صحیح بخاری — حدیث نمبر 6553
باب: جنت و جہنم کا بیان۔
بَابُ صِفَةِ الْجَنَّةِ وَالنَّارِ:
قَالَ أَبُو حَازِمٍ : فَحَدَّثْتُ بِهِ النُّعْمَانَ بْنَ أَبِي عَيَّاشٍ ، فَقَالَ : حَدَّثَنِي أَبُو سَعِيدٍ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " إِنَّ فِي الْجَنَّةِ لَشَجَرَةً يَسِيرُ الرَّاكِبُ الْجَوَادَ الْمُضَمَّرَ السَّرِيعَ مِائَةَ عَامٍ مَا يَقْطَعُهَا " .´ابوحازم نے بیان کیا کہ پھر میں نے یہ حدیث نعمان بن ابی عیاش سے بیان کی تو انہوں نے کہا کہ مجھ سے ابوسعید رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” جنت میں ایک درخت ہو گا جس کے سایہ میں عمدہ اور تیز رفتار گھوڑے پر سوار شخص سو سال تک چلتا رہے گا اور پھر بھی اسے طے نہ کر سکے گا ۔ “
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بلاشبہ جنت میں ایسا درخت ہے جس کے سائے میں گھوڑ دوڑ کے لیے تیار کردہ تیز رفتار گھوڑے پر سوار شخص سو سال تک چلتا رہے گا، لیکن پھر بھی اسے طے نہ کر سکے گا۔“
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی اس طرح کی ایک حدیث کے آخر میں ہے، حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: اگر تم اس کی تصدیق چاہتے ہو تو قرآن کریم کی اس آیت کو پڑھو: ’’اور لمبے لمبے سائے۔
‘‘ (الواقعة: 30/56 و صحیح البخاري، بدء الخلق، حدیث: 3252) (2)
حضرت اسماء بنت یزید رضی اللہ عنہا سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سدرۃ المنتہیٰ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: ’’اس کی ٹہنیوں کے سائے میں سوار سو سال تک چلتا رہے گا یا سو سال تک اس کے سائے میں رہے گا۔
‘‘ (جامع الترمذي، صفة الجنة، حدیث: 2541) (3)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ بخاری کی پیش کردہ حدیث میں درخت سے مراد سدرۃ المنتہیٰ ہے جیسا کہ ترمذی کی حدیث سے پتا چلتا ہے۔
(فتح الباري: 517/11)