صحيح البخاري
كتاب الأشربة— کتاب: مشروبات کے بیان میں
بَابُ نَزَلَ تَحْرِيمُ الْخَمْرِ وَهْيَ مِنَ الْبُسْرِ وَالتَّمْرِ: باب: شراب کی حرمت جب نازل ہوئی تو وہ کچی اور پکی کھجوروں سے تیار کی جاتی تھی۔
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ ، حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ ، عَنْ أَبِيهِ ، قَالَ : سَمِعْتُ أَنَسًا ، قَالَ : كُنْتُ قَائِمًا عَلَى الْحَيِّ أَسْقِيهِمْ عُمُومَتِي ، وَأَنَا أَصْغَرُهُمُ الْفَضِيخَ ، فَقِيلَ : حُرِّمَتِ الْخَمْرُ ، فَقَالُوا : أَكْفِئْهَا ، فَكَفَأْتُهَا ، قُلْتُ لِأَنَسٍ : مَا شَرَابُهُمْ ؟ ، قَالَ : رُطَبٌ وَبُسْرٌ ، فَقَالَ أَبُو بَكْرِ بْنُ أَنَسٍ وَكَانَتْ خَمْرَهُمْ فَلَمْ يُنْكِرْ أَنَسٌ ، وَحَدَّثَنِي بَعْضُ أَصْحَابِي ، أَنَّهُ سَمِعَ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ يَقُولُ : كَانَتْ خَمْرَهُمْ يَوْمَئِذٍ .´ہم سے مسدد نے بیان کیا ، کہا ہم سے معتمر نے بیان کیا ، ان سے ان کے والد نے کہ میں نے انس رضی اللہ عنہ سے سنا ، انہوں نے بیان کیا کہ` ایک قبیلہ میں کھڑا میں اپنے چچاؤں کو کھجور کی شراب پلا رہا تھا میں ان میں سب سے کم عمر تھا ۔ کسی نے کہا کہ شراب حرام کر دی گئی ۔ ان حضرات نے کہا کہ اب اسے پھینک دو ۔ چنانچہ ہم نے شراب پھینک دی ۔ میں نے انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ وہ کس چیز کی شراب بنتی تھی ؟ فرمایا کہ تازہ پکی ہوئی اور کچی کھجوروں کی ۔ ابوبکر بن انس نے کہا کہ ان کی شراب ( کھجور کی ) ہوتی تھی تو انس رضی اللہ عنہ نے اس کا انکار نہیں کیا اور مجھ سے میرے بعض اصحاب نے بیان کیا کہ انہوں نے انس رضی اللہ عنہ سے سنا ، انہوں نے بیان کیا کہ اس زمانہ میں ان کی شراب اکثر کچی اور پکی کھجور سے تیار کی جاتی تھی ۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ”میں ایک قبیلے میں کھڑا اپنے چچاؤں کو کھجوروں سے تیار کردہ شراب پلا رہا تھا کیونکہ میں ان میں سب سے کم عمر تھا۔ اس دوران میں کسی نے کہا کہ ”شراب حرام کر دی گئی ہے۔“ حاضرین نے کہا: ”اب اسے بہا دو“، چنانچہ میں نے شراب کو بہا دیا۔“ راوی نے پوچھا کہ ”یہ شراب کس چیز سے بنتی تھی؟“ انہوں نے فرمایا: ”تازہ کچی پکی کھجوروں سے۔“ حضرت ابوبکر بن انس نے کہا: ”ان کی شراب یہی ہوتی تھی۔“ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے اس کا انکار نہ کیا، میرے کچھ ساتھیوں نے خبر دی انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ ”اس وقت ان کی شراب اس قسم کی ہوتی تھی۔“