صحيح البخاري
كتاب التوحيد— کتاب: اللہ کی توحید اس کی ذات اور صفات کے بیان میں
بَابُ ذِكْرِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَرِوَايَتِهِ عَنْ رَبِّهِ: باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا اپنے رب سے روایت کرنا۔
حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ الرَّحِيمِ ، حَدَّثَنَا أَبُو زَيْدٍ سَعِيدُ بْنُ الرَّبِيعِ الْهَرَوِيُّ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ أَنَسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَرْوِيهِ عَنْ رَبِّهِ ، قَالَ : " إِذَا تَقَرَّبَ الْعَبْدُ إِلَيَّ شِبْرًا تَقَرَّبْتُ إِلَيْهِ ذِرَاعًا ، وَإِذَا تَقَرَّبَ مِنِّي ذِرَاعًا تَقَرَّبْتُ مِنْهُ بَاعًا ، وَإِذَا أَتَانِي مَشْيًا أَتَيْتُهُ هَرْوَلَةً " .´مجھ سے محمد بن عبدالرحیم نے بیان کیا ، کہا ہم سے ابوزید بن ربیع ہروی نے ، کہا ہم سے شعبہ نے ، ان سے قتادہ نے اور ان سے انس رضی اللہ عنہ نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے رب سے روایت کیا کہ اللہ پاک فرماتا ہے کہ جب بندہ مجھ سے ایک بالشت قریب ہوتا ہے تو میں ایک ہاتھ اس سے قریب ہوتا ہوں اور جب بندہ مجھ سے ایک ہاتھ قریب ہوتا ہے تو میں اس سے دو ہاتھ قریب ہوتا ہوں اور جب وہ میرے پاس پیدل چل کر آتا ہے تو میں دوڑ کر آ جاتا ہوں ۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں، آپ ﷺ اپنے رب سے روایت کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”جب بندہ مجھ سے ایک بالشت میرے قریب ہوتا ہے تو میں ایک ہاتھ اس کے قریب ہوتا ہوں اور جب بندہ ایک ہاتھ میرے قریب ہوتا ہے تو میں اس کے دو ہاتھ قریب ہوتا ہوں اور جب وہ میرے پاس پیدل چل کر آتا ہے تو میں اس کی طرف دوڑ کر آتا ہوں۔“
تشریح، فوائد و مسائل
1۔
بندہ جب اللہ تعالیٰ کے قریب ہوتا ہے تو ضروری نہیں کہ وہ اپنے بدن کی حرکت سے اللہ تعالیٰ کے قریب ہوتا ہو بلکہ وہ انابت، رجوع الی اللہ، دل کی توجہ، اور اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ کے قریب ہوتا ہے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’بندہ بحالت سجدہ اپنے رب کے بہت قریب ہوتا ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، الذکر والدعاء، حدیث: 1083(482)
اسی طرح اللہ تعالیٰ کے بندے کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے عرش سے نیچے اتر کر بندے کے قریب ہوتا ہے بلکہ وہ عرش پر مستوی رہتے ہوئے اپنے بندے کے قریب ہوتا ہے۔
وَمَا ذَٰلِكَ عَلَى اللَّهِ بِعَزِيزٍ۔
2۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصود یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے رب کا کلام بیان کیا ہے، خواہ وہ کلام حضرت جبرئیل علیہ السلام کے واسطے سے تھا یا براہ راست رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر اس کا القا ہوا۔
صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے اس کلام کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دہن مبارک سے سماعت کیا اور اس امر کی تصدیق کی کہ واقعی یہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہے جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بیان کر رہے ہیں۔
اس وضاحت سے روایت اور مروی، نیز تلاوت اور متلو میں فرق واضح ہوا۔
وھو المقصود۔
باع: بوع اوربوع تینوں کا معنی اپنے دونوں ہاتھوں کے پھیلاؤ کے برابر ہے، جس کو چار ہاتھ کے برابر قرار دیا جاتا ہے۔