حدیث نمبر: 7311
حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى ، عَنْ إِسْمَاعِيلَ ، عَنْ قَيْسٍ ، عَنْ الْمُغِيرَةِ بْنِ شُعْبَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " لَا يَزَالُ طَائِفَةٌ مِنْ أُمَّتِي ظَاهِرِينَ حَتَّى يَأْتِيَهُمْ أَمْرُ اللَّهِ وَهُمْ ظَاهِرُونَ " .
مولانا داود راز

´ہم سے عبیداللہ بن موسیٰ نے بیان کیا ، ان سے اسماعیل نے ، ان سے قیس نے ، ان سے مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ غالب رہے گا ( اس میں علمی و دینی غلبہ بھی داخل ہے ) یہاں تک کہ قیامت آ جائے گی اور وہ غالب ہی رہیں گے ۔ “

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الاعتصام بالكتاب والسنة / حدیث: 7311
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3640 | صحيح البخاري: 7459 | صحيح مسلم: 1921

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
7311. سیدنا مغیرہ بن شعبہ ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ غالب رہے گا یہاں تک کہ قیامت آجائے گی وہ غالب ہی رہیں گے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7311]
حدیث حاشیہ: یہ دوسری حدیث کے خلاف نہیں ہے جس میں یہ ہے کہ قیامت بد ترین خلق اللہ پر قائم ہوگی کیونکہ یہ بد ترین لوگ ایک مقام میں ہوں گے اور وہ گروہ دوسرے مقام میں ہوگا یا اس حدیث میں امر اللہ سے یہ مراد ہے یہاں تک کہ قیامت قریب آن پہنچے تو قیامت سے کچھ پہلے یہ فرقہ والے مر جائیں گے اور نرے برے لوگ رہ جائیں گے جیسے دوسری حدیث میں ہے کہ قیامت کے قریب ایک ہوا چلے گی جس سے ہر مومن کی روح قبض ہو جائے گی۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7311 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
7311. سیدنا مغیرہ بن شعبہ ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ غالب رہے گا یہاں تک کہ قیامت آجائے گی وہ غالب ہی رہیں گے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7311]
حدیث حاشیہ:

اس غلبے سے مراد علمی، عملی اور اخلاقی غلبہ ہے۔
ضروری نہیں کہ ان کے ہاتھ میں حکومت کی باگ ڈور ہو، بہرحال یہ حقیقت ہے کہ دین حق کی سربلندی کے لیے ایک گروہ قیامت تک برسر پیکار رہے گا، اسے دوسروں کی مخالفت کچھ بھی نقصان نہیں پہنچائے گی۔
وہ دین کا دفاع دلائل وبراہین سے کرتے رہیں گے۔

ایک حدیث میں ہے: قیامت شرارتی لوگوں پر قائم ہوگی اور وہ لوگ جاہلیت کے کافروں سے زیادہ شرارتی ہوں گے۔
وہ اللہ تعالیٰ سے جب کوئی دعا کریں گے تو اللہ تعالیٰ اسے مسترد کردے گا۔
(صحیح مسلم، الإمارة، حدیث: 4957(1924)
یہ حدیث ذکر کردہ حدیث کے خلاف نہیں کیونکہ بدترین اور شرارتی لوگ ایک مقام پر ہوں گے اور حق کا دفاع کرنے والا گروہ دوسرے مقام میں ہوگا کیونکہ ایک حدیث میں ان کے مقام کی نشاندہی کی گئی ہے کہ حق کا دفاع کرنے والے بیت المقدس اور اس کے نواحی علاقے میں ہوں گے۔
(مسند أحمد: 269/5)
یہ بھی ممکن ہے کہ قیامت سے پہلے اللہ تعالیٰ حق کا دفاع کرنے والوں کو اٹھا لے، پھر قیامت بدترین لوگوں پر قائم ہو جیسا کہ ایک حدیث میں ہے کہ قیامت کے قریب ایک ہوا چلے گی جس سے ہرمومن کی روح قبض ہو جائے گی اور یہی بات زیادہ راجح ہے۔
واللہ أعلم۔
(صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: (117)
312 وفتح الباري: 360/13)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7311 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7459 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7459. سیدنا مغیرہ بن شعبہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: میری امت میں سے ایک گروہ دوسرے لوگوں پر غالب رہے گا یہاں تک کہ ان کے پاس اللہ کا امر، یعنی قیامت آ جائے گی۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:7459]
حدیث حاشیہ: وہ گروہ ہی ہے جس نے مَا أَنَا عَلیهِ و أصحاِبي کو اپنا دستور العمل بنایا۔
جس سےسچے اہل حدیث کی جماعت مراد ہے کہ امت میں یہ لوگ فرقہ بندی سےمحفوظ رہے اورصرف قال اللہ وقال الرسول کو انہوں نے اپنا مذہب ومسلک قرار دیا اورتوحید وسنت کو اپنا مشرب بنایا۔
جن کا قول ہے: ما اہلحدیثیم دغارانہ شناسیم صد شکر کہ درمذہب ماحیلہ وفن نیست ائمہ اربعہ اور کتنے ہی محققین فقہائے کرام بھی اسی میں داخل ہیں۔
جنہوں نے اندھی تقلید کو اپنا شعار نہیں بنایا۔
کثراللہ مساعیھم (آمین)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7459 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3640 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3640. حضرت مغیرہ بن شعبہ ؓسے روایت ہے، وہ نبی کریم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’میری امت کے کچھ لوگ ہمیشہ غالب رہیں گے یہاں تک کہ اللہ کا امر آجائے گا۔ اس وقت بھی وہ غالب ہی ہوں گے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3640]
حدیث حاشیہ: اس حدیث سے اہل حدیث مراد ہیں۔
امام احمد بن حنبل ؒ فرماتے ہیں کہ اگر اس سے اہل حدیث مراد نہ ہوں تو میں نہیں سمجھ سکتا کہ اور کون لوگ مراد ہوسکتے ہیں۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3640 سے ماخوذ ہے۔