حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ ، حَدَّثَنَا جَرِيرٌ ، عَنْ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ وَأَبِي سُفْيَانَ ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، قَالَ : " جَاءَ أَبُو حُمَيْدٍ بِقَدَحٍ مِنْ لَبَنٍ مِنَ النَّقِيعِ ، فَقَالَ لَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " أَلَّا خَمَّرْتَهُ ، وَلَوْ أَنْ تَعْرُضَ عَلَيْهِ عُودًا " .´ہم سے قتیبہ بن سعید نے بیان کیا ، کہا ہم سے جریر نے بیان کیا ، ان سے اعمش نے ، ان سے ابوصالح ( ذکوان ) اور ابوسفیان ( طلحہ بن نافع قرشی ) نے اور ان سے جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` ابو حمید ساعدی مقام نقیع سے دودھ کا ایک پیالہ ( کھلا ہوا ) لائے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا کہ اسے ڈھک کر کیوں نہیں لائے ایک لکڑی ہی اس پر رکھ لیتے ۔
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت ابو حمید ساعدی رضی اللہ عنہ مقام نقیع سے دودھ کا ایک پیالہ لائے تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا: ”تو نے اسے ڈھانپا کیوں نہیں؟ اگرچہ اس کے عرض کے بل ایک لکڑی ہی رکھ دیتے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
دودھ یا پانی کھلا لانے میں یہ خرابی ہے کہ اس میں خاک پڑتی ہے کیڑے اڑ کر گرتے ہیں۔
(1)
نقیع، مدینہ طیبہ کے جنوب میں حجاز کی ایک بڑی وادی (ندی)
ہے۔
یہ اس حرے میں بہتی ہے جس میں سے وادی الفرع بہتی ہے، پھر نقیع شمال کا رخ کرتی ہے اور جبال قدس اس کے بائیں جانب ہیں۔
مدینہ کے 38 میل جنوب میں بئر الماشی کے سامنے تک اس کا نام وادی النقیع ہے، پھر اسے ذوالحلیفہ تک عقیق الحسا کا نام دیا جاتا ہے، پھر یہ عقیق المدینہ کہلاتی ہے حتی کہ مجمع الأسیال میں جا ملتی ہے۔
مدینہ سے قریباً 40 کلومیٹر سے لے کر فرع کے قریب 120 کلومیٹر، یعنی آخری انتہا تک اس کی لمبائی 80 کلومیٹر ہے۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے سرکاری جانوروں کے لیے مخصوص کر رکھا ہے۔
(معجم المعالم الجغرافیة في السیرة النبویة، ص: 320) (2)
برتن کو ڈھانپنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ وہ گرد و غبار اور کیڑوں مکوڑوں سے محفوظ رہتا ہے، نیز ان وباؤں سے بھی محفوظ رہتا ہے جو آسمان سے نازل ہوتی ہیں۔