صحيح البخاري
كتاب الاعتصام بالكتاب والسنة— کتاب: اللہ اور سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مضبوطی سے تھامے رہنا
بَابُ كَرَاهِيَةِ الْخِلاَفِ: باب: احکام شرع میں جھگڑا کرنے کی کراہت کا بیان۔
حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ ، أَخْبَرَنَا عَبْدُ الصَّمَدِ ، حَدَّثَنَا هَمَّامٌ ، حَدَّثَنَا أَبُو عِمْرَانَ الْجَوْنِيُّ ، عَنْ جُنْدَبِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " اقْرَءُوا الْقُرْآنَ مَا ائْتَلَفَتْ عَلَيْهِ قُلُوبُكُمْ ، فَإِذَا اخْتَلَفْتُمْ فَقُومُوا عَنْهُ " ، قَالَ أَبُو عَبْد اللَّهِ وَقَالَ يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ ، عَنْ هَارُونَ الْأَعْوَرِ ، حَدَّثَنَا أَبُو عِمْرَانَ ، عَنْ جُنْدَبٍ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ .´ہم سے اسحاق بن منصور نے بیان کیا ، انہوں نے کہا ہم کو عبدالصمد بن عبدالوارث نے خبر دی ، کہا ہم سے ہمام بن یحییٰ بصریٰ نے بیان کیا ، کہا ہم سے ابوعمران جونی نے اور ان سے جندب بن عبداللہ رضی اللہ عنہ نے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” جب تک تمہارے دلوں میں اتحاد و اتفاق ہو قرآن پڑھو اور جب اختلاف ہو جائے تو اس سے دور ہو جاؤ ۔ “ اور یزید بن ہارون واسطی نے ہارون اعور سے بیان کیا ، ان سے ابوعمران نے بیان کیا ، ان سے جندب رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا ۔
حضرت جندب بن عبداللہ بجلی رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”قرآن پڑھتے رہو جب تک تمہارے دل اس پر لگے رہیں اور جب اختلاف ہو جائے تو اس سے کھڑے ہوجاؤ۔“ ابو عبداللہ (امام بخاری رحمہ اللہ) نے کہا: ”یزید بن ہارون واسطی نے ہارون اعور سے بیان کیا، انہوں نے کہا: ہم سے ابو عمران نے حضرت جندب رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے اسی طرح بیان کیا ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
اس حدیث میں ہمیں اختلاف سے ڈرایا گیا ہے اور اس کی نحوست سے آگاہ کیا گیا ہے کہ اس کی موجودگی میں قرآن کریم کی تلاوت اور اس کی خیرو برکت سے محرومی ہو سکتی ہے کہ جب کوئی شبہ پیدا ہو اور کسی اختلاف کا خطرہ ہو تو اس وقت قراءت ختم کر کے قرآن سے علیحدہ ہو جاؤ۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مراد اختلاف سے ڈرانا ہے۔
قرآءت سے منع کرنا مقصود نہیں کیونکہ قرآن مجید پڑھنے پر امت کا اجماع ہے خواہ اسے سمجھے۔
اس کے معنی یہ نہیں ہیں کہ اختلاف کے وقت قرآن پڑھنا حرام ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن کریم کے ساتھ محبت کا حکم دیا ہے اور اس کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اس کے سامنے جھک جائے اور اسے اپنی زندگی کا محور قرار دے لے۔
نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اختلاف سے ڈرایا ہے کیونکہ یہ تباہی اور ہلاکت کا راستہ ہے۔
مراد حضرت کی جھگڑے سے ڈرانا ہے نہ کہ قراءت سے منع کرنا کیونکہ نفس قراءت منع نہیں ہے۔
پھر جب تم میں اختلاف پڑ جائے اور تکرار اور فساد کی نیت ہو جائے تو اٹھ کھڑے ہو اور قرآن پڑھنا موقوف کر دو۔
اختلاف کر کے فساد تک نوبت پہنچانا کتنا برا ہے، یہ اس سے ظاہر ہے کاش موجود ہ مسلمان اس پر غور کریں۔