صحيح البخاري
كتاب الأذان (صفة الصلوة)— کتاب: اذان کے مسائل کے بیان میں («صفة الصلوة»)
بَابُ إِتْمَامِ التَّكْبِيرِ فِي السُّجُودِ: باب: سجدے کے وقت بھی پورے طور پر تکبیر کہنا۔
حَدَّثَنَا أَبُو النُّعْمَانِ ، قَالَ : حَدَّثَنَا حَمَّادٌ ، عَنْ غَيْلَانَ بْنِ جَرِيرٍ ، عَنْ مُطَرِّفِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، قَالَ : " صَلَّيْتُ خَلْفَ عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَا وَعِمْرَانُ بْنُ حُصَيْنٍ ، فَكَانَ إِذَا سَجَدَ كَبَّرَ وَإِذَا رَفَعَ رَأْسَهُ كَبَّرَ وَإِذَا نَهَضَ مِنَ الرَّكْعَتَيْنِ كَبَّرَ ، فَلَمَّا قَضَى الصَّلَاةَ أَخَذَ بِيَدِي عِمْرَانُ بْنُ حُصَيْنٍ ، فَقَالَ : قَدْ ذَكَّرَنِي هَذَا صَلَاةَ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، أَوْ قَالَ لَقَدْ صَلَّى بِنَا صَلَاةَ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " .´ہم سے ابوالنعمان محمد بن فضل نے بیان کیا ، انہوں نے کہا کہ ہم سے حماد بن زید نے بیان کیا ، انہوں نے غیلان بن جریر سے بیان کیا ، انہوں نے مطرف بن عبداللہ بن شخیر سے ، انہوں نے کہا کہ` میں نے اور عمران بن حصین نے علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی ۔ تو وہ جب بھی سجدہ کرتے تو تکبیر کہتے ۔ اسی طرح جب سر اٹھاتے تو تکبیر کہتے ۔ جب دو رکعات کے بعد اٹھتے تو تکبیر کہتے ۔ جب نماز ختم ہوئی تو عمران بن حصین نے میرا ہاتھ پکڑ کر کہا کہ علی رضی اللہ عنہ نے آج محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز یاد دلائی ، یا یہ کہا کہ اس شخص نے ہم کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کی طرح آج نماز پڑھائی ۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
رسول اللہ ﷺ کی وفات سے کچھ عرصہ بعد حضرت عثمان ؓ کی خلافت میں ائمۂ مساجد نے نماز پڑھتے وقت تکبیرات انتقال کو ترک کر دیا تھا جیسا کہ حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ کی روایت میں ہے کہ حضرت علی ؓ نے ہمیں وہ نماز یاد دلا دی جو ہم رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ ادا کرتے تھے۔
ہم نے ان تکبیرات انتقال کو بھلا دیا تھا یا دانستہ طور پر چھوڑ بیٹھے تھے۔
(فتح الباري: 349/2) (2)
ترک کا سبب یہ ہوا کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی آواز طبعی حیا کی وجہ سے پست تھی یا بڑھاپے کی بنا پر کمزور ہو گئی تھی، چنانچہ نماز پڑھاتے وقت لوگوں کو ان کی تکبیرات سنائی نہیں دیتی تھیں جس سے یہ خیال کر لیا گیا کہ نماز میں تکبیرات انتقال ضروری نہیں۔
(3)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے حضرت عثمان اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہما اور جناب زیاد کے ترک تکبیرات کے متعلق روایات پیش کی ہیں، مزید لکھا ہے کہ زیاد نے حضرت معاویہ ؓ کو دیکھ کر تکبیرات کو ترک کیا اور حضرت معاویہ نے حضرت عثمان ؓ کو دیکھ کر انہیں نظر انداز کر دیا۔
(فتح الباري: 349/2) (4)
اس دور میں تکبیرات انتقال کے ترک سے مراد مطلق طور پر تکبیرات چھوڑ دینا نہیں بلکہ بآواز بلند ترک کر دینا ہے، البتہ امام طحاوی نے کچھ لوگوں کے متعلق نقل کیا ہے کہ وہ رکوع اور سجدے میں جاتے وقت تکبیرات نہیں کہا کرتے تھے۔
بہرحال جمہور کے نزدیک تکبیر تحریمہ واجب اور باقی تمام تکبیرات مستحب ہیں، لیکن ہمارے نزدیک راجح بات یہ ہے کہ تمام تکبیرات واجب ہیں کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ان کا ترک ثابت نہیں بلکہ آپ ہمیشہ انہیں کہتے رہے ہیں۔
آپ کا فرمان گرامی ہے کہ تم اسی طرح نماز پڑھو جس طرح تم نے مجھے نماز پڑھتے دیکھا ہے۔
اس دور آخر میں صرف اپنے اپنے فرضی اماموں کی تقلید کا جذبہ باقی رہ گیا ہے حالانکہ ایک مسلمان کا اولین مقصد سنت نبوی کی تلاش ہونا چا ہیے۔
ہمارے امام ابو حنیفہ ؒ نے صاف فرمادیا ہے کہ ہر وقت صحیح حدیث کی تلاش میں رہو اگر میرا کوئی مسئلہ حدیث کے خلاف نظر آئے تو اسے چھوڑ دو اورصحیح حدیث نبوی پر عمل کرو۔
حضرت امام کی اس پاکیزہ وصیت پر عمل کرنے والے آج کتنے ہیں؟ یہ ہر سمجھ دار مسلمان کے غور کرنے کی چیز ہے یونہی لکیر کے فقیر ہو کر رسمی نمازیں ادا کرتے رہنا اور سنت نبوی کو تلاش نہ کرنا کسی بابصیرت مسلمان کا کام نہیں۔
وقفنا اللہ لما یحب ویرضی۔
(1)
حافظ ابن حجر ؒ نے زین بن منیر کے حوالے سے لکھا ہے کہ امام بخاری ؒ نے عنوان اور حضرت ابن زبیر ؓ کے عمل سے مذکورہ احادیث کی وضاحت کی ہے کہ تکبیر کی ابتدا دو رکعت سے فراغت کے بعد اٹھتے وقت ہی ہو جانی چاہیے کیونکہ یہ احادیث اس کے متعلق صریح نہیں ہیں۔
(فتح الباري: 3939/2)
دراصل شارع کا منشا یہ ہے کہ جب نماز میں ایک رکن سے دوسرے رکن کی طرف انتقال ہو تو حرکت انتقال اللہ کے ذکر سے معمور ہونی چاہیے۔
امام بخاری ؒ نے اس عنوان اور احادیث سے ثابت کیا ہے کہ دو رکعت سے فراغت کے بعد تیسری رکعت کے لیے اٹھتے وقت ہی اللہ اکبر شروع کر دیا جائے۔
(2)
اس سے مالکیہ کا رد مقصود ہے جن کا موقف ہے کہ جب نمازی سیدھا کھڑا ہو جائے تو پھر "اللہ أکبر" کہے۔
ان کے موقف کے مطابق آخری دونوں رکعات کا پہلی دو رکعات سے تشاکل ہو جائے گا لیکن امور شرعیہ کا مدار یہ نہیں ہے۔
اس کے لیے اسلاف کا تعامل بھی دیکھنا چاہیے اور وہ مالکیہ کے موقف کے برعکس ہے۔
واللہ أعلم۔
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ، ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ، شافعی رحمۃ اللہ علیہ، اور احمد رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک تکبیر تحریمہ واجب فرض ہے اور باقی تکبیریں بھی ان کے نزدیک واجب (فرض)
ہیں اور باقی کے نزدیک سنت، اور امام اوزاعی رحمۃ اللہ علیہ اور حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ وغیرہما کے نزدیک سب تکبرات سنت ہیں صحیح احادیث کا تقاضا تو یہی ہے کہ سب تکبرات کو واجب کہا جائے۔
(2)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث 28 سے ثابت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سَمِعَ اللہُ لِمَن حَمِدَہ کے بعد قومہ میں دعا پڑھتے تھے اور اس کو منفرداً (تنہا)
نماز پڑھنے پر محمول کرنا، تاویل بعید ہے۔
اس لیے امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کا موقف صحیح ہے کہ امام ہو یا منفرد یا مقتدی، تسمیع کے بعد دعائیہ کلمات پڑھے گا یہ موقف درست نہیں ہے کہ امام صرف سمع اللہ کہے گا۔
اور مقتدی صرف دعائیہ کلمات کہے گا۔
اور اس کے لیے: (إِذَا قَالَ الإِمَامُ: سَمِعَ اللهُ لِمَن حَمِدَه، فَقُولُوا: اللهم رَبَّنَا لَكَ الحَمدُ)
سے استدلال درست نہیں ہے۔
اس کا مقصد تو یہ ہے کہ دعائیہ کلمات تسمع کے بعد کہے جائیں گے، استدلال کی ضرورت تو وہاں ہوتی ہے جہاں صراحت نہ ہو، ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت میں صراحت ہے یہ تو ایسے ہی ہے کوئی کہے: (إِذَا قَالَ الْإِمَامُ (غَيْرِالْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَاالضَّالِّينَ فَقُولُوا: آمِينَ)
کہ امام آمین نہیں کہے گا۔
مطرف کہتے ہیں میں نے اور عمران بن حصین رضی اللہ عنہما نے علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی تو جب وہ سجدہ کرتے تو «الله اكبر» کہتے، جب رکوع کرتے تو «الله اكبر» کہتے اور جب دو رکعت پڑھ کر تیسری کے لیے اٹھتے تو «الله اكبر» کہتے، جب ہم فارغ ہوئے تو عمران رضی اللہ عنہ نے میرا ہاتھ پکڑا اور کہا: ابھی انہوں نے ایسی نماز پڑھی ہے (راوی کو شک ہے) یا ابھی ہمیں ایسی نماز پڑھائی ہے، جیسے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز ہوتی تھی۔ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 835]
دراصل لوگوں نے تکبیرات انتقال کہنی چھوڑ دی تھیں، تو حضرت عمران رضی اللہ عنہ نے اسی سنت کی طرف اشارہ فرمایا۔
مطرف بن عبداللہ کہتے ہیں کہ علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے نماز پڑھی، تو وہ ہر جھکنے اور اٹھنے میں اللہ اکبر کہتے تھے، اور تکبیر پوری کرتے تھے (اس میں کوئی کمی نہیں کرتے تھے) تو عمران بن حصین رضی اللہ عنہما نے کہا: اس شخص نے مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز یاد دلا دی۔ [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1181]
مطرف کہتے ہیں کہ میں نے اور عمران بن حصین رضی اللہ عنہما دونوں نے علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے پیچھے نماز پڑھی، جب وہ سجدہ کرتے تو اللہ اکبر کہتے، اور جب سجدہ سے اپنا سر اٹھاتے تو اللہ اکبر کہتے، اور جب دو رکعتیں پڑھ کر اٹھتے تو اللہ اکبر کہتے، جب وہ نماز پڑھ چکے تو عمران رضی اللہ عنہ نے میرا ہاتھ پکڑا اور کہا: انہوں نے مجھے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز یاد دلا دی۔ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1083]
➋ حضرت علی بن ابوطالب رضی اللہ عنہ کی فضیلت ثابت ہوتی ہے کہ وہ کس قدر سنت نبوی کے محافظ اور عامل تھے کہ جب اکثر لوگ تکبیرات انتقال چھوڑ چکے تھے بلکہ بعض ان کی مشروعیت کا انکار بھی کرتے تھے، ایسے وقت میں انہوں نے ان کا احیا (انہیں زندہ) کیا۔