صحيح البخاري
كتاب الأيمان والنذور— کتاب: قسموں اور نذروں کے بیان میں
بَابُ كَيْفَ كَانَتْ يَمِينُ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ؟ باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم قسم کس طرح کھاتے تھے۔
حَدَّثَنِي إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى ، أَخْبَرَنَا هِشَامٌ هُوَ ابْنُ يُوسُفَ ، عَنْ مَعْمَرٍ ، عَنْ هَمَّامٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ أَبُو الْقَاسِمِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " وَالَّذِي نَفْسُ مُحَمَّدٍ بِيَدِهِ ، لَوْ تَعْلَمُونَ مَا أَعْلَمُ ، لَبَكَيْتُمْ كَثِيرًا ، وَلَضَحِكْتُمْ قَلِيلًا " .´مجھ سے ابراہیم بن موسیٰ نے بیان کیا ، انہوں نے کہا ہم کو ہشام بن یوسف نے خبر دی ، انہیں معمر نے ، انہیں ہمام بن منبہ نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” اس ذات کی قسم ! جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر تم بھی آخرت کی وہ مشکلات جانتے جو میں جانتا ہوں تو تم زیادہ روتے اور کم ہنستے ۔“
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت ابو القاسم ﷺ نے فرمایا: ”اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر ان (اخروی حقائق اور قیامت کی ہولناکیوں) کا تمہیں علم ہو جائے جو میں جانتا ہوں تو تم زیادہ روتے اور بہت کم ہنستے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جان ہے! جو کچھ میں جانتا ہوں اگر تمہیں بھی معلوم ہو جائے تو تم روتے زیادہ اور کم ہنستے۔" [صحيفه همام بن منبه/متفرق/حدیث: 12]
ان الفاظ سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ نبی صلی الله علیہ وسلم کے دل میں الله کی خشیت اور خوف بہت زیادہ تھا، جو کسی اور کے دل میں کبھی بھی نہیں ہو سکتا۔ مزید برآں رسول الله صلی الله علیہ وسلم کا فرمان ہے: ((إِنِّىْ أَخْشَاكُمْ لِلّهِ وَأَتْقَاكُمْ لَهُ)) "میں تم سب سے زیادہ الله سے ڈرنے والا اور اس کا تقوی رکھنے والا ہوں۔ " (فتح الباری: 11/ 527-528)
اس حدیث سے نبی صلی الله علیہ وسلم کی فضیلت بھی ظاہر ہوتی ہے۔
تم زیادہ روتے اور کم ہنستے: یہ بات نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم نے صحابہ کو ڈرانے کے لیے ارشاد فرمائی، تاکہ وہ تھوڑی بہت وقتی طور پر بھی غفلت کا شکار نہ ہوں، اور الله کا خوف ہمیشہ ہمیشہ ان کے دلوں میں رہے۔
حسن بصری رحمة الله علیہ کا قول ہے: "جو شخص یہ جانتا ہے کہ موت نے آنا ہے، قیامت قائم ہونی ہے، اور الله کے سامنے کھڑے ہوکر حساب و کتاب دینا ہے، تو اس کے لیے ضروری ہے کہ دنیا میں (زندگی کا) طویل حصہ رنج و غم میں گزارے۔ " (فتح الباری: 11/ 319-320)
رسول الله صلی الله علیہ وسلم قرآن مجید کے مفسر اعظم ہیں۔ آپ صلی الله علیہ وسلم کی یہ حدیث الله تعالیٰ کے اس فرمان کی تفسیر ہے: فَلْيَضْحَكُوا قَلِيلًا وَلْيَبْكُوا كَثِيرًا جَزَاءً بِمَا كَانُوا يَكْسِبُونَ (التوبة: 82)
"پس وہ تھوڑا ہنسیں اور زیادہ روئیں، اس سبب سے جو انہوں نے کمایا ہے۔ "
ابن ابو طلحہ نے ابن عباس رضی الله عنہما سے روایت کیا ہے کہ دنیا کی زندگی بہت قلیل ہے، یہ اس میں جس قدر چاہیں ہنس لیں جب دنیا ختم ہو جائے گی اور یہ الله تعالیٰ کے پاس پہنچیں گے تو انہیں اس قدر رونا پڑے گا جو کبھی ختم نہ ہوگا۔ (تفسیر ابن کثیر: 3/ 135، طبع دارالسلام۔ تفسیر ابن ابی حاتم: 6/ 1855)
بقول شاعر
ہر وقت کا ہنسنا تجھے برباد نہ کر دے
تنہائی کے لمحوں میں کبھی رو بھی لیا کر