حدیث نمبر: 7280
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سِنَانٍ ، حَدَّثَنَا فُلَيْحٌ ، حَدَّثَنَا هِلَالُ بْنُ عَلِيٍّ ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَسَارٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " كُلُّ أُمَّتِي يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ إِلَّا مَنْ أَبَى ، قَالُوا : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، وَمَنْ يَأْبَى ؟ ، قَالَ : مَنْ أَطَاعَنِي دَخَلَ الْجَنَّةَ ، وَمَنْ عَصَانِي فَقَدْ أَبَى " .
مولانا داود راز

´ہم سے محمد بن سنان نے بیان کیا ، ان سے فلیح بن سلیمان نے بیان کیا ، ان سے ہلال بن علی نے بیان کیا ، ان سے عطاء بن یسار نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” ساری امت جنت میں جائے گی سوائے ان کے جنہوں نے انکار کیا ۔ “ صحابہ نے عرض کیا : یا رسول اللہ ! انکار کون کرے گا ؟ فرمایا ” جو میری اطاعت کرے گا وہ جنت میں داخل ہو گا اور جو میری نافرمانی کرے گا اس نے انکار کیا ۔ “

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الاعتصام بالكتاب والسنة / حدیث: 7280
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : مشكوة المصابيح: 143

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
7280. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میری امت کے سب لوگ جنت میں داخل ہوں گے مگر کو انکار کرے گا۔ صحابہ کرام نے پوچھا: اللہ کے رسول! وہ کون ہے جو انکار کرے گا؟ آپ نے فرمایا: جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں داخل ہوگا اور جس نے میری نافرمانی کی تو اس کا یقیناً انکار کیا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:7280]
حدیث حاشیہ:

جوشخص قبول دعوت اور فرماں برادری سے رُک گیا اس نے انکار کیا، اسلام کا انکار کرنے والا، ہمیشہ جہنم میں رہے گا، البتہ ایمان کے بعد اگر کسی سے کوئی کوتاہی ہوگی تو وہ اپنی سزا بھگت بالآخر جنت میں داخل ہوگا۔
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے میری اطاعت کی، یقیناً اس نے اللہ کی اطاعت کی اور جس نے میری نافرمانی کی، اس نے اللہ کی نافرمانی کی۔
‘‘ (صحیح البخاري، الأحکام، حدیث: 7137)

مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چونکہ اللہ تعالیٰ کے ایک مستند نمائندے ہیں، اس لیے ان کی اطاعت اور فرماں برداری ایک اتھارٹی کی حیثیت رکھتی ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’جس نے رسول کی اطاعت کی تو یقیناً اس نے اللہ کی اطاعت کی۔
‘‘ (النساء 4/80)
بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اور پیروی انتہائی ضروری ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت پر سخت وعید بیان ہوئی ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7280 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مشكوة المصابيح / حدیث: 143 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´جنت میں جانے سے انکار کرنے والا`
«. . . ‏‏‏‏وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " كُلُّ أُمَّتِي يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ إِلَّا مَنْ أَبَى. قِيلَ: وَمَنْ أَبَى؟ قَالَ: مَنْ أَطَاعَنِي دَخَلَ الْجَنَّةَ وَمَنْ عَصَانِي فقد أَبى " رَوَاهُ البُخَارِيّ . . .»
. . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری امت کا ہر شخص جنت میں داخل ہو گا مگر جس نے میرا انکار کیا (وہ نہیں داخل ہو گا) آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا گیا وہ کون شخص ہے جس نے آپ کا انکار کیا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے میری تابعداری کی وہ جنت میں داخل ہو گا اور جس نے میری نافرمانی کی اس نے میرا انکار کر دیا ہے۔ اس حدیث کو بخاری نے روایت کیا ہے۔ . . . [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 143]
تخریج الحدیث:
[صحیح بخاری 7280]

فقہ الحدیث
➊ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت فرض ہے۔
➋ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح حدیث کا انکار کرنے والا شخص جنت سے محروم رہے گا۔
✿ ارشاد باری تعالی ہے: «مَنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّـهَ»
جس نے رسول کی اطاعت کی اس نے اللہ کی اطاعت کی۔ [النساء: 80]
درج بالا حدیث اس آیت کی تصدیق و بیان ہے۔ «والحمد لله»
➍ گناہ گار مسلمانوں کو نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی امت سے خارج کرنا یا سمجھنا غلط ہے۔
➎ راجح یہی ہے کہ امت سے مراد امت اجابت ہے یعنی امت میں سے وہ لوگ جنت میں جائیں گے جنہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا سچے دل سے کلمہ پڑھا ہے اور اسلام سے دور کرنے والے عقائد و اعمال سے اپنے آپ کو محفوظ رکھا ہے۔
➏ ہر وقت سنت کا دامن مضبوطی سے تھامنا اور بدعات سے بچنا ضروری ہے۔
درج بالا اقتباس اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 143 سے ماخوذ ہے۔