صحيح البخاري
كتاب الرقاق— کتاب: دل کو نرم کرنے والی باتوں کے بیان میں
بَابٌ في الْحَوْضِ: باب: حوض کوثر کے بیان میں۔
وَزَادَ ابْنُ أَبِي عَدِيٍّ ، عَنْ شُعْبَةَ ، عَنْ مَعْبَدِ بْنِ خَالِدٍ ، عَنْ حَارِثَةَ ، سَمِعَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَوْلَهُ : حَوْضُهُ مَا بَيْنَ صَنْعَاءَ ، وَالْمَدِينَةِ ، فَقَالَ لَهُ الْمُسْتَوْرِدُ : أَلَمْ تَسْمَعْهُ ، قَالَ الْأَوَانِي : قَالَ : لَا ، قَالَ الْمُسْتَوْرِدُ : تُرَى فِيهِ الْآنِيَةُ مِثْلَ الْكَوَاكِبِ .´اور ابن ابوعدی محمد بن ابراہیم نے بھی شعبہ سے روایت کیا ، ان سے معبد بن خالد نے اور ان سے حارثہ رضی اللہ عنہ نے کہ` انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد سنا ، اس میں اتنا زیادہ ہے کہ آپ کا حوض اتنا لمبا ہو گا جتنی صنعاء اور مدینہ کے درمیان دوری ہے ۔ اس پر مستورد نے کہا : کیا آپ نے برتنوں والی روایت نہیں سنی ؟ انہوں نے کہا کہ نہیں ۔ مستورد نے کہا کہ کہ اس میں برتن ( پینے کے ) اس طرح نظر آئیں گے جس طرح آسمان میں ستارے نظر آتے ہیں ۔
حضرت حارثہ رضی اللہ عنہ کی نبی ﷺ سے سنی ہوئی ایک روایت میں اضافہ ہے: ”آپ کا حوض اتنا وسیع ہو گا جتنا صنعاء اور مدینہ کے درمیان مسافت ہے۔“ اس پر (راویِ حدیث) مستورد رضی اللہ عنہ نے کہا: ”کیا آپ نے برتنوں والی روایت نہیں سنی؟“ انہوں نے کہا: ”نہیں۔“ مستورد رضی اللہ عنہ نے کہا: ”وہاں برتن اس طرح نظر آئیں گے جیسے آسمان پر ستارے نظر آتے ہیں۔“
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میرے حوض کی مسافت عدن سے عمان بلقاء تک ہے۔
‘‘ (مسند أحمد: 275/5)
واضح رہے کہ یہ مسافت کوئی ناپی ہوئی مسافت نہیں کہ ٹھیک اتنے ہی میل، اتنے ہی فرلانگ اور اتنے ہی گز ہوں گے بلکہ حوض کی وسعت سمجھانے کے لیے عرف کے مطابق یہ اندازے کے مطابق بات کہی گئی ہے۔
مطلب یہ ہے کہ حوض کی وسعت اور لمبائی سینکڑوں میل تک پھیلی ہوئی ہو گی۔
(2)
پہلی حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس امت کو دنیا کی بے رغبتی کی طرف توجہ دلائی ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ہم صدق دل سے حوض کوثر پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں اور آپ کے مبارک ہاتھوں سے حوض کوثر کے جام پینے کے خواہش مند ہیں تو دنیا پرستی سے کنارہ کشی کر کے آخرت بنانے کی فکر میں رہنا چاہیے جیسا کہ ہم پہلے بھی اس کی وضاحت کر آئے ہیں۔