صحيح البخاري
كتاب التوحيد— کتاب: اللہ کی توحید اس کی ذات اور صفات کے بیان میں
بَابُ مَا جَاءَ فِي قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {إِنَّ رَحْمَةَ اللَّهِ قَرِيبٌ مِنَ الْمُحْسِنِينَ} : باب: اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد کے بارے میں روایات کہ ”بلاشبہ اللہ کی رحمت نیکو کاروں سے قریب ہے“۔
حَدَّثَنَا حَفْصُ بْنُ عُمَرَ ، حَدَّثَنَا هِشَامٌ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ أَنَسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " لَيُصِيبَنَّ أَقْوَامًا سَفْعٌ مِنَ النَّارِ بِذُنُوبٍ أَصَابُوهَا عُقُوبَةً ، ثُمَّ يُدْخِلُهُمُ اللَّهُ الْجَنَّةَ بِفَضْلِ رَحْمَتِهِ ، يُقَالُ لَهُمْ : الْجَهَنَّمِيُّونَ " ، وَقَالَ هَمَّامٌ : حَدَّثَنَا قَتَادَةُ ، حَدَّثَنَا أَنَسٌ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ .´ہم سے حفص بن عمر حوضی نے بیان کیا ، کہا ہم سے ہشام دستوائی نے بیان کیا ، ان سے قتادہ نے اور ان سے انس رضی اللہ عنہ نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” کچھ لوگ ان گناہوں کی وجہ سے جو انہوں نے کئے ہوں گے ، آگ سے جھلس جائیں گے یہ ان کی سزا ہو گی ۔ پھر اللہ اپنی رحمت سے انہیں جنت میں داخل کرے گا اور انہیں «جهنميون» کہا جائے گا ۔ اور ہمام نے بیان کیا ، ان سے قتادہ نے ، ان سے انس رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی حدیث بیان کی ۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ”کچھ لوگ ان گناہوں کی پاداش میں جو انہوں نے کیے ہوں گے آگ سے جھلس جائیں گے، پھر اللہ تعالیٰ اپنی رحمت کے فضل سے انہیں جنت میں داخل کرے گا، ایسے لوگوں کو جہنمی کہا جائے گا۔“ ہمام نے کہا: ہمیں قتادہ نے خبر دی، انہوں نے کہا: مجھ سے حضرت انس رضی اللہ عنہ نے نبی ﷺ کے حوالے سے بیان کیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
1۔
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض ایسے اہل ایمان دوزخ میں جائیں گے کہ جب انھیں اللہ تعالیٰ جہنم سے محض اپنے فضل و کرم سے نکالےگا تو شعلوں کی لپیٹ سے ان کے رنگ سیاہ ہو چکے ہوں گے پھر بطور علامت ان کی گردنوں میں رہنے دی جائے گی اور اس وجہ سے اہل جنت انھیں جہنمی کہیں گے۔
بعض روایات سے پتا چلتا ہے کہ بلا آخر ان کے اصرار پر اس علامت کو ختم کردیا جائے گا۔
2۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث سے ثابت کیا ہے کہ وہ لوگ اپنے اعمال کی وجہ سے تو جنت کا استحقاق نہیں رکھیں گے البتہ اللہ تعالیٰ انھیں محض اپنے فضل و کرم سے جنت میں داخل فرمائے گا۔
ان کے کمزورایمان کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی رحمت ان کے قریب ہوگی۔
اللہ تعالیٰ انھیں وہاں سے نکال لے گا۔
اللہ تعالیٰ کی یہ رحمت اس کی قدیمی صفت ہے البتہ اس رحمت کا تعلق ایسے لوگوں سے حادث ہوگا۔
واللہ اعلم۔
3۔
واضح رہے کہ مذکورہ روایت میں قتادہ راوی مدلس ہے اور اس نے حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے "عن" سے روایت بیان کی ہے۔
اس سے تدلیس کا شبہ ہو سکتا تھا اس لیے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث کے آخر میں ایک تعلیق بیان کر کے اس شبہ کو دور فرمایا ہے کیونکہ اس روایت میں قتادہ نے تحدیث کی صراحت کی ہے۔
اس معلق روایت کو امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے متصل سند سے بیان کیا ہے۔
(صحیح البخاري، الرفاق، حدیث: 6559)
اس حدیث کے راوی حضرت انس بن مالک انصاری رضی اللہ عنہ خزرجی ہیں۔
ماں ام سلیم بنت ملحان ہیں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے مدینہ تشریف لاتے وقت ان کی عمر دس سال کی تھی۔
شروع ہی سے خدمت نبوی میں حاضر رہے اور پورے دس سال ان کو خدمت کرنے کا شرف حاصل ہوا۔
خلافت فاروقی میں معلم بن کر بصرہ میں مقیم ہوگئے تھے۔
جملہ اصحاب کرام کے بعد جو بصرہ میں مقیم تھے، 91ھ میں انتقال فرمایا۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کی برکت سے انتقال کے وقت ایک سو کی تعداد میں اولاد چھوڑ گئے۔
بڑے ہی مشہور جامع الفضائل صحابی ہیں۔
رضي اللہ عنه و أرضاہ۔
مسلم شریف کی روایت کے مطابق بعد میں دوزخیوں کا یہ لقب ختم کر دیا جائے گا۔