صحيح البخاري
كتاب الطب— کتاب: دوا اور علاج کے بیان میں
بَابُ مَنْ لَمْ يَرْقِ: باب: دم جھاڑ نہ کرانے کی فضیلت۔
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ ، حَدَّثَنَا حُصَيْنُ بْنُ نُمَيْرٍ ، عَنْ حُصَيْنِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، قَالَ : خَرَجَ عَلَيْنَا النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَوْمًا ، فَقَالَ : " عُرِضَتْ عَلَيَّ الْأُمَمُ فَجَعَلَ يَمُرُّ النَّبِيُّ مَعَهُ الرَّجُلُ ، وَالنَّبِيُّ مَعَهُ الرَّجُلَانِ ، وَالنَّبِيُّ مَعَهُ الرَّهْطُ ، وَالنَّبِيُّ لَيْسَ مَعَهُ أَحَدٌ ، وَرَأَيْتُ سَوَادًا كَثِيرًا سَدَّ الْأُفُقَ ، فَرَجَوْتُ أَنْ تَكُونَ أُمَّتِي ، فَقِيلَ هَذَا مُوسَى وَقَوْمُهُ ، ثُمَّ قِيلَ لِي : انْظُرْ ، فَرَأَيْتُ سَوَادًا كَثِيرًا سَدَّ الْأُفُقَ ، فَقِيلَ لِي انْظُرْ هَكَذَا وَهَكَذَا ، فَرَأَيْتُ سَوَادًا كَثِيرًا سَدَّ الْأُفُقَ ، فَقِيلَ هَؤُلَاءِ أُمَّتُكَ وَمَعَ هَؤُلَاءِ سَبْعُونَ أَلْفًا يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ بِغَيْرِ حِسَابٍ " ، فَتَفَرَّقَ النَّاسُ وَلَمْ يُبَيَّنْ لَهُمْ ، فَتَذَاكَرَ أَصْحَابُ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالُوا : أَمَّا نَحْنُ فَوُلِدْنَا فِي الشِّرْكِ وَلَكِنَّا آمَنَّا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ وَلَكِنْ هَؤُلَاءِ هُمْ أَبْنَاؤُنَا فَبَلَغَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ : " هُمُ الَّذِينَ لَا يَتَطَيَّرُونَ ، وَلَا يَسْتَرْقُونَ ، وَلَا يَكْتَوُونَ ، وَعَلَى رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُونَ " ، فَقَامَ عُكَّاشَةُ بْنُ مِحْصَنٍ ، فَقَالَ : أَمِنْهُمْ أَنَا يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ ، قَالَ : نَعَمْ ، فَقَامَ آخَرُ ، فَقَالَ : أَمِنْهُمْ أَنَا ، فَقَالَ : سَبَقَكَ بِهَا عُكَاشَةُ .´ہم سے مسدد بن مسرہد نے بیان کیا ، کہا ہم سے حصین بن نمیر نے بیان کیا ، ان سے حصین بن عبدالرحمٰن نے ، ان سے سعید بن جبیر نے اور ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن ہمارے پاس باہر تشریف لائے اور فرمایا کہ ( خواب میں ) مجھ پر تمام امتیں پیش کی گئیں ۔ بعض نبی گزرتے اور ان کے ساتھ ( ان کی اتباع کرنے والا ) صرف ایک ہوتا ۔ بعض گزرتے اور ان کے ساتھ دو ہوتے بعض کے ساتھ پوری جماعت ہوتی اور بعض کے ساتھ کوئی بھی نہ ہوتا پھر میں نے ایک بڑی جماعت دیکھی جس سے آسمان کا کنارہ ڈھک گیا تھا میں سمجھا کہ یہ میری ہی امت ہو گی لیکن مجھ سے کہا گیا کہ یہ موسیٰ علیہ السلام اور ان کی امت کے لوگ ہیں پھر مجھ سے کہا کہ دیکھو میں نے ایک بہت بڑی جماعت دیکھی جس نے آسمانوں کا کنارہ ڈھانپ لیا ہے ۔ پھر مجھ سے کہا گیا کہ ادھر دیکھو ، ادھر دیکھو ، میں نے دیکھا کہ بہت سی جماعتیں ہیں جو تمام افق پر محیط تھیں ۔ کہا گیا کہ یہ آپ کہ امت ہے اور اس میں سے ستر ہزار وہ لوگ ہوں گے جو بے حساب جنت میں داخل کئے جائیں گے پھر صحابہ مختلف جگہوں میں اٹھ کر چلے گئے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی وضاحت نہیں کی کہ یہ ستر ہزار کون لوگ ہوں گے ۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے آپس میں اس کے متعلق مذاکرہ کیا اور کہا کہ ہماری پیدائش تو شرک میں ہوئی تھی البتہ بعد میں ہم اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لے آئے لیکن یہ ستر ہزار ہمارے بیٹے ہوں گے جو پیدائش ہی سے مسلمان ہیں ۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ بات پہنچی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ ستر ہزار وہ لوگ ہوں گے جو بدفالی نہیں کرتے ، نہ منتر سے جھاڑ پھونک کراتے ہیں اور نہ داغ لگاتے ہیں بلکہ اپنے رب پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ یہ سن کر عکاشہ بن محصن رضی اللہ عنہ نے عرض کیا : یا رسول اللہ ! کیا میں بھی ان میں سے ہوں ؟ فرمایا کہ ہاں ۔ ایک دوسرے صاحب سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ نے کھڑے ہو کر عرض کیا میں بھی ان میں سے ہوں ؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عکاشہ تم سے بازی لے گئے کہ تم سے پہلے عکاشہ کے لیے جو ہونا تھا ہو چکا ۔
تشریح، فوائد و مسائل
«. . . فَبَلَغَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: " هُمُ الَّذِينَ لَا يَتَطَيَّرُونَ، وَلَا يَسْتَرْقُونَ، وَلَا يَكْتَوُونَ، وَعَلَى رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُونَ . . .»
". . . آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ ستر ہزار وہ لوگ ہوں گے جو بدفالی نہیں کرتے، نہ منتر سے جھاڑ پھونک کراتے ہیں اور نہ داغ لگاتے ہیں بلکہ اپنے رب پر بھروسہ کرتے ہیں . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب الطِّبِّ/بَابُ مَنْ لَمْ يَرْقِ: 5752]
[131۔ البخاري فى: 76 كتاب الطب: 42 باب من لم يرق 3410، مسلم 220، ابن ماجه 6430]
لغوی توضیح:
«لَا يَتَطَيَّرُوْنَ» وہ بدشگونی نہیں پکڑتے۔
«لَا يَسْتَرْقُوْنَ» وہ دم طلب نہیں کرتے، حالانکہ دم کرنا اور کرانا جائز ہے جب تک کہ شرکیہ امور پر مشتمل نہ ہو۔ [مسلم: كتاب السلام: باب لا بأس بالرقي ما لم يكن فيه شرك 2200]
لیکن وہ لوگ اللہ تعالیٰ پر کمال توکل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جائز چیز کو بھی ترک کر دیتے ہیں۔
«وَلَا يَكْتَوُوْنَ» وہ داغ نہیں لگواتے۔ یہ علاج کا ایک طریقہ تھا کہ جسم میں درد کے مقام پر گرم لوہے کی سلاخ سے داغ لگایا جاتا تھا۔ یہ کام اب جائز نہیں کیونکہ اس سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرما دیا ہے۔ [بخاري: كتاب الطب 5680، ابن ماجه 3491، مسند أحمد 245/2]
ستر ہزار کا ان اربوں میں کیا شمار۔
بہر حال امت محمدی تمام امتوں سے زیادہ ہوگی اور آپ اپنی امت کی یہ کثرت دیکھ کر فخر کریں گے۔
یا اللہ! آپ کی سچی امت میں ہمارا بھی حشر فرمائیو اور آپ کا حوض کوثر پر دیدار نصیب کیجیو آمین یا رب العالمین۔
(1)
عنوان میں دم نہ کرنے والوں کو فضیلت تھی جبکہ حدیث میں دم نہ کرانے والوں کا ذکر ہے، شاید امام بخاری رحمہ اللہ نے اس روایت کی طرف اشارہ کیا ہے جسے امام مسلم رحمہ اللہ نے سعید بن جبیر کے حوالے سے بیان کیا ہے، جس کے الفاظ یہ ہیں کہ وہ ایسے لوگ ہوں گے جو نہ خود دم کرتے ہیں اور نہ کسی دوسرے ہی سے دم کرنے کی درخواست کرتے ہیں، نہ وہ بدشگونی لیتے ہیں بلکہ اپنے رب ہی پر توکل کرتے ہیں۔
(صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 527 (220)
یعنی حساب کے بغیر جنت میں جانے والے وہ لوگ ہوں گے جنہوں نے مکمل طور پر خود کو اللہ تعالیٰ کے حوالے کر دیا ہو گا۔
وہ اپنی تکالیف کو دور کرنے کے لیے کسی قسم کے اسباب و ذرائع تلاش نہیں کریں گے۔
(2)
اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ایسے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کے ہاں برتری اور فضیلت حاصل ہو گی کیونکہ علاج معالجہ چھوڑ کر توکل اختیار کرنا بھی حدیث سے ثابت ہے۔
حدیث میں ہے کہ ایک عورت کو مرگی کی تکلیف تھی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کہا: ’’اگر تم صبر کرو تو تمہارے لیے جنت ہے اور اگر تم چاہو تو میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں وہ تمہیں شفا عطا فرما دے گا۔
‘‘ اس نے کہا: میں اس بیماری پر صبر کرتی ہوں۔
(صحیح البخاري، المرض، حدیث: 5652)
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دوا اور علاج کرنا تو آپ کا یہ فعل ہمارے لیے علاج کے اسباب اختیار کرنے کے لیے جواز کی دلیل ہے۔
اس مقام پر حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بہت عمدہ بحث کی ہے۔
(فتح الباري: 231/10)
1۔
بہت بڑی جماعت کو سواد سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ ﷺ کی امت کے بعد حضرت موسیٰ ؑ کی امت تمام انبیاء ؑ کی امتوں سے زیادہ ہوگی۔
امام بخاری ؒ نے متصل طور پر یہ روایت کتاب الطب میں بیان کی ہے۔
آپ نے فرمایا: ’’ایک نبی ایسا بھی سامنے آئے گا۔
جس کے ساتھ کوئی امتی نہیں ہو گا۔
‘‘ موسیٰ ؑ کی امت کے بعدآپ اپنی امت کو دیکھیں گے جو تمام امتوں سے زیادہ ہوگی۔
(صحیح البخاري، الطب، حدیث: 5705)
2۔
اس حدیث میں حضرت موسیٰ ؑ اور ان کی امت کا ذکر ہے جو قیامت کے دن پیش کی جائے گی۔
اس لیے امام بخاری ؒ نے مذکورہ عنوان کے تحت اسے بیان فرمایا۔
(1)
ایک روایت میں ہے: ''وہ آگ سے داغ دے کر اپنا علاج نہیں کریں گے۔
'' (صحیح البخاري، الطب، حدیث: 5705)
بعض حضرات نے اس حدیث سے یہ مفہوم کشید کیا ہے کہ وہ خوش قسمت حضرات اسباب کا استعمال کر کے اللہ تعالیٰ پر توکل کرنے والے ہوں گے۔
امام بخاری رحمہ اللہ ان کی تردید کرنا چاہتے ہیں کہ اگر حدیث کا یہ مقصد ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی صراحت فرما دیتے لیکن اس حدیث میں صرف تین چیزوں کا ذکر ہے: آگ سے داغ دے کر علاج کروانا۔
دم کا مطالبہ کرنا اور بدشگونی لینا۔
(2)
یہ اسباب خود شریعت میں ممنوع ہیں تو حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ یہ بندے وہ ہوں گے جو اپنے مقاصد اور ضروریات میں اللہ تعالیٰ پر اعتماد اور بھروسا کرنے کی وجہ سے ان اسباب کو استعمال نہیں کرتے ہوں گے جو اللہ تعالیٰ کو ناپسند ہیں، اس لیے مطلقاً اسباب کو ترک کرنا حدیث کا مقصد نہیں ہے۔
حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے بھی حدیث کا یہی مفہوم بیان کیا ہے۔
(حجة اللہ البالغة: 92/2) (3)
اس حدیث کو صرف پیش گوئی پر ہی محمول نہ کیا جائے بلکہ حدیث کا اصل منشا یہ ہے کہ لوگ اپنی زندگی کو معیاری توکل والی زندگی بنانے کی کوشش کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جنت میں بے حساب جانے والوں کی فہرست میں ان کا نام آ جائے۔
اللهم اجعلنا منهم۔
آمين يا رب العالمين
جنگ بدر میں ان کی تلوار ٹوٹ گئی تھی تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو ایک چھڑی دے دی جو ان کے ہاتھ میں تلوار ہوگئی۔
بعد کی لڑائیوں میں بھی شریک رہے۔
فضلائے صحابہ میں سے تھے جو خلافت صدیقی میں بعمر48 سال فوت ہوگئے۔
حضرت ابن عباس، حضرت ابوہریرہ اور ان کی بہن ام قیس رضی اللہ عنہا ان سے روایت کرتے ہیں۔
سند میں حضرت سعید بن جبیر کا نام آیا ہے۔
جنہیں حجاج بن یوسف نے شعبان95ھ میں ظلم و جور سے قتل کیا تھا۔
سعید بن جبیر کی بددعا سے کچھ دنوں بعد ہی حجاج کا اس بری طرح خاتمہ ہوا کہ وہ لوگوں کے لیے عبرت بن گیا۔
جیسا کہ کتب تواریخ میں مفصل حالات مطالعہ کیے جا سکتے ہیں۔
ہم نے بھی کچھ تفصیل کسی جگہ پیش کی ہے۔
من شاء فلینطر إلیه۔
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم معراج کے لیے تشریف لے گئے تو وہاں آپ کا ایک نبی اور کئی نبیوں کے پاس سے گزر ہوا، ان میں سے کسی نبی کے ساتھ ان کی پوری امت تھی، کسی کے ساتھ ایک جماعت تھی، کسی کے ساتھ کوئی نہ تھا، یہاں تک کہ آپ کا گزر ایک بڑے گروہ سے ہوا، تو آپ نے پوچھا یہ کون ہیں؟ کہا گیا: یہ موسیٰ اور ان کی قوم ہے، آپ اپنے سر کو بلند کیجئے اور دیکھئیے: تو یکایک میں نے ایک بہت بڑا گروہ دیکھا جس نے آسمان کے کناروں کو اس جانب سے اس جانب تک گھیر رکھا تھا، مجھ سے کہا گیا کہ یہ آپ کی امت ہے اور اس کے سوا آپ ک۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع/حدیث: 2446]
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے ان لوگوں کی فضیلت ثابت ہوتی ہے جو اللہ پر اعتماد، بھروسہ اور توکل کرتے ہیں، جھاڑ پھونک اور بدشگونی وغیرہ سے بھی بچتے ہیں باوجود یکہ مسنون دعاؤں کے ساتھ دم کرنا اور علاج معالجہ کرنا جائز ہے یہ اللہ رب العالمین پراعتمادوتوکل کی اعلی مثال ہے۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "میری امت میں سے ستر ہزار بغیر حساب جنت میں جائیں گے۔" عکاشہ بن محصن رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: اللہ سے دعا فرمائیں کہ وہ مجھے ان میں سے بنا دے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اے اللہ! اسے ان میں سے بنا دے۔" پھر دوسرے شخص نے عرض کیا: اللہ سے دعا فرمائیں کہ وہ مجھے ان میں سے بنا دے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "عکاشہ اس میں تم پر بازی لے گیا۔" [مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الايمان/حدیث: 28]
ایک حدیث میں ہے سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سُنا کہ میرے رب نے میرے ساتھ وعدہ کیا ہے کہ میری امت سے ستر ہزار افراد کو وہ بلا حساب اور عذاب، جنت میں داخل فرمائے گا۔ اور ہر ہزار کے ساتھ (مزید) ستر ہزار آدمی جنت میں داخل فرمائے گا اور تین لپ بھرے ہوئے میرے رب کے اور بھی جنت میں داخل ہوں گے۔ [سنن ترمذي۔ ابواب صفة القيامه۔ باب ماجاء في الشفاعة]
مذکورہ حدیث سے اُمت محمدیہ کی فضیلت واضح ہے کہ انچاس لاکھ ستر ہزار افراد بغیر حساب و کتاب جنت میں داخل ہوں گے۔ بعض روایات میں ہے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم مذکورہ بالا روایت سنا کر گھر تشریف لے گئے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپس میں ان ستر ہزار کے بارے میں قیاس آرائیاں کرنے لگے، بعض نے کہا: یہ وہ ہوں گے جو اسلام پر پیدا ہوئے اور انہوں نے شرک نہیں کیا۔ بعض نے کہا: جن کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت کا شرف حاصل ہوا ہے یہ وہ لوگ ہیں۔ جب نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اپنی مختلف آراء کا اظہار کیا۔
نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ وہ ہیں: «لَا يكتُوونَ وَلَا يَستَرِقونَ وَلايَتطَيَّرُونَ وَ علٰي رَبِّهِم يَتَوَكَلُونَ .» [صحيح بخاري: رقم: 6541]
"جو داغ نہیں لگواتے، دم جھاڑ نہیں کرواتے، شگون نہیں لیتے، اپنے رب پر بھروسہ کرتے ہیں۔" مذکورہ حدیث مبارکہ میں بغیر حساب و کتاب جنت میں داخل ہونے والوں کی نمایاں صفات بیان کی گئی ہیں کہ وہ شرک کی کسی بھی قسم میں مبتلا نہیں ہوتے اور ان کا دم، داغ پر بھروسہ نہیں ہوتا بلکہ اللہ پر توکل کرتے ہیں کہ اس دوائی دم میں تب شفا ہو گی جب اللہ ذوالجلال نے دی یعنی اللہ پر پختہ یقین ہونا چاہئے۔ مذکورہ حدیث سے سیدنا عکاشہ بن محصن اسدی رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا بھی اثبات ہے کہ وہ قطعی طور پر بغیر حساب و کتاب جنت میں جائیں گے۔ جو دوسرے صحابی کھڑے ہوئے۔ وہ سیدنا سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ تھے تو فرمایا: "عکاشہ اس میں تم پر بازی لے گیا" مطلب یہ کہ وہ قبولیت کی گھڑی تھی جو اب نکل چکی ہے۔