صحيح البخاري
كتاب الدعوات— کتاب: دعاؤں کے بیان میں
بَابُ التَّعَوُّذِ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ: باب: عذاب قبر سے پناہ مانگنا۔
حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ عُقْبَةَ ، قَالَ : سَمِعْتُ أُمَّ خَالِدٍ بِنْتَ خَالِدٍ ، قَالَ : وَلَمْ أَسْمَعْ أَحَدًا سَمِعَ مِنَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ غَيْرَهَا ، قَالَتْ : " سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَتَعَوَّذُ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ " .´ہم سے عبداللہ بن زبیر حمیدی نے بیان کیا ، کہا ہم سے سفیان بن عیینہ نے ، کہا ہم سے موسیٰ بن عقبہ نے بیان کیا ، کہا کہ میں نے ام خالد بنت خالد بن سعید رضی اللہ عنہما سے سنا ( موسیٰ نے ) بیان کیا کہ` میں نے ان کے سوا کسی ایسے شخص سے نہیں سنا جس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہو ، انہوں نے بیان کیا کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ قبر کے عذاب سے اللہ کی پناہ مانگتے تھے ۔
موسیٰ بن عقبہ رحمہ اللہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ”میں نے ام خالد بنت خالد رضی اللہ عنہا سے سنا۔“ انہوں نے (یہ بھی) کہا: ”میں نے ام خالد رضی اللہ عنہا کے علاوہ اور کسی ایسے شخص سے، جس نے نبی ﷺ سے سنا ہو، نہیں سنا۔“ انہوں نے کہا: ”میں نے نبی ﷺ سے سنا، آپ ﷺ عذابِ قبر سے پناہ مانگتے تھے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
طبرانی کی روایت میں ہے کہ آپ نے فرمایا: ’’عذاب قبر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرو کیونکہ عذاب قبر برحق ہے۔
‘‘ (فتح الباري: 307/3)
اس روایت سے پہلی روایت کی تفسیر بھی ہوتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب عذاب کی آواز سنے بغیر عذاب قبر سے اللہ کی پناہ مانگتے تھے تو آواز سننے پر بالاولیٰ پناہ طلب کرنا ثابت ہوتا ہے۔
(2)
مصنف نے اس روایت کو کتاب الدعوات میں بھی بیان کیا ہے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ اس حدیث کو ام خالد ؓ کے علاوہ اور کسی صحابی نے بیان نہیں کیا۔
(صحیح البخاري، الدعوات، حدیث: 6364)
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ عذاب قبر حق ہے، اس سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنی چاہیے۔ عذاب قبر کے اثبات میں بے شمار احادیث ہیں، مثلاً: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «نعم، عذاب القبر حق» (ہاں، عذاب قبر حق ہے) (متفق علیہ)
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ سلم نے فرمایا: (قبر میں) کافر سے کہا جائے گا: تیرا رب کون ہے؟ تو وہ کہے گا: مجھے معلوم نہیں ہے، تو وہ اس وقت گونگا، بہرا اور اندھا ہو جائے گا تو اس کو ایک ایسے ہتھوڑے سے مارا جائے گا کہ اگر اس کو کسی پہاڑ پر مارا جائے تو وہ مٹی ہو جائے، انسانوں اور جنوں کے علاوہ ہر کوئی اس کی چیخ کو سنتا ہے۔ (سنن ابی داود: 4750، سنن ترمذی: 3120، قال الألباني: صحیح)
یاد رہے کہ محض عقل فاسد کی بنا پر قرآن و حدیث سے ثابت شدہ مسئلے کا انکار کرنا یا تاویل کرنا بہت بڑی گمراہی ہے، اور اپنی آخرت تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ عذاب قبر عقیدے کا مسئلہ ہے، ہمارا عقیدہ ہے کہ عذاب قبرحق ہے۔