حدیث نمبر: 13
وعن أبي واقد الليثي رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم : « ما قطع من البهيمة ،‏‏‏‏ وهي حية ،‏‏‏‏ فهو ميت » . أخرجه أبو داود والترمذي ،‏‏‏‏ وحسنه واللفظ له.
ترجمہ:مولانا عبدالعزیز علوی

´سیدنا ابوواقد لیثی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” زندہ جانور میں سے جو کچھ کاٹ لیا جائے وہ مردار ہے ۔ “
اسے ابوداؤد اور ترمذی نے روایت کیا ہے اور یہ الفاظ ترمذی کے ہیں اور ترمذی نے اس حدیث کو حسن قرار دیا ہے ۔

حوالہ حدیث بلوغ المرام / حدیث: 13
درجۂ حدیث محدثین: حسن
تخریج حدیث «أخرجه أبوداود، الصيد، باب إذا قطع من الصيد قطعة، حديث:2858، والترمذي، الصيد، حديث: 1480.»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 1480 | سنن ابي داود: 2858

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری
´زندہ جانوروں سے کچھ گوشت کاٹنا`
«. . . قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: ‏‏‏‏ما قطع من البهيمة،‏‏‏‏ وهي حية،‏‏‏‏ فهو ميت . . .»
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا زندہ جانور میں سے جو کچھ کاٹ لیا جائے وہ مردار ہے . . . [بلوغ المرام/كتاب الطهارة: 13]
لغوی تشریح:
«مَا قُطِعَ» یہاں «مَا» موصولہ ہے اور «قُطِعَ» فعل ماضی مجہول ہے، یعنی جو کچھ زندہ جانور کے جسم سے کاٹ لیا گیا۔
«الْبَهِيمَةِ» ہر چار پاؤں والا جانور، مگر چیر پھاڑ کرنے والا نہ ہو۔
«وَهِيَ حَيَّةٌ» اس میںواؤ حالیہ ہے، یعنی اس حال میں کہ اسے ذبح نہ کیا گیا ہو بلکہ زندہ ہو۔
«فَهُوَ» سے مراد وہ ٹکڑا ہے جو زندہ جانور سے کاٹ کر الگ کر لیا گیا ہو۔
«مَيِّتٌ» وہ مردہ کے حکم میں ہے، اس کا کھانا حرام ہے اور وہ نجس ہے۔ اور پانی وغیرہ کو نجس کر دینے والے باقی نجاسات کے حکم میں یہ بھی شامل ہے۔
فائدہ:
اہل جاہلیت زندہ جانوروں سے کچھ گوشت کاٹ کر کھایا کرتے تھے۔ اس حدیث میں ان کے اس فعل شنیع کا رد ہے اور یہ کہ ایسا کاٹا ہوا گوشت مردار اور پلید ہے، لہٰذا اس کا کھانا حرام ہے۔
راوئ حدیث:
سیدنا ابوواقد لیثی رضی اللہ عنہ: ابوواقد کنیت ہے، اصل نام حارث بن عوف ہے۔ بنو عامر بن لیث کی طرف منسوب ہیں، اس لئے لیثی کہلائے۔ قدیم الاسلام ہیں۔ ان کا شمار اہل مدینہ میں ہوتا ہے۔ ایک قول کے مطابق یہ غزوہ بدر میں شریک تھے۔ مکہ کے پڑوس میں رہائش اختیار کرلی۔ 65 یا 68 ہجری میں وفات پائی۔ ان کی عمر 75 یا 85 برس تھی۔ فخ مقام میں مقبرہ مہاجرین میں دفن کیے گئے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 13 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1480 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´زندہ جانور سے کاٹا ہوا گوشت مردار کے حکم میں ہے۔`
ابوواقد حارث بن عوف لیثی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے، وہاں کے لوگ (زندہ) اونٹوں کے کوہان اور (زندہ) بکریوں کی پٹھ کاٹتے تھے، آپ نے فرمایا: زندہ جانور کا کاٹا ہوا گوشت مردار ہے ۱؎۔ اس سند سے بھی اسی جیسی حدیث مروی ہے۔ [سنن ترمذي/كتاب الصيد والذبائح/حدیث: 1480]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی ذبح کیے بغیر زندہ جانور کا وہ حصہ جو کاٹا گیا ہے اسی طرح حرام اور ناجائز ہے جس طرح دوسرے مردہ جانور حرام ہیں، اس لیے اس کاٹے گئے حصہ کا کھانا جائز نہیں، یہ طریقہ زمانہ جاہلیت کا تھا، آپ ﷺ نے اس سے منع فرما دیا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1480 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2858 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´زندہ شکار (جانور) کے جسم سے کوئی حصہ کاٹ لیا جائے اس کے حکم کا بیان۔`
ابوواقد لیثی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: زندہ جانور کے بدن سے جو چیز کاٹی جائے وہ مردار ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الصيد /حدیث: 2858]
فوائد ومسائل:
یعنی عرب کے متعلق آتا ہے۔
کہ وہ دنبے کی چکتی کاٹ لیتے۔
اور زخم پر دوا لگا دیتے۔
اس طرح جانور بھی زندہ رہتا اورگوشت بھی کھا لیتے۔
تو شریعت نے اس کو مردار فرمایا ہے۔
یعنی حرام ہے۔
اور کتاب الصید میں اس حدیث کا تعلق یوں ہے۔
کہ اگر شکاری کتے نے یا تیر اور گولی وغیرہ نے جانور کا کوئی حصہ علیحدہ کر دیا گیا ہو اگر اسی حالت میں جان نکل گئی ہو تو دونوں ٹکڑے حلال ہیں۔
لیکن اگر روح نہیں نکلی اور کوئی حصہ الگ ہوچکا ہو۔
اور پھر اسے ذبح کی جا رہا ہو تو ذبح سے پہلے علیحدہ ہوجانے والا حصہ کھانے میں احتیاط کرنی چاہیے۔
ورنہ نشانہ مارتے ہوئے بسم اللہ تو پڑھی جا چکی ہے۔
اسے بھی کھایا جا سکتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2858 سے ماخوذ ہے۔