حدیث نمبر: 5912
وَقَالَ أَبُو هِلَالٍ 9 ، حَدَّثَنَا قَتَادَةُ ، عَنْ أَنَسٍ ، أَوْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، " كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ضَخْمَ الْكَفَّيْنِ وَالْقَدَمَيْنِ لَمْ أَرَ بَعْدَهُ شَبَهًا لَهُ " .
مولانا داود راز

´اور ابوہلال نے بیان کیا ، ان سے قتادہ نے بیان کیا اور ان سے انس رضی اللہ عنہ یا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلیاں اور قدم بھرے ہوئے تھے ، آپ جیسا پھر میں نے کوئی خوبصورت آدمی نہیں دیکھا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب اللباس / حدیث: 5912
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
5912. حضرت انس یا حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ کی ہتھلیاں اور قدم مبارک گوشت سے بھرے ہوئے تھے۔ میں نے آپ جیسا (خوبصورت) کوئی آدمی نہیں دیکھا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5912]
حدیث حاشیہ:
(1)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلیاں گوشت سے بھرپور ہونے کے باوجود سخت نہیں تھیں بلکہ انتہائی گداز اور نرم تھیں جیسا کہ سیدنا انس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلیاں ریشم اور دیبا سے بھی زیادہ نرم تھیں۔
(صحیح البخاري، المناقب، حدیث: 3561) (2)
امام بخاری رحمہ اللہ پر کچھ اہل علم نے اعتراض کیا ہے کہ مذکورہ احادیث کا عنوان سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ ان میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے موئے مبارک کے متعلق کچھ بیان نہیں ہوا لیکن یہ اعتراض مبنی برحقیقت نہیں کیونکہ امام بخاری رحمہ اللہ نے ان احادیث کو کسی مسئلے کے ثبوت کے لیے پیش نہیں کیا بلکہ ان کا مقصود یہ ہے کہ سیدنا انس رضی اللہ عنہ کے شاگرد حضرت قتادہ سے ناقلین کا اختلاف بیان کیا جائے اور یہ اختلاف حدیث کی صحت کو متاثر نہیں کرتا، ویسے بھی ان احادیث کے بعض طرق میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کا ذکر ہے۔
اس عنوان کے تحت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کا وصف بیان کرنا اصل مقصود ہے، دیگر مباحث اس مقصد کے تابع ہیں۔
واللہ أعلم (فتح الباري: 441/10)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5912 سے ماخوذ ہے۔