حدیث نمبر: 1329
وعنه رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم : «المؤمن مرآة أخيه المؤمن » أخرجه أبو داود بإسناد حسن.
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’ مومن اپنے مومن بھائی کا آئینہ ہے ۔ “ اس کو ابوداؤد نے روایت کیا ہے ، اس کی سند حسن ہے ۔

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 1329
درجۂ حدیث محدثین: حسن
تخریج حدیث «أخرجه أبوداود، الأدب، باب في النصيحة والحياطة، حديث:4918.»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 4918

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´مکارم اخلاق (اچھے عمدہ اخلاق) کی ترغیب کا بیان`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’ مومن اپنے مومن بھائی کا آئینہ ہے۔ اس کو ابوداؤد نے روایت کیا ہے، اس کی سند حسن ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1329»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، الأدب، باب في النصيحة والحياطة، حديث:4918.»
تشریح: 1. مطلب یہ ہے کہ آئینہ جس طرح اپنے دیکھنے والے کے محاسن اور نقائص بلا کم و کاست اس کے سامنے رکھ دیتا ہے‘ اسی طرح ایک مومن اپنے دوسرے مومن بھائی کے لیے آئینے کا کام دیتا ہے‘ چنانچہ وہ اپنے بھائی کو عیوب اور نقائص پر متنبہ کر کے اسے خبردار کر دیتا ہے کہ اپنی اصلاح کر لے۔
2. یہ کام آئینہ صرف اپنے دیکھنے والے ہی کو بتاتا ہے‘ دوسرے کے روبرو چغلی نہیں کھاتا۔
3.آئینہ اتنا عیب و نقص ہی بتاتا ہے جتنا دیکھنے والے کے چہرے مہرے میں ہوتا ہے‘ اس میں اپنی جانب سے کمی بیشی نہیں کرتا اور اس کے سامنے بیان کرتا ہے‘ اس کی عدم موجودگی اور پیٹھ پیچھے ذکر نہیں کرتا۔
اسی طرح ایک مومن کو اپنے مومن بھائی کے سامنے اس کے عیوب بیان کرنے چاہئیں‘ اس کی عدم موجودگی میں نہیں اور اتنے عیوب ہی بیان کرنے چاہئیں جتنے حقیقت میں اس میں پائے جاتے ہوں‘ اس میں اپنی جانب سے کمی بیشی نہیں کرنی چاہیے۔
4.آئینہ ٹکڑے ٹکڑے ہو کر بھی اپنے دیکھنے والے کے عیوب ہر ٹکڑے میں وہی دکھاتا ہے جو اس میں پائے جاتے ہیں‘ اسی طرح مومن کو اپنے بھائی سے ناراض ہو کر بھی اتنے ہی عیوب بیان کرنے چاہئیں جتنے فی الواقع اس میں پائے جاتے ہوں۔
5.آئینہ ٹوٹ کر اپنی اصلیت کھو نہیں دیتا‘ اسی طرح مومن کو اپنی اصلیت نہیں کھونی چاہیے۔
اور دوسرے مومن کو چاہیے کہ اپنے عیوب پر تنبیہ کو اپنے لیے سچی خیر خواہی اور حقیقی ہمدردی سمجھے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1329 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4918 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´خلوص و خیر خواہی کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مومن مومن کا آئینہ ہے، اور مومن مومن کا بھائی ہے، وہ اس کی جائیداد کی نگرانی کرتا اور اس کی غیر موجودگی میں اس کی حفاظت کرتا ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4918]
فوائد ومسائل:
مسلمان بھائی کے عیوب کی تشہیر کرنا جائز نہیں، البتہ خا موشی کے ساتھ مناسب انداز میں فہمائش ضرور کر دے تاکہ وہ اپنی اصلاح کر لے۔
نیز اس کی حاضری یا غیر حاضری میں ہر طرح سے اس کی خیر خواہی کرنا واجب ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4918 سے ماخوذ ہے۔