صحيح البخاري
كتاب الأذان— کتاب: اذان کے مسائل کے بیان میں
بَابُ مَنْ أَخَفَّ الصَّلاَةَ عِنْدَ بُكَاءِ الصَّبِيِّ: باب: جس نے بچے کے رونے کی آواز سن کر نماز کو مختصر کر دیا۔
حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى ، قَالَ : أَخْبَرَنَا الْوَلِيدُ ، قَالَ : حَدَّثَنَا الْأَوْزَاعِيُّ ، عَنْ يَحْيَى بْنِ أَبِي كَثِيرٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي قَتَادَةَ ، عَنْ أَبِيهِ أَبِي قَتَادَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " إِنِّي لَأَقُومُ فِي الصَّلَاةِ أُرِيدُ أَنْ أُطَوِّلَ فِيهَا ، فَأَسْمَعُ بُكَاءَ الصَّبِيِّ فَأَتَجَوَّزُ فِي صَلَاتِي كَرَاهِيَةَ أَنْ أَشُقَّ عَلَى أُمِّهِ " ، تَابَعَهُ بِشْرُ بْنُ بَكْرٍ ، وَابْنُ الْمُبَارَكِ ، وَبَقِيَّةُ ، عَنْ الْأَوْزَاعِيِّ .´ہم سے ابراہیم بن موسیٰ نے بیان کیا ، کہا کہ ہم سے ولید بن مسلم نے بیان کیا ، کہا کہ ہم سے امام عبدالرحمٰن بن عمرو اوزاعی نے یحییٰ بن ابی کثیر سے بیان کیا ، انہوں نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے ، انہوں نے اپنے باپ ابوقتادہ حارث بن ربعی سے ، انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہ` آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں نماز دیر تک پڑھنے کے ارادہ سے کھڑا ہوتا ہوں ۔ لیکن کسی بچے کے رونے کی آواز سن کر نماز کو ہلکی کر دیتا ہوں ، کیونکہ اس کی ماں کو ( جو نماز میں شریک ہو گی ) تکلیف میں ڈالنا برا سمجھتا ہوں ۔ ولید بن مسلم کے ساتھ اس روایت کی متابعت بشر بن بکر ، بقیہ بن ولید اور ابن مبارک نے اوزاعی کے واسطہ سے کی ہے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا قیام، رکوع اور سجود تقریبا برابر ہوتے تھے، اس لیے نماز میں اعتدال ضروری ہے۔
لیکن اگر نماز شروع کرنے کے بعد کوئی عارضہ پیش آجائے، مثلاً: بچہ رونے لگے یا بارش ہونے لگے تو تخفیف کرنے کی شرعا اجازت ہے یا شروع ہی سے کسی عارضے کی وجہ سے ہلکی نماز پڑھانے کا ارادہ کرے تو بھی جائز ہے۔
اختصار مذکور کی طرح امام کو تطویل کا بھی اختیار ہے، تاکہ لوگ رکعت پالیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ بعد میں آنے والے کو امام اپنی دوستی یا رفاقت کی وجہ سے یہ رعایت دے۔
اس کے علاوہ بعض فقہاء نے یہ بھی شرط رکھی ہے کہ بعد میں شامل ہونے والوں کو تطویل کی رعایت دینا اس صورت میں ہے کہ پہلے سے شرکائے نماز کو اس کی تطویل سے تکلیف نہ ہو کیونکہ ان کا حق بعد میں آنے والوں سے زیادہ ہے۔
اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ تطویل کی رعایت دنیادار اور امراء طبقے کے لیے خاص نہ ہو۔
اگر ایسا کیا گیا تو بعض فقہاء نے اسے شرک تک قرار دیا ہے، کیونکہ اس طرح عبادت میں زیادتی غیراللہ کے لیے ہوگی جبکہ عبادت کا کچھ حصہ بھی غیر اللہ کے لیے جائز نہیں، تاہم نے جن حضرات نے اسے شرک قرار دیا ہے، اس سے مراد شرکِ اصغر، یعنی ریاکاری ہوسکتا ہے۔
(فتح الباري: 263/2)
والله أعلم۔
(2)
حضرت انس ؓ نے رسول اللہ ﷺ کے محل تخفیف کی بھی نشاندہی کی ہے، چنانچہ حدیث میں ہے کہ ایسے حالات میں رسول اللہ ﷺ دوران قیام چھوٹی سورت پڑھ لیتے۔
بعض روایات میں اس کی مقدار بھی بیان ہوئی ہے کہ آپ پہلی رکعت میں لمبی سورت تلاوت فرماتے، پھر بچے کے رونے کی آواز سن کر دوسری رکعت میں تین آیات پڑھ کر رکوع میں چلے جاتے۔
یہ روایت اگرچہ مرسل ہے، تاہم تائید کے طور پر پیش کی جا سکتی ہے۔
(فتح الباري: 262/2) (3)
امام بخاری ؒ نے حدیث کے آخر میں چند ایک متابعات کا بھی ذکر کیا ہے۔
ان میں سے بشر بن بکیر کی متابعت خود امام بخاری ؒ نے اپنی صحیح میں موصولا بیان کی ہے۔
(صحیح البخاري، الأذان، حدیث: 868)
ابن مبارک کی روایت کو امام نسائی نے بیان کیا ہے جبکہ بقیہ بن ولید کی متابعت کا ہمیں علم نہیں ہوسکا۔
(فتح الباري: 262/2)
(حاشیہ بخاری شریف، ص: 120)
یعنی یہاں تخفیف کرنے سے قرات میں تخفیف مراد ہے جیسا کہ ابن ابی شیبہ کی روایت میں ہے کہ آنحضرت نے پہلی رکعت میں تقریباً ساٹھ آیتیں پڑھیں جب کسی بچے کارونا معلوم ہوا تو دوسری رکعت میں آپ نے صرف تین آیتوں پر اکتفافرمایااور باب اور حدیث میں مطابقت اس سے ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں عورتوں کی تکلیف کو مکروہ جانتاہوں۔
معلوم ہوا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ عورتیں مساجد میں حاضر ہوا کرتی تھیں رات ہو یا دن یہ عام ہے۔
ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ اسے لمبی کروں پھر میں بچے کے رونے کی آواز سنتا ہوں، تو اسے مختصر کر دیتا ہوں، اس اندیشہ سے کہ میں اس کی ماں کو مشقت میں نہ ڈال دوں۔“ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 789]
➊ نماز کو طویل کر کے خشوع و خضوع سے پڑھنا مستحب ہے، مگر امام کے لئے شرط ہے کہ اپنے مقتدیوں میں سے کمزور افراد کا خیال رکھے۔
➋ نماز میں کسی مستحب عمل کی نیت کر کے اسے پورا کرنا لازمی نہیں ہے، نیت میں اسی طرح کی تبدیلی جائز ہے۔ مثلاًً کسی نے قیام لمبا کرنے کی نیت کی تو اسے مختصر کر دیا، کھڑے ہو کر نفل پڑھنے کی نیت کی تو ضروری نہیں کہ کھڑے ہو کر مکمل کرے۔ بیٹھ کر بھی مکمل کر سکتا ہے۔
➌ عورتیں بھی جماعت میں شامل ہوں تو بہتر ہے اور چھوٹے بچوں کو بھی مسجد میں لایا جا سکتا ہے۔
➍ نماز کو ہلکا کرنے سے مراد یہ ہے کہ قرأت مختصر اور دیگر اذکار کو مناسب حد تک کم کر دیا جائے نہ کہ ارکان نماز کو جلدی جلدی اداکیا جائے۔
ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” میں نماز میں کھڑا ہوتا ہوں اور بچوں کا رونا سنتا ہوں تو اپنی نماز ہلکی کر دیتا ہوں، اس ڈر سے کہ میں اس کی ماں کو مشقت میں نہ ڈال دوں۔“ [سنن نسائي/كتاب الإمامة/حدیث: 826]
➋ اکیلا آدمی اپنی چستی اور نشاط کے مطابق نماز لمبی کر سکتا ہے۔
➌ کسی مقتدی کی تکلیف کے مدنظر یا کسی حادثے کی بنا پر نماز مختصر کی جا سکتی ہے جیسے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی شہادت کے موقع پر ہوا۔ اسی طرح نمازیوں کے مفاد میں نماز لمبی بھی کی جا سکتی ہے مثلا: کثیر لوگ وضو کر رہے ہوں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اسی وجہ سے پہلی رکعت لمبی پڑھایا کرتے تھے۔