صحيح البخاري
كتاب الأضاحي— کتاب: قربانی کے مسائل کا بیان
بَابُ مَا يُؤْكَلُ مِنْ لُحُومِ الأَضَاحِيِّ وَمَا يُتَزَوَّدُ مِنْهَا: باب: قربانی کا کتنا گوشت کھایا جائے اور کتنا جمع کر کے رکھا جائے۔
قَالَ أَبُو عُبَيْدٍ : ثُمَّ شَهِدْتُهُ مَعَ عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ ، فَصَلَّى قَبْلَ الْخُطْبَةِ ، ثُمَّ خَطَبَ النَّاسَ ، فَقَالَ : " إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَهَاكُمْ أَنْ تَأْكُلُوا لُحُومَ نُسُكِكُمْ فَوْقَ ثَلَاثٍ " ، وعَنْ مَعْمَرٍ ، عَنْ الزُّهْرِيِّ ، عَنْ أَبِي عُبَيْدٍ نَحْوَهُ .´ابوعبید نے بیان کیا کہ` پھر میں عید کی نماز میں علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے ساتھ آیا ۔ انہوں نے بھی نماز خطبہ سے پہلے پڑھائی پھر لوگوں کو خطبہ دیا اور کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تمہیں اپنی قربانی کا گوشت تین دن سے زیادہ کھانے کی ممانعت کی ہے اور معمر نے زہری سے اور ان سے ابوعبید نے اسی طرح بیان کیا ۔
حضرت ابو عبید ہی روایت کرتے ہیں کہ پھر میں عید کے دن حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ہمراہ تھا، انہوں نے خطبہ سے پہلے نماز عید پڑھی، پھر لوگوں کو خطبہ دیتے ہوئے فرمایا: ”رسول اللہ ﷺ نے تمہیں اپنی قربانی کا گوشت تین دن سے زیادہ تک کھانے کی ممانعت کی ہے“، معمر نے امام زہری سے، انہوں نے ابو عبید سے اسی طرح بیان کیا ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
حضرت علی رضی اللہ عنہ نے جب عید پڑھائی اور خطبہ دیا تو اس وقت حضرت عثمان رضی اللہ عنہ محصور تھے اور دیہات میں رہنے والوں کو اس فتنے نے مدینہ طیبہ میں آنے پر مجبور کر دیا تھا، اس سال بھی لوگ سخت مشقت میں مبتلا ہوئے تو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے مذکورہ حدیث سنائی تاکہ مشقت زدہ لوگوں کو قربانی کا گوشت کھلایا جائے۔
اگر اب بھی ایسے حالات پیدا ہو جائیں تو قربانی کے گوشت سے ان حضرات کی خاطر تواضع کی جا سکتی ہے۔
(2)
واضح رہے کہ یہ پابندی ان لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے قربانی کی ہو، البتہ جن کے پاس قربانی کا گوشت بطور ہدیہ آیا ہو، ان پر تین دن سے زیادہ تک رکھنے کی پابندی نہیں ہے جیسا کہ ایک حدیث میں اس کی صراحت ہے۔
(فتح الباري: 34/10)