صحيح البخاري
كتاب التوحيد— کتاب: اللہ کی توحید اس کی ذات اور صفات کے بیان میں
بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {يُرِيدُونَ أَنْ يُبَدِّلُوا كَلاَمَ اللَّهِ} : باب: اللہ تعالیٰ کا (سورۃ الفتح) ارشاد ”یہ گنوار چاہتے ہیں کہ اللہ کا کلام بدل دیں“۔
حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ ، حَدَّثَنِي مَالِكٌ ، عَنْ أَبِي الزِّنَادِ ، عَنْ الْأَعْرَجِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : قَالَ : " رَجُلٌ لَمْ يَعْمَلْ خَيْرًا قَطُّ فَإِذَا مَاتَ ، فَحَرِّقُوهُ وَاذْرُوا نِصْفَهُ فِي الْبَرِّ وَنِصْفَهُ فِي الْبَحْرِ ، فَوَاللَّهِ لَئِنْ قَدَرَ اللَّهُ عَلَيْهِ لَيُعَذِّبَنَّهُ عَذَابًا لَا يُعَذِّبُهُ أَحَدًا مِنَ الْعَالَمِينَ ، فَأَمَرَ اللَّهُ الْبَحْرَ ، فَجَمَعَ مَا فِيهِ وَأَمَرَ الْبَرَّ ، فَجَمَعَ مَا فِيهِ ، ثُمَّ قَالَ : لِمَ فَعَلْتَ ؟ ، قَالَ : مِنْ خَشْيَتِكَ وَأَنْتَ أَعْلَمُ فَغَفَرَ لَهُ " .´ہم سے اسماعیل بن ابی اویس نے بیان کیا ، کہا مجھ سے امام مالک نے بیان کیا ، ان سے ابوالزناد نے ، ان سے اعرج نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” ایک شخص نے جس نے ( بنی اسرائیل میں سے ) کوئی نیک کام کبھی نہیں کیا تھا ، وصیت کی کہ جب وہ مر جائے تو اسے جلا ڈالیں اور اس کی آدھی راکھ خشکی میں اور آدھی دریا میں بکھیر دیں کیونکہ اللہ کی قسم اگر اللہ نے مجھ پر قابو پا لیا تو ایسا عذاب مجھ کو دے گا جو دنیا کے کسی شخص کو بھی وہ نہیں دے گا ۔ پھر اللہ نے سمندر کو حکم دیا اور اس نے تمام راکھ جمع کر دی جو اس کے اندر تھی ۔ پھر اس نے خشکی کو حکم دیا اور اس نے بھی اپنی تمام راکھ جمع کر دی جو اس کے اندر تھی ۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اس سے پوچھا تو نے ایسا کیوں کیا تھا ؟ اس نے عرض کیا اے رب ! تیرے خوف سے میں نے ایسا کیا اور تو سب سے زیادہ جاننے والا ہے ۔ پس اللہ تعالیٰ نے اس کو بخش دیا ۔ “
تشریح، فوائد و مسائل
اہل توحید کےلیے مغفرت کی بڑی امید ہے۔
آدی کو چاہیے کہ شرک سے ہمشہ بچتا رہے اور توحید پر قائم رہے اگرشرک پرمرا تومغفرت کی امید بالکل نہیں ہے۔
قبروں کو پوجنا، تعزیوں اور جھنڈوں کے آگےسر جھکانا، مزرات کا طواف کرنا، کسی خواجہ وقطب کی نذر ونیاز کرنا، یہ سارے شرکیہ افعال ہیں اللہ ان سب سے بچائے آمین۔
۔
وہ شخص بنی اسرائیل میں کفن چور تھا جو قبروں سے مُردوں کے کفن اتارلیا کرتا تھا۔
اگر سوال کیاجائے کہ وہ شخص مومن تھا یا کافر؟ اگر مومن تھا تو اس نے اللہ تعالیٰ کی قدرت میں شک کیوں کیا؟ اگر کافر تھا تو اس کی مغفرت کس طرح ہوئی؟اس کا جواب یہ ہے کہ وہ مومن تھا اور دہشت زدہ ہوکر اس نے یہ اقدام کیا۔
اس کے مومن ہونے کی دلیل یہ ہے کہ اس نے کہا: اے اللہ! میں نے تیرے خوف سے ایسا کیا تھا۔
(عمدة القاري: 684/16)
2۔
بہرحال اہل توحید کے لیے مغفرت کی بڑی اُمید ہے۔
آدمی کو چاہیے کہ وہ شرک سے اپنا دامن بچائے رکھے اور توحید پر قائم رہے۔
شرک ایسی بدترین نحوست ہے کہ اگر اس پر موت آجائےتو بخشش کی بالکل امید نہیں۔
اس حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہوا، سمندر اور مرنے والے سے گفتگو کی اور یہ گفتگو بھی آواز و حروف پر مشتمل تھی اورقرآن کریم کے علاوہ تھی۔
افسوس ہے ان لوگوں پر جو اس کا انکار کرتے ہیں یا دو راز کار تاویلوں کا سہارا لیتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ کی قدرت کے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کرنا کفر ہے لیکن مذکورہ شخص نے اللہ کی قدرت کے متعلق شک کا اظہار کیا اس کے باوجود اسے معاف کردیا گیا کیونکہ یہ شک شدت غم کی وجہ سے تھا۔
کسی کو کافر قرار دینے کے لیے یہ ایک مانع ہے جس طرح شدت خوشی بھی کسی کو کافر قرار دینے کے لیے ایک رکاوٹ ہے جیسا کہ صحیح مسلم کی حدیث ہے۔
ایک آدمی جنگل میں اپنی سواری زادِراہ سمیت گم کر بیٹھا جب اچانک وہ اسے ملی تو شدت خوشی کی بنا پر اس نے کہا: (اللهم أنت عبدي وأنا ربك)
’’یعنی اے اللہ! تو میرا بندہ اور میں تیرا رب ہوں۔
‘‘ (صحیح مسلم، التوبة، حدیث: 6960(2747)
بظاہر یہ کفریہ کلمہ ہے لیکن شدت خوشی کی بنا پر اس سے سر زد ہوا اس لیے اس سے اللہ نے درگزر کیا۔
واللہ أعلم۔
راشه: اس کو عطا کیا، اگرراسه تو معنی ہوگا، (مال اور اولاد کا)
سرداربنایا۔
ابتئر: اور ہمزہ کوہاء سے بدل دیتے ہیں، ابتهر، جمع کیا، ذخیرہ کیا، یعنی آگے بھیجا۔
فما تلافاه غيرها: اس کے گناہوں کی تلافی اور ازالہ خوف الٰہی ہی نے کیا۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کہتے سنا: ” ایک بندے نے اپنے اوپر (بڑا) ظلم کیا، یہاں تک کہ موت (کا وقت) آپ پہنچا، تو اس نے اپنے گھر والوں سے کہا: جب میں مر جاؤں تو مجھے جلا دینا، پھر مجھے پیس ڈالنا، کچھ ہوا میں اڑا دینا اور کچھ سمندر میں ڈال دینا، اس لیے کہ اللہ کی قسم! اگر اللہ تعالیٰ مجھ پر قادر ہوا تو ایسا (سخت) عذاب دے گا کہ ویسا عذاب اپنی کسی مخلوق کو نہیں دے گا “، تو اس کے گھر والوں نے ایسا ہی کیا، الل۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 2081]
(2) ”معاف کر دیا“ اس کی جہالت کو عذر قرار دیا، نیز اس کی نیت تو اللہ تعالیٰ کے عذاب سے بچنے ہی کی تھی اگرچہ طریقہ غلط تھا۔ معلوم ہوا عمل کے بجائے نیت کا اعتبار زیادہ ہوتا ہے۔ نیت غلط ہو اور عمل صحیح تو عمل غیر معتبر ہوتا ہے، جیسے دکھلاوے کی نماز، لیکن اگر نیت صحیح ہو، عمل غلط ہو جائے تو ثواب مل جاتا ہے، جیسے حق کی تلاش کرنے والے مجتہد کو حق نہ بھی مل سکے تب بھی وہ ثواب کا مستحق ہوتا ہے۔
(3) حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کافر نہ تھا، قابل معافی تھا ورنہ کفر اور شرک تو کسی صورت بھی معاف نہیں ہوسکتا۔ گناہوں کا احساس اور خوف بھی ایمان کی علامت ہے۔
(4) موت کے بعد اٹھنے کا اثبات ہوتا ہے۔
(5) اللہ تعالیٰ کی عظیم قدرت معلوم ہوتی ہے۔
(6) اللہ تعالیٰ سے ڈرنے کی فضیلت کا پتا چلتا ہے۔
(7) اللہ کی رحمت بہت وسیع ہے۔
«. . . 337- وبه: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: ”قال رجل لم يعمل حسنة قط لأهله: إذا هو مات فأحرقوه، ثم اذروا نصفه فى البر ونصفه فى البحر؛ فوالله، لئن قدر الله عليه ليعذبنه عذابا لا يعذبه أحدا من العالمين. فلما مات الرجل فعلوا ما أمرهم فأمر الله البر فجمع ما فيه، وأمر البحر فجمع ما فيه، ثم قال: لم فعلت هذا؟ فقال: من خشيتك يا رب، وأنت أعلم، قال: فغفر الله له.“ . . .»
”. . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ایک آدمی جس نے کبھی کوئی نیکی نہیں کی تھی، اپنے گھر والوں سے کہا: اگر وہ مر جائے تو اسے جلا دیں، پھر اس کی آدھی راکھ خشکی اور آدھی سمندر میں اڑا دیں کیونکہ اگر اللہ نے اس پر سختی (باز پرس) کی تو اسے ایسا عذاب دے گا جو اس نے اپنی مخلوقات میں سے کسی کو نہیں دیا۔ پھر جب وہ آدمی مر گیا تو انہوں نے وہی کیا جس کا اس نے حکم دیا تھا پھر اللہ نے خشکی کو حکم دیا تو اس نے اس آدمی کے ذرات اکٹھے کر لئے اور سمندر کو حکم دیا تو اس نے (بھی) اس آدمی کے ذرات اکٹھے کر لئے پھر اللہ نے فرمایا: تو نے یہ کیوں کیا ہے؟ تو اس نے کہا: اے رب! تو جانتا ہے کہ میں نے یہ تیرے ڈر کی وجہ سے کیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تو اللہ نے اسے بخش دیا۔“ . . .“ [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 226]
[وأخرجه البخاري 7506، ومسلم 2756، من حديث مالك به]
تفقه:
➊ اس روایت میں مذکورہ شخص نے اللہ تعالیٰ کی قدرت پر کوئی شک نہیں کیا تھا بلکہ یہ گمان کیا تھا کہ اس طریقے سے اللہ تعالیٰ اُس پر سختی نہیں کرے گا۔ دیکھئے [زاد المسير لابن الجوزي ص940، الانبياء: 87] اور [التمهيد 18/43]
➋ عذاب روح اور جسم دونوں کو ہوتا ہے۔
➌ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔ وہ قوانینِ قدرت کا محتاج نہیں بلکہ ہر چیز اسی کی محتاج ہے اور ہر چیز کو اُسی نے پیدا کیا ہے۔
➍ سچی توبہ سے سارے گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔
➎ میت کو جلانا جائز نہیں ہے بلکہ اسے قبر میں دفن کرنا ضروری ہے۔
➏ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «کان رجل ممن کان قبلکم لم یعمل خیرًا قط إلا التوحید۔» تم سے پہلے ایک آدمی تھا جس نے توحید کے علاوہ نیکی کا کوئی کام نہیں کیا تھا۔ [مسند أحمد 2/304 ح8040 وسنده صحيح] پھر انہوں نے حدیثِ بالا کے مفہوم والی روایت بیان کی۔ معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص موحد تھا لہٰذا یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ اس نے قدرت میں شک کیا ہو۔
➐ موحد (توحید ماننے والا) آخرکار جنت میں جائے گا بشرطیکہ اسلام کے مناقض اُمور میں سے کسی بات کا ارتکاب نہ کرے۔