صحيح البخاري
كتاب المحاربين— کتاب: ان کفار و مرتدوں کے احکام میں جو مسلمانوں سے لڑتے ہیں
بَابُ هَلْ يَقُولُ الإِمَامُ لِلْمُقِرِّ لَعَلَّكَ لَمَسْتَ أَوْ غَمَزْتَ: باب: کیا امام (زنا کا) اقرار کرنے والے سے یہ کہے کہ شاید تو نے چھوا ہو یا آنکھ سے اشارہ کیا ہو۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ الْجُعْفِيُّ ، حَدَّثَنَا وَهْبُ بْنُ جَرِيرٍ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، قَالَ : سَمِعْتُ يَعْلَى بْنَ حَكِيمٍ ، عَنْ عِكْرِمَةَ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، قَالَ : " لَمَّا أَتَى مَاعِزُ بْنُ مَالِكٍ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ لَهُ : " لَعَلَّكَ قَبَّلْتَ ، أَوْ غَمَزْتَ ، أَوْ نَظَرْتَ ، قَالَ : لَا يَا رَسُولَ اللَّهِ ، قَالَ : أَنِكْتَهَا " لَا يَكْنِي ، قَالَ : فَعِنْدَ ذَلِكَ أَمَرَ بِرَجْمِهِ .´مجھ سے عبداللہ بن محمد الجعفی نے بیان کیا ، کہا ہم سے وہب بن جریر نے بیان کیا ، کہا ہم سے ہمارے والد نے کہا کہ میں نے یعلیٰ بن حکیم سے سنا ، انہوں نے عکرمہ سے اور ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` جب ماعز بن مالک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا کہ غالباً تو نے بوسہ دیا ہو گا یا اشارہ کیا ہو گا یا دیکھا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ نہیں یا رسول اللہ ! نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر فرمایا کیا پھر تو نے ہمبستری ہی کر لی ہے ؟ اس مرتبہ آپ نے کنایہ سے کام نہیں لیا ۔ بیان کیا کہ اس کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں رجم کا حکم دیا ۔
تشریح، فوائد و مسائل
معلوم ہوا کہ قاضی کے لیے زنا کا اقرار کرنے والے کو تلقین کرنا جائز ہے تاکہ وہ اپنا دفاع کر سکے کیونکہ زنا کا اطلاق نظر بازی اور بوس وکنارپر بھی ہوتا ہے، پھر دو ٹوک الفاظ میں زنا کرنے کی وضاحت کرائے کیونکہ اشاروں کنایوں سے حدود ثابت نہیں ہوتیں، چنانچہ دیگر احادیث میں ہے کہ حضرت ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ نے جب اپنے متعلق چار دفعہ اقرار کیا کہ میں نے زنا کیا ہے، مجھ پر حد قائم کریں تو آپ نے فرمایا: ’’تو دیوانہ تو نہیں؟‘‘ پھر آپ نے اس کی قوم سے دریافت فرمایا: ’’اسے جنون کا مرض تو نہیں ہے؟‘‘ پھر حاضرین سے پوچھا: ’’اس نے شراب تو نہیں پی؟‘‘ انھوں نے منہ سونگھ کر بتایا کہ نہیں۔
آپ نے فرمایا: ’’شاید تو نے بوس وکنار سے کام لیا ہو یا تونے نظر بازی کی ہو؟‘‘ اس نے کہا: نہیں۔
آپ نے فرمایا: ’’کیا تو اس کے ساتھ لیٹا تھا؟‘‘ کہا: ہاں۔
فرمایا: کیا تو نے اس سے مباشرت کی؟‘‘عرض کی: ہاں۔
فرمایا: ’’کیا تو نے اس سے جماع کیا؟‘‘ اس نے عرض کی: ہاں۔
اس روایت میں ہے کہ آپ نے جماع کے لیے دو ٹوک واضح اور صریح الفاظ استعمال فرمائے، کسی قسم کا اشارہ یا کنایہ نہ کیا۔
آپ نے مزید فرمایا: ’’کیا تونے دخول کیا تھا؟‘‘ عرض کی: ہاں۔
فرمایا: ’’جس طرح سرمچو، سرمے دانی میں اور ڈول، کنویں میں غائب ہو جاتا ہے؟‘‘ اس نے کہا: ہاں۔
آخر میں آپ نے فرمایا: ’’تجھے معلوم ہے زنا کسے کہتے ہیں؟‘‘ اس نے کہا: میں نے اس سے وہی کچھ کیا ہے جو ایک خاوند اپنی بیوی سے کرتا ہے۔
آپ نے فرمایا: ’’اب تو کیا چاہتا ہے؟‘‘ اس نے عرض کی: آپ مجھے پاک کر دیں۔
اس طرح کے بہت سے مختلف قسم کے سوال کرنے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے رجم کرنے کا حکم دیا۔
(فتح الباري: 152/12)
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ماعز بن مالک رضی الله عنہ سے فرمایا: ” تمہارے بارے میں جو مجھے خبر ملی ہے کیا وہ صحیح ہے؟ “ ماعز رضی الله عنہ نے کہا: میرے بارے میں آپ کو کیا خبر ملی ہے؟ آپ نے فرمایا: ” مجھے خبر ملی ہے کہ تم نے فلاں قبیلے کی لونڈی کے ساتھ زنا کیا ہے؟ “ انہوں نے کہا: ہاں، پھر انہوں نے چار مرتبہ اقرار کیا، تو آپ نے حکم دیا، تو انہیں رجم کر دیا گیا۔ [سنن ترمذي/كتاب الحدود/حدیث: 1427]
وضاخت: 1؎:
یعنی مجرم اگر اپنے گناہ کا خود اقرار کر رہا ہو تو اس کے سامنے ایسی باتیں رکھنا جن کی وجہ سے اس پر حد واجب نہ ہو۔
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ سے فرمایا: ” کیا تمہارے متعلق جو بات مجھے معلوم ہوئی ہے صحیح ہے؟ “ وہ بولے: میرے متعلق آپ کو کون سی بات معلوم ہوئی ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ تم نے بنی فلاں کی باندی سے زنا کیا ہے؟ “ انہوں نے کہا: ہاں، پھر چار بار اس کی گواہی دی، تو آپ نے انہیں رجم کرنے کا حکم دیا، چنانچہ وہ رجم کر دیئے گئے۔ [سنن ابي داود/كتاب الحدود /حدیث: 4425]
ان احادیث میں کوئی تعارض نہیں ہے، بلکہ قوم کےلوگوں نےاس کو رسول اللہﷺ کی خدمت میں آنے کا کہا، آپ نے بھی اس سے دریافت فرمایا تواس نے چار بار اقرار کیا تو اس پر حد قائم کی گئی۔
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ سے فرمایا: ” شاید تو نے بوسہ لیا ہو گا، یا ہاتھ سے چھوا ہو گا، یا دیکھا ہو گا؟ “ انہوں نے کہا: نہیں، ایسا نہیں ہوا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” پھر کیا تم نے اس سے جماع کیا ہے؟ “ انہوں نے عرض کیا: جی ہاں، تو اس اقرار کے بعد آپ نے انہیں رجم کرنے کا حکم دیا۔ [سنن ابي داود/كتاب الحدود /حدیث: 4427]
اس واقعہ میں نبیﷺ نے ہرقسم کے شکوک ازالہ کر لینےاور زنا کا یقین ہوجانے کے بعد رجم کرنے کا حکم دیا اور اب بھی قاضی اور حاکم کو یہی تعلیم ہے، جیسے کہ اگلی حدیث میں کھلی صراحت لیے جانے کا بیان ہے۔
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے، اور انہوں نے عرض کیا کہ میں نے زنا کر لیا ہے، آپ نے ان سے منہ پھیر لیا، پھر انہوں نے کئی بار یہی بات دہرائی، ہر بار آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا منہ پھیر لیتے تھے، پھر آپ نے ان کی قوم کے لوگوں سے پوچھا: ” کیا یہ دیوانہ تو نہیں؟ “ لوگوں نے کہا: نہیں ایسی کوئی بات نہیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ” کیا واقعی تم نے ایسا کیا ہے؟ “ انہوں نے عرض کیا: ہاں واقعی، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں سنگسار کئے جانے کا حکم دیا،۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الحدود /حدیث: 4421]
حضرت ماعز رضی اللہ عنہ کو جب حد لگی تواس وقت فوری طور پر جنازہ نہیں پڑھا گیا، جیسے کہ صیح بخاری کی روایت میں ہے۔
دیکھیے (صحیح البخاري، الحدود، حدیث: ٦٨٢)
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ماعز بن مالک جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے دریافت فرمایا ’’ شاید تو نے بوس و کنار کیا ہو یا چھیڑ چھاڑ کی ہو اور نظر بد ڈالی ہو۔ “ اس نے کہا نہیں اے اللہ کے رسول! (بخاری) «بلوغ المرام/حدیث: 1037»
«أخرجه البخاري، الحدود، باب هل يقول الإمام للمقر: لعلك لمست أو غمزت، حديث:6824.»
تشریح: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جب تک زانی صاف اور صریح الفاظ سے اقرار جرم اپنی آزادی اور مرضی سے نہ کرے اس وقت تک اسے سنگسار کرنے کا حکم نہیں دیا جائے گا‘ نیز وہ بیرونی و اندرونی کسی قسم کے دباؤ میں بھی نہ ہو۔