صحيح البخاري
كتاب التوحيد— کتاب: اللہ کی توحید اس کی ذات اور صفات کے بیان میں
بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «رَجُلٌ آتَاهُ اللَّهُ الْقُرْآنَ فَهْوَ يَقُومُ بِهِ آنَاءَ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ، وَرَجُلٌ يَقُولُ لَوْ أُوتِيتُ مِثْلَ مَا أُوتِيَ هَذَا فَعَلْتُ كَمَا يَفْعَلُ»: باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد کہ ایک شخص جسے اللہ نے قرآن کا علم دیا اور رات اور دن اس میں مشغول رہتا ہے، اور ایک شخص ہے جو کہتا ہے کہ کاش مجھے بھی اسی جیسا قرآن کا علم ہوتا تو میں بھی ایسا ہی کرتا جیسا کہ یہ کرتا ہے۔
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ ، حَدَّثَنَا جَرِيرٌ ، عَنْ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " لَا تَحَاسُدَ إِلَّا فِي اثْنَتَيْنِ : رَجُلٌ آتَاهُ اللَّهُ الْقُرْآنَ فَهُوَ يَتْلُوهُ آنَاءَ اللَّيْلِ وَآنَاءَ النَّهَارِ ، فَهُوَ يَقُولُ : لَوْ أُوتِيتُ مِثْلَ مَا أُوتِيَ هَذَا لَفَعَلْتُ كَمَا يَفْعَلُ ، وَرَجُلٌ آتَاهُ اللَّهُ مَالًا فَهُوَ يُنْفِقُهُ فِي حَقِّهِ ، فَيَقُولُ : لَوْ أُوتِيتُ مِثْلَ مَا أُوتِيَ عَمِلْتُ فِيهِ مِثْلَ مَا يَعْمَلُ " .´ہم سے قتیبہ بن سعید نے بیان کیا ، کہا ہم سے جریر نے بیان کیا ، ان سے اعمش نے ، ان سے ابوصالح نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” رشک صرف دو آدمیوں پر کیا جا سکتا ہے ، ایک اس پر جسے اللہ نے قرآن کا علم دیا اور وہ اس کی تلاوت رات دن کرتا ہے تو ایک دیکھنے والا کہتا ہے کہ کاش مجھے بھی اسی جیسا قرآن کا علم ہوتا تو میں بھی اس کی طرح تلاوت کرتا رہتا اور دوسرا وہ شخص ہے جسے اللہ نے مال دیا اور وہ اسے اس کے حق میں خرچ کرتا ہے جسے دیکھنے والا کہتا ہے کہ کاش مجھے بھی اللہ اتنا مال دیتا تو میں بھی اسی طرح خرچ کرتا جیسے یہ کرتا ہے ۔ “
تشریح، فوائد و مسائل
1۔
اس حدیث میں قرآن مجید کے متعلق لفظ لَيْتَ استعمال نہیں ہوا جو تمنا اور آرزو کے لیے مختص ہے اور نہ علم ہی کا کوئی ذکر ہے، تاہم امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی عادت کے مطابق دوسری روایات کی طرف اشارہ کیا ہے، چنانچہ ایک روایت میں ہے: ’’صاحب قرآن جب قرآن کی تلاوت کرتا ہے تو اس کا پڑوسی تلاوت سننے کے بعد کہتا ہے: کاش! مجھے بھی قرآن کی نعمت مل جائے جس طرح اسے ملی ہے۔
‘‘ (صحیح البخاري، فضائل القرآن، حدیث: 5026)
اس روایت میں لفظ لیت استعمال ہوا ہے جو تمنی کے لیے مختص ہے۔
اسی طرح کی ایک روایت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے بھی مروی ہے۔
(صحیح البخاري، فضائل القرآن، حدیث: 5025)
2۔
اگرچہ اس حدیث میں علم کا ذکر نہیں ہے لیکن امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ایک دوسری حدیث کی طرف اشارہ کیا ہے جسے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک وہ آدمی جسے حکمت دی گئی ہو وہ اس کے ذریعے سے فیصلے کرتا ہے اور لوگوں کو اس کی تعلیم دیتا ہے۔
(صحیح البخاري، العلم، حدیث: 73)
اس حدیث میں حکمت سے مراد علم ہے، چنانچہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث پر علم کا عنوان قائم کیا ہے۔
حسد یہ ہے کہ دوسرے کی نعمت کا زوال چاہے۔
حسد بہت ہی برا مرض ہے جو انسان کو اور اس کی جملہ نیکیوں کو گھن کی طرح کھا جاتا ہے۔
1۔
ان احادیث میں حسد رشک کے معنی میں استعمال ہوا ہے ان دونوں میں فرق یہ ہے کہ حسد میں دوسرے شخص کے پاس پائی جانے والی نعمت کے ختم ہو جانے کی کواہش ہوتی ہے جبکہ رشک میں دوسرے شخص کے پاس موجود نعمت کے ختم ہونے کی آرزو نہیں ہوتی بلکہ یہ خواہش ہوتی ہے کہ ایسی نعمت مجھے بھی مل جائے۔
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی حدیث میں ہے کہ ایک وہ آدمی قابل رشک ہے جسے اللہ تعالیٰ نے حکمت و دانائی سے نوازا ہو وہ اس کے مطابق فیصلہ کرتا ہے اور لوگوں کو اس کی تعلیم دیتا ہے۔
(صحیح البخاري، العلم، حدیث’ 73)
2۔
بہر حال امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے مذکورہ عنوان سے یہ اشارہ دیا ہے کہ حدیث میں حسد رشک کے معنی میں ہے اور اسے بطور مبالغہ حسد سے تعبیر کیا گیا ہے۔
یعنی قرآن اور مال کے علاوہ کوئی چیز قابل رشک نہیں ہے۔
گویا رشک کے قابل صرف یہی دو چیزیں ہیں واللہ اعلم۔
3۔
حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ قرآن اور مال دونوں ایسی چیزیں ہیں کہ اگر ان کا حصول کسی مذموم طریقے کے بغیر ممکن نہ ہو تو بھی انھیں ضرور حاصل کرنا چاہیے۔
اور جب اچھے طریقے سے ان کا حاصل کرنا ممکن ہو پھرتو بہت زیادہ کوشش کرنی چاہیے۔
(فتح الباري: 92/9)
انھوں نے حسد کو اپنے معنی میں ہی استعمال کیا ہے۔