صحيح البخاري
كتاب النفقات— کتاب: خرچہ دینے کے بیان میں
بَابُ خِدْمَةِ الرَّجُلِ فِي أَهْلِهِ: باب: مرد اپنے گھر کے کام کاج کرے تو کیسا ہے؟
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَرْعَرَةَ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ الْحَكَمِ بْنِ عُتَيْبَةَ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ ، عَنْ الْأَسْوَدِ بْنِ يَزِيدَ ، سَأَلْتُ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا مَا ، " كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَصْنَعُ فِي الْبَيْتِ ؟ قَالَتْ : كَانَ فِي مِهْنَةِ أَهْلِهِ ، فَإِذَا سَمِعَ الْأَذَانَ خَرَجَ " .´ہم سے محمد بن عرعرہ نے بیان کیا ، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا ، ان سے حکم بن عتبہ نے ، ان سے ابراہیم نے ، ان سے اسود بن یزید نے کہ میں نے عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ` گھر میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کیا کیا کرتے تھے ؟ ام المؤمنین رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم گھر کے کام کیا کرتے تھے ، پھر آپ جب اذان کی آواز سنتے تو باہر چلے جاتے تھے ۔
حضرت اسود بن یزید سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ ”نبی ﷺ گھر میں کیا کیا کرتے تھے؟“ تو انہوں نے فرمایا: ”آپ ﷺ گھر کے کام کیا کرتے تھے، پھر جب آپ ﷺ اذان سنتے تو فوراً باہر چلے جاتے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
إلا ما شاءاللہ۔
(1)
ایک روایت میں ہے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عام انسانوں جیسے ایک انسان تھے، اپنے کپڑوں کو سی لیتے، بکری کا دودھ نکالتے اور اپنے کام کرتے تھے۔
(صحیح ابن حبان بترتیب ابن بلبان: 490/12، رقم: 5676، و فتح الباري: 212/2)
ابن حبان کی ایک روایت میں ہے کہ اپنے جوتے کو خود ٹانکا لگا لیتے اور پھٹا ہوا ڈول درست کر لیتے۔
(الشمائل للترمذي: 335، و صحیح ابن حبان بترتیب ابن بلبان: 489/12، رقم: 5675) (2)
ان روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ گھریلو زندگی میں انسان کو اپنے اہل خانہ کی مدد کرنی چاہیے۔
یہ ہمارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔
جو لوگ گھر میں بچھے بچھائے بستر پر بیٹھ کر انتظار کرتے ہیں کہ ہمارے حضور تیار شدہ کھانا پیش کیا جائے اور ہر کام میں دوسروں کا سہارا ڈھونڈتے ہیں وہ زیرک اور دانا نہیں ہیں۔
ایسے لوگوں کی صحت بھی خراب رہتی ہے اور دوران سفر میں انہیں سخت تکلیف اٹھانی پڑتی ہے، اس لیے انسان کو چاہیے کہ اپاہج اور سست بننے کی بجائے اپنے گھر میں اہل خانہ کے ساتھ تعاون کرے اور ان کا ہاتھ بٹائے۔
واللہ المستعان
(1)
امام بخارى ؒ نے مذکورہ عنوان کو ثابت کرنے کے لیے تعامل پیش کیا کہ رسول اللہ ﷺ فارغ اوقات میں اپنے گھر اہل خانہ کے کاموں میں بھی ہاتھ بٹاتے تھے مگر جماعت کے وقت انھیں چھوڑ کر مسجد میں تشریف لے جاتے۔
واضح رہے کہ اہل خانہ کی خدمت میں رسول اللہ ﷺ کے ذاتی کام اور معمولات بھی شامل ہیں کیونکہ حضرت عائشہ ؓ نے اس کی تفصیل بیان کی ہے کہ آپ اپنے کپڑوں کی صفائی بھی کرلیتے تھے، اپنی بکری کا دودھ بھی دوہ لیتے تھے اور اپنا کام خود کرتے تھے۔
بعض روایات میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنا کپڑا سی لیتے، جوتا مرمت کر لیتے اور ڈول درست کر لیتے تھے۔
امام حاکم نے لکھا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ سے کبھی کسی عورت یا خادم کو زدو کوب نہیں کیا، نیز معلوم ہوا کہ انسان کو اپنے گھرمیں تواضع اختیار کرنی چاہیے اور اہل خانہ کا ہاتھ بٹانا چاہیے۔
(2)
امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی تالیف الادب المفرد میں اس حدیث پر بایں الفاظ عنوان قائم کیا ہے: ’’آدمی اپنے گھر میں کس انداز سے رہے؟‘‘ ان احادیث و آثار کے پیش نظر علماء حضرات کو چاہیے کہ وہ اسوۂ رسول پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھر میں گھریلو مصروفیات میں شریک ہوں کیونکہ ہمارے اسلاف اپنے کام خود سر انجام دیتے تھے اور سلف صالحین کا یہی معمول رہا ہے۔
(والله الموفق وهو يهدي من يشاء إلى سواء السبيل)
المھنة بکسر المیم و بفتحھا و أنکر الا لمع الکسر و فسرھا بخدمة أھله (فتح الباری)
یعنی لفظ مھنة میم کے زیر اور زبرہر دو کے ساتھ جائز ہے اور گھر والوں کی خدمت پر یہ لفظ بولا جاتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کانجی پہلو کس قدر تابناک ہے کہ آپ گھر میں افسر یا چودھری بن کر نہیں بیٹھتے تھے بلکہ امور خانہ داری میں دلچسپی لیتے۔
اس کی مزید وضاحت دوسری احادیث میں ہے کہ آپ اپنے کپڑوں کو خود پیوند لگا لیتے، جوتا سی لیتے، بکری کا دودھ نکال لیتے اور ہر وہ کام کرتے جو مرد حضرات اپنے گھروں میں کرتے ہیں، گویا اپنے عمل کے ذریعےسے امت کو سبق دے رہے ہیں کہ انسان کو گھریلو کام کاج کرنے میں عار محسوس نہیں کرنی چاہیے بلکہ اہل خانہ کا ہاتھ بٹانا چاہیے۔
(فتح الباري: 566/10)
اسود بن یزید کہتے ہیں کہ میں نے عائشہ رضی الله عنہا سے پوچھا کیا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب اپنے گھر میں داخل ہوتے تھے تو کیا کرتے تھے؟ کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھر والوں کے کام کاج میں مشغول ہو جاتے تھے، پھر جب نماز کا وقت ہو جاتا تو کھڑے ہوتے اور نماز پڑھنے لگتے تھے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع/حدیث: 2489]
وضاحت:
1؎:
اس حدیث میں تواضع کے اپنانے، غرور و تکبر چھوڑنے اور اپنے اہل وعیال کی خدمت کرنے کی ترغیب ہے۔