صحيح البخاري
كتاب الحيل— کتاب: شرعی حیلوں کے بیان میں
بَابٌ في النِّكَاحِ: باب: نکاح پر جھوٹی گواہی گزر جائے تو کیا حکم ہے۔
حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ ، عَنِ ابْنِ جُرَيْجٍ ، عَنِ ابْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ ، عَنْ ذَكْوَانَ ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، قَالَتْ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " الْبِكْرُ تُسْتَأْذَنُ ، قُلْتُ : إِنَّ الْبِكْرَ تَسْتَحْيِي ، قَالَ : إِذْنُهَا صُمَاتُهَا " ، وَقَالَ بَعْضُ النَّاسِ : إِنْ هَوِيَ رَجُلٌ جَارِيَةً يَتِيمَةً أَوْ بِكْرًا ، فَأَبَتْ فَاحْتَالَ ، فَجَاءَ بِشَاهِدَيْ زُورٍ عَلَى أَنَّهُ تَزَوَّجَهَا ، فَأَدْرَكَتْ ، فَرَضِيَتِ الْيَتِيمَةُ ، فَقَبِلَ الْقَاضِي شَهَادَةَ الزُّورِ ، وَالزَّوْجُ يَعْلَمُ بِبُطْلَانِ ذَلِكَ ، حَلَّ لَهُ الْوَطْءُ .´ہم سے ابوعاصم ضحاک بن مخلد نے بیان کیا ، ان سے ابن جریج نے ، ان سے ابن ابی ملیکہ نے ، ان سے ذکوان نے ، اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” کنواری لڑکی سے اجازت لی جائے گی ۔ “ میں نے پوچھا کہ کنواری لڑکی شرمائے گی ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس کی خاموشی ہی اجازت ہے ۔ اور بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ کوئی شخص اگر کسی یتیم لڑکی یا کنواری لڑکی سے نکاح کا خواہشمند ہو ۔ لیکن لڑکی راضی نہ ہو اس پر اس نے حیلہ کیا اور دو جھوٹے گواہوں کی گواہی اس کی دلائی کہ اس نے لڑکی سے شادی کر لی ہے پھر جب وہ لڑکی جوان ہوئی اور اس نکاح سے وہ بھی راضی ہو گئی اور قاضی نے اس جھوٹی شہادت کو قبول کر لیا حالانکہ وہ جانتا ہے کہ یہ سارا ہی جھوٹ اور فریب ہے تب بھی اس سے جماع کرنا جائز ہے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
جیسا کہ روایات کے ذیل میں تشریح ہے۔
فقہاء کی ایسی ہی حیلہ بازیوں کی قلعی کھولنا یہاں کتاب الحیل کا مقصد ہے جیسا کہ بنظر انصاف مطالعہ کرنے والوں پر ظاہر ہوگا۔
شیخ سعدی نے ایسے ہی فقہائے کرام کے بارے میں کہا ہے: فقیہان طریق جدل ساختند لم لا نسلم درانداختند کتنے ہی علمائے احناف حق پسند ایسے بھی ہیں جو ان حیلہ سازیوں کو تسلیم نہیں کرتے وہ یقینا ان سے مستثنیٰ ہیں۔
جزاهم اﷲ أحسن الجزاء۔
1۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حیلہ سازوں کی قباحت اورخرابی بیان کرنے کے لیے مختلف اسلوب اختیار کیے ہیں: پہلی صورت کنواری لڑکی کے متعلق تھی، دوسری شوہردیدہ کے بارے میں اور تیسری صورت میں گواہی کے بعد اعتراف ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ سب صورتوں میں ایک ہی موقف کو بار بار بیان کرنا چاہتے ہیں کہ عدالت کا فیصلہ ظاہری طور پر نافذ ہو سکتا ہے لیکن باطنی اعتبار سے اس کی کوئی حیثیت نہیں بلکہ ایسا شخص قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے ہاں قابل مواخذہ ہوگا کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’بعض اوقات تم میں سے کوئی اپنے فریق مخالف کے مقابلے میں زیادہ چالاکی سے بولنے والا ہوتا ہے، اس طرح میں اس کی باتیں سن کر اس کے حق میں فیصلہ دے دیتا ہوں، حالانکہ وہ جانتا ہے کہ اسے غیر کا حق مل رہا ہے تو وہ اسے نہ لے کیونکہ اس طرح میں نے اسے جہنم کا ایک ٹکڑا کاٹ کر دیا ہے۔
‘‘ (صحیح البخاري، الحیل، حدیث: 6967)
2۔
اس واضح اور دو ٹوک حدیث کے باوجود بعض لوگوں کواس بات پر اصرار ہے کہ عدالت کا فیصلہ ظاہری اور باطنی دونوں طرح سے نافذ ہو جاتا ہے اور یہ حضرات اس حدیث کے متعلق کہتے ہیں کہ اس کا محل نزاع کے ساتھ کوئی تعلق ہی نہیں کیونکہ یہ حدیث اموال کے بارے میں ہے، عقود ومعاملات کے بارے میں نہیں ہے، حالانکہ یہ حدیث عام ہے خواہ حکم حاکم مال سے متعلق ہو یا کسی دوسرے حق کے بارے میں ہو، وہ حق خواہ مالِ عقود سے متعلق ہویا عقد نکاح سے تعلق رکھتا ہو۔
اموال وعقود کی تفریق دست ہنرشناس کا نتیجہ ہو سکتا ہے لیکن حدیث کے الفاظ اس تفریق کی اجازت نہیں دیتے۔
ان حضرات کا یہ کہنا کہ یہ حدیث جھوٹی گواہی کے متعلق نہیں بلکہ چرب لسانی اور زبان درازی کے بارے میں ہے۔
3۔
ہمارے رحجان کے مطابق اس طرح کی موشگافی حدیث سے ثابت نہیں ہوتی اور نہ شرعاً اس طرح کی سخن بازی کی اجازت ہی ہے۔
واللہ أعلم۔
1۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے: ’’کنواری کا نکاح اس کی اجازت کے بغیر نہ کیا جائے۔
‘‘ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے عرض کی: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! اس کی اجازت کیسے ہوگی؟ آپ نے فرمایا: ’’وہ خاموش رہے۔
‘‘ (صحیح البخاري، النکاح حدیث 5135)
اس حدیث پر امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ایک عنوان ان الفاظ کے ساتھ قائم کیا ہے: (باب لا ينكح الأب وغيره البكر والثيب إلاّ برضاهما)
’’باپ یا کوئی دوسرا کنواری یا شوہر دیدہ کا نکاح اس کی مرضی کے بغیر نہ کرے۔
‘‘ (صحیح البخاري، النکاح، باب 42)
2۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ کنواری لڑکی کے نکاح کے لیے بھی اجازت ضروری ہے تو پھر زبردستی نکاح کیسے ہو سکتا ہے؟ اگر اس کی اجازت کے بغیر نکاح کر دیا گیا تو وہ اکراہ کے حکم میں ہوگی۔
بہرحال حالت اکراہ میں نکاح قطعاً جائز نہیں۔
واللہ أعلم۔
(1)
شوہر دیدہ بالغہ کا نکاح اس کی رضامندی کے بغیر نہیں کیا جاسکتا، نکاح کرنے والا باپ ہو یا اس کے علاوہ کوئی دوسرا۔
اس میں تمام اہل علم کا اتفاق ہے۔
اسی طرح اس امر میں بھی اتفاق ہے کہ کنواری نابالغہ کا نکاح اس کا باپ ہی کر سکتا ہے۔
شوہر دیدہ نابالغ اور کنواری بالغہ کے متعلق اختلاف ہے لیکن امام بخاری رحمہ اللہ کے عنوان سے معلوم ہوتا ہے کہ لڑکی کنواری ہو یا بیوہ، چھوٹی ہو یا بڑی، نکاح کے وقت اس کی رضامندی بنیادی شرط ہے، حدیث کے ظاہری الفاظ کا بھی یہی تقاضا ہے، نیز بیوہ سے مشورہ اور کنواری سے اجازت کا لفظ استعمال ہوا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ بیوہ منہ سے بول کر اپنی رضامندی کا اظہار کرے کیونکہ اپنے سابقہ تجربے کی وجہ سے اس کے بول کر کہنے میں کسی قسم کی حیا مانع نہیں ہوتی لیکن کنواری حیا کے مارے اپنی رائے کا اظہار نہیں کر سکتی، اس لیے اس کی خاموشی ہی اجازت سمجھی جائے گی۔
(2)
فقہاء نے اس کے متعلق مزید وضاحت کی ہے کہ اجازت لیتے وقت اس کا ہنس دینا بھی اجازت کی علامت ہے لیکن اگر مذاق کے طور پر ہنسے تو یہ رضامندی نہیں ہوگی۔
اس کا مذاق یا خوشی سے ہنسنا حالات و قرائن سے معلوم کیا جا سکتا ہے۔
اگر اجازت کے وقت وہ روپڑے تو یہ اجازت کی علامت نہیں۔
لیکن بعض اوقات خوشی کے موقع پر بھی آنسو آ جاتے ہیں، پھر آنسوؤں کے متعلق بھی تفصیل ہے: اگر آنسو گرم ہیں تو اجازت نہیں اور اگر آنسو ٹھنڈے ہیں تو یہ اجازت کی علامت ہیں کیونکہ خوشی کے آنسو ٹھنڈے ہوتے ہیں جبکہ غم اور پریشانی میں آنسو گرم آتے ہیں۔
والله اعلم
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” عورتوں سے ان کی شادی کے بارے میں مشورہ کیا کرو “، کہا گیا: کنواری لڑکی تو شرم کرتی ہے، اور چپ رہتی ہے (بول نہیں پاتی)؟ آپ نے فرمایا: ” اس کی خاموشی ہی اس کی اجازت ہے۔“ [سنن نسائي/كتاب النكاح/حدیث: 3268]