا بڑھا دینے کی وجہ سے وہ بدعت بن جاتا ہے، یعنی اس عمل کی وہ خاص کیفیت بدعت ہوتی ہے اگرچہ اصل عمل بدعت نہ ہو۔
راوئ حدیث:
(سیدنا سعد رحمہ اللہ)
پورا نام بن طارق بن اشیم (احمر کے وزن پر) بن مسعود اشجعی کوفی ہے۔ ان کی کنیت ابومالک تھی۔ ثقہ تابعین میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ 140 ہجری کے آخر میں فوت ہوئے۔
(سیدنا طارق اشجعی رضی اللہ عنہ)
: طارق بن أُشْیّم بن مسعد اشجعی کوفی۔ مشہور صحابی ہیں۔ قلیل الحدیث ہیں۔ ان سے صرف چودہ احادیث نقل کی گئی ہیں۔ اور ان کے بیٹے سعد کے علاوہ ان سے کسی نے روایت نہیں کی۔ کوفیوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 243 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1081 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´قنوت (قنوت نازلہ) چھوڑ دینے کا بیان۔`
ابو مالک اشجعی (سعد) اپنے والد (طارق بن اشیم) سے کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے نماز پڑھی تو آپ نے دعائے قنوت نہیں پڑھی، ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی تو انہوں نے بھی دعائے قنوت نہیں پڑھی، عمر رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی تو انہوں نے بھی دعائے قنوت نہیں پڑھی، عثمان رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی تو انہوں نے بھی دعائے قنوت نہیں پڑھی، اور علی رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی تو انہوں نے بھی دعائے قنوت نہیں پڑھی، پھر انہوں نے کہا: میرے بیٹے! یہ (یعنی: مداومت) بدعت ہے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1081]
1081۔ اردو حاشیہ: ان صحابی کے علم میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور خلفائے راشدین کا قنوت فرمانا نہیں آسکا، اس لیے انہوں نے اسے بدعت قرار دیا۔ یا پھر ان کا مطلب یہ ہے کہ قنوت پر دوام بدعت ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بوقت ضرورت قنوت نازلہ پڑھتے تھے۔ (مزید دیکھیے، حدیث: 1077)
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1081 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 402 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´قنوت نہ پڑھنے کا بیان۔`
ابو مالک سعد بن طارق اشجعی کہتے ہیں کہ میں نے اپنے باپ (طارق بن اشیم رضی الله عنہ) سے عرض کیا: ابا جان! آپ نے رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم، ابوبکر، عمر اور عثمان رضی الله عنہم کے پیچھے نماز پڑھی ہے اور علی رضی الله عنہ کے پیچھے بھی یہاں کوفہ میں تقریباً پانچ برس تک پڑھی ہے، کیا یہ لوگ (برابر) قنوت (قنوت نازلہ) پڑھتے تھے؟ تو انہوں نے کہا: میرے بیٹے! یہ بدعت ہے ۱؎۔ [سنن ترمذي/أبواب السهو/حدیث: 402]
اردو حاشہ:
1؎:
یعنی: اس میں برابر پڑھنا مراد ہے نہ کہ مطلق پڑھنا بدعت مقصود ہے، کیونکہ بوقت ضرورت قنوت نازلہ پڑھنا ثابت ہے جیسا کہ گزرا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 402 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1241 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´نماز فجر میں دعائے قنوت پڑھنے کا بیان۔`
ابومالک سعد بن طارق اشجعی کہتے ہیں کہ میں نے اپنے والد سے کہا: ابا جان! آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پھر ابوبکرو عمر اور عثمان رضی اللہ عنہم کے پیچھے اور کوفہ میں تقریباً پانچ سال تک علی رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی ہے، تو کیا وہ لوگ نماز فجر میں دعائے قنوت پڑھتے تھے؟ انہوں نے کہا: بیٹے یہ نئی بات ہے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1241]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
خاص خاص موقعوں پر فجر کی نماز میں اور دوسری نمازوں میں بھی قنوت پڑھنا مسنون ہے اسے قنوت نازلہ کہتے ہیں۔
جن لوگوں نے قراء صحابہ کرام رضوان للہ عنہم اجمعین کو بلا کر دھوکے سے شہید کردیا تھا۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے خلاف مہینہ بھر قنوت نازلہ پڑھی۔
جیسے کہ حدیث: 1243 میں آ رہا ہے۔ (صحیح البخاري، الجھاد والسیر، باب من ینکب أو یطعن فی سبیل اللہ، حديث: 2801)

(2)
حضرت طارق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مطلقاً قنوت کو بدعت نہیں کہا بلکہ فجر کی نماز میں قنوت ہمیشہ پڑھنے کو بدعت کہا۔
اس سے معلو م ہواکہ ایک کام اصل میں سنت ہوتا ہے۔
لیکن اسے غلط طریقے سے انجام دینے یا اس کو اس کی اصل حیثیت سے گھٹا بڑھا دینے کی وجہ سے وہ بدعت بن جاتا ہے۔
یعنی اس عمل کی وہ خاص کیفیت بدعت ہوتی ہے۔
اگرچہ اصل عمل بدعت نہ ہو۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1241 سے ماخوذ ہے۔