صحيح البخاري
كتاب التوحيد— کتاب: اللہ کی توحید اس کی ذات اور صفات کے بیان میں
بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {يُرِيدُونَ أَنْ يُبَدِّلُوا كَلاَمَ اللَّهِ} : باب: اللہ تعالیٰ کا (سورۃ الفتح) ارشاد ”یہ گنوار چاہتے ہیں کہ اللہ کا کلام بدل دیں“۔
حَدَّثَنَا زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، حَدَّثَنَا ابْنُ فُضَيْلٍ ، عَنْ عُمَارَةَ ، عَنْ أَبِي زُرْعَةَ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، فَقَالَ : " هَذِهِ خَدِيجَةُ أَتَتْكَ بِإِنَاءٍ فِيهِ طَعَامٌ ، أَوْ إِنَاءٍ فِيهِ شَرَابٌ ، فَأَقْرِئْهَا مِنْ رَبِّهَا السَّلَامَ ، وَبَشِّرْهَا بِبَيْتٍ مِنْ قَصَبٍ ، لَا صَخَبَ فِيهِ وَلَا نَصَبَ " .´ہم سے زہیر بن حرب نے بیان کیا ، کہا ہم سے محمد بن فضیل نے بیان کیا ، ان سے عمارہ بن قعقاع نے ، ان سے ابوزرعہ نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ` ( جبرائیل علیہ السلام نے کہا : یا رسول اللہ ! ) یہ خدیجہ رضی اللہ عنہا جو آپ کے پاس برتن میں کھانا یا پانی لے کر آتی ہیں انہیں ان کے رب کی طرف سے سلام کہئیے اور انہیں خولدار موتی کے ایک محل کی جنت میں خوشخبری سنائیے جس میں نہ شور ہو گا اور نہ کوئی تکلیف ہو گی ۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے (حضرت جبرئیل علیہ السلام نے کہا: ”اللہ کے رسول ﷺ!“) ”یہ خدیجہ رضی اللہ عنہا آپ کے پاس برتن لے کر آ رہی ہیں جس میں کھانا یا پینے کا پانی ہے۔ انہیں ان کے رب کی طرف سے سلام کہہ دیں اور انہیں جنت میں ایسے گھر کی بشارت دیں جو موتیوں سے بنا ہوا ہے۔ اس میں کسی قسم کا شور و غل اور تھکاوٹ نہیں ہو گی۔“
تشریح، فوائد و مسائل
حضرت حدیجہؓ کی فضیلت ثابت ہوئی۔
خدیجہ بنت خویلد ؓ قریش کی بہت مالدار شریف ترین خاتون جنہوں نے آنحضرت ﷺ سےخود رغبت سےنکاح کیا۔
آپ عرصہ سے بیوہ تھیں بعد میں آنحضرت ﷺ کےساتھ اس وفاشعاری سے زندگی گزاری کہ جس کی مثال ملنی مشکل ہے۔
65سال کی عمر میں ہجرت نبوی سےتین سال پہلے رمضان شریف میں انتقال فرمایا اورمکہ کےمشہور قبرستان جیحون میں آپ کو دفن کیا گیا۔
آپ کی جدائی کا آنحضرت ﷺ کو سخت ترین صدمہ ہوا۔
إنا للہ و إناإلیه راجعون۔
1۔
اس حدیث میں اللہ تعالیٰ کا ایک کلام بحق سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان ہوا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے حضرت جبرئیل علیہ السلام سے مخاطب ہو کرحضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو سلام اور بشارت ارسال کی۔
اس میں حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی فضیلت ہے کہ خود اللہ تعالیٰ اپنی طرف سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ کو سلام بھیجتا ہے۔
2۔
اس حدیث میں بھی اللہ تعالیٰ کا ایک کلام بیان ہواہے جو اس کی مشیت سے متعلق ہے اللہ تعالیٰ جسے چاہے اپنے کلام سے شرف یاب کرتا ہے اور یہ کلام غیر قرآن اور غیر مخلوق ہے۔
وھو المقصود۔