صحيح البخاري
كتاب الرقاق— کتاب: دل کو نرم کرنے والی باتوں کے بیان میں
بَابُ كَيْفَ الْحَشْرُ: باب: حشر کی کیفیت کے بیان میں۔
حَدَّثَنَا قَيْسُ بْنُ حَفْصٍ ، حَدَّثَنَا خَالِدُ بْنُ الْحَارِثِ ، حَدَّثَنَا حَاتِمُ بْنُ أَبِي صَغِيرَةَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ ، قَالَ : حَدَّثَنِي الْقَاسِمُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ أَبِي بَكْرٍ ، أَنَّ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، قَالَتْ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " تُحْشَرُونَ حُفَاةً عُرَاةً غُرْلًا " ، قَالَتْ عَائِشَةُ : فَقُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ : الرِّجَالُ وَالنِّسَاءُ يَنْظُرُ بَعْضُهُمْ إِلَى بَعْضٍ ، فَقَالَ : " الْأَمْرُ أَشَدُّ مِنْ أَنْ يُهِمَّهُمْ ذَاكِ " .´ہم سے قیس بن حفص نے بیان کیا ، کہا ہم سے خالد بن حارث نے بیان کیا ، کہا ہم سے حاتم بن ابی صغیرہ نے بیان کیا ، ان سے عبداللہ بن ابی ملکیہ نے بیان کیا ، کہا کہ مجھ سے قاسم بن محمد بن ابی بکر نے بیان کیا اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” تم ننگے پاؤں ، ننگے جسم ، بلا ختنہ کے اٹھائے جاؤ گے ۔ “ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ اس پر میں نے پوچھا : یا رسول اللہ ! تو کیا مرد عورتیں ایک دوسرے کو دیکھتے ہوں گے ؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس وقت معاملہ اس سے کہیں زیادہ سخت ہو گا ، اس کا خیال بھی کوئی نہیں کر سکے گا ۔
تشریح، فوائد و مسائل
إلا ماشاءاللہ۔
قیامت کے دن لوگ بالکل ننگے میدان محشر میں آئیں گے جیسا کہ درج ذیل آیت سے معلوم ہوتا ہے: ’’اور تم ہمارے پاس اکیلے ہی آؤ گے جیسا کہ ہم نے تمہیں پہلی بار پیدا کیا تھا۔
‘‘ (الأنعام: 94/6)
ایک روایت میں ہے: ’’قیامت کی ہولناکیوں کے پیش نظر مرد، عورتوں کی طرف اور عورتیں مردوں کی طرف نہیں دیکھیں گے کیونکہ وہاں ہر ایک کو اپنی ہی پڑی ہو گی۔
‘‘ (المستدرك للحاکم: 609/4)
ایک دوسری روایت میں ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ حدیث بیان کی تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے عرض کی: اللہ کے رسول! مستور اور پوشیدہ رکھے جانے والے اعضاء کا کیا ہو گا؟ آپ نے فرمایا: ’’سورۂ عبس کی درج ذیل آیت پڑھو: ’’اس دن ہر ایک کی ایسی حالت ہو گی جو اسے دوسروں سے بے پروا بنا دے گی۔
‘‘ (سنن النسائي، الجنائز، حدیث: 2085)
(1)
حفاة، حاف کی جمع ہے، ننگے پیر۔
(2)
عراة: عارکی جمع ہے، برہنہ بدن، بے لباس، (3)
غرل: اغرل کی جمع ہے، غیر مختون۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے، لوگوں کا حشر، اس انداز سے ہو گا، جس انداز سےو ہ دنیا میں آئے تھے، اعمال کے سوا، ان کے پاس دنیا کی کوئی چیز نہیں ہوگی، جیسا کہ قرآن مجید میں ہے، ''جس طرح ہم نے تمہاری تخلیق کی ابتدا کی تھی، اس طرح اس کا اعادہ کریں گے، انبیا، آیت نمبر (104)
اور حالات کی دہشت اور خطر ناکی کی بنا پر کوئی کسی کی طرف دیکھے گا نہیں، اس کے بعد لباس پہنایا جائے گا۔
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” لوگ قیامت کے دن ننگے پاؤں، ننگے بدن (اور) غیر مختون اٹھائے جائیں گے “، تو اس پر عائشہ رضی اللہ عنہا نے پوچھا: لوگوں کی شرمگاہوں کا کیا حال ہو گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” اس دن ہر ایک کی ایسی حالت ہو گی جو اسے (ان چیزوں سے) بے نیاز کر دے گی۔“ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 2085]
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے پوچھا: اللہ کے رسول! لوگ قیامت کے دن کیسے اٹھائے جائیں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” ننگے پاؤں، ننگے بدن “، میں نے کہا: عورتیں بھی اسی طرح؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” عورتیں بھی “، میں نے کہا: اللہ کے رسول! پھر شرم نہیں آئے گی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” عائشہ! معاملہ اتنا سخت ہو گا کہ (کوئی) ایک دوسرے کی طرف نہ دیکھے گا “ ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4276]
فوائد و مسائل:
(1)
لوگ جب قبروں سے نکلیں گے اس وقت ننگے پاؤں اور بے لباس ہوں گے بعد میں انھیں اپنے اپنے درجے کے مطابق لباس مل جائے گا۔
(2)
قیامت کے معاملات بہت سخت ہیں۔
بعض مراحل ایسے ہیں جن میں کسی کو کسی کا ہوش نہ ہوگا۔
البتہ بعض مراحل میں ایک دوسرے سے بات چیت ہوگی۔