صحيح البخاري
كتاب الذبائح والصيد— کتاب: ذبیح اور شکار کے بیان میں
بَابُ الْوَسْمِ وَالْعَلَمِ فِي الصُّورَةِ: باب: جانوروں کے چہروں پر داغ دینا یا نشان کرنا کیسا ہے؟
حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى ، عَنْ حَنْظَلَةَ ، عَنْ سَالِمٍ ، عَنْ ابْنِ عُمَرَ أَنَّهُ كَرِهَ أَنْ تُعْلَمَ الصُّورَةُ ، وَقَالَ ابْنُ عُمَرَ : " نَهَى النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنْ تُضْرَبَ " . تَابَعَهُ قُتَيْبَةُ ، حَدَّثَنَا الْعَنقْزِيُّ ، عَنْ حَنْظَلَةَ ، وَقَالَ : " تُضْرَبُ الصُّورَةُ " .´ہم سے عبیداللہ بن موسیٰ نے بیان کیا ، ان سے حنظلہ نے ، ان سے سالم نے ، ان سے ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہ` وہ چہرے پر نشان لگانے کو ناپسند کرتے تھے اور ابن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے چہرے پر مارنے سے منع کیا ہے ۔ عبیداللہ بن موسیٰ کے ساتھ اس حدیث کو قتیبہ بن سعید نے بھی روایت کیا ، کہا ہم کو عمرو بن محمد عنقزی نے خبر دی ، انہوں نے حنظلہ سے ۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، وہ چہرے پر نشان لگانے کو مکروہ خیال کرتے تھے، حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما ہی نے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے ”(چہرے پر) مارنے سے منع فرمایا ہے“، ایک روایت میں ہے کہ ”چہرے کو مارنے سے منع کیا ہے“۔
تشریح، فوائد و مسائل
ان کو اس حدیث سے نصیحت لینی چاہیئے۔
(1)
امام بخاری رحمہ اللہ نے پہلے موقوف روایت بیان کی ہے اس کے بعد مرفوع روایت کو ذکر کیا ہے۔
یہ مرفوع روایت، موقوف کے لیے بطور دلیل ہے کہ جب چہرے پر مارنا منع ہے تو اس پر نشان لگانا کس طرح جائز ہو سکتا ہے۔
یہ بھی ممکن ہے کہ انہوں نے عنوان میں اس روایت کی طرف اشارہ کیا ہو جو اس کے متعلق صریح ہے، چنانچہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چہرے پر مارنے اور چہرے پر نشان لگانے سے منع فرمایا ہے۔
(صحیح مسلم، اللباس و الزینة، حدیث: 5550 (2116)
ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے ایسا گدھا گزرا جس کے چہرے پر نشان لگایا گیا تھا تو آپ نے فرمایا: ’’اس شخص پر اللہ کی لعنت ہو جس نے یہ داغ لگایا ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، اللباس و الزینة، حدیث: 5552 (2117) (2)
چہرے کے علاوہ جسم کے کسی دوسرے حصے پر بطور علامت داغ لگانا جائز ہے۔
اس کی وضاحت آئندہ ہو گی۔
واللہ أعلم