حَدَّثَنَا آدَمُ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، حَدَّثَنَا جَبَلَةُ بْنُ سُحَيْمٍ ، سَمِعْتُ ابْنَ عُمَرَ ، يَقُولُ : قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " الشَّهْرُ هَكَذَا وَهَكَذَا وَهَكَذَا يَعْنِي ثَلَاثِينَ ، ثُمَّ قَالَ : وَهَكَذَا وَهَكَذَا وَهَكَذَا يَعْنِي تِسْعًا وَعِشْرِينَ ، يَقُولُ مَرَّةً ثَلَاثِينَ وَمَرَّةً تِسْعًا وَعِشْرِينَ " .´ہم سے آدم نے بیان کیا ، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا ، کہا ہم سے جبلہ بن سحیم نے بیان کیا ، انہوں نے ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا ، انہوں نے بیان کیا کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مہینہ اتنے ، اتنے اور اتنے دنوں کا ہوتا ہے ۔ آپ کی مراد تیس دن سے تھی ۔ پھر فرمایا اور اتنے ، اتنے اور اتنے دنوں کا بھی ہوتا ہے ۔ آپ کا اشارہ انتیس دنوں کی طرف تھا ۔ ایک مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیس کی طرف اشارہ کیا اور دوسری مرتبہ انتیس کی طرف ۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں سے اشارہ کر کے فرمایا: ”مہینہ اتنے، اتنے دنوں کا ہوتا ہے۔“ یعنی تیس دنوں کا۔ پھر فرمایا: ”اتنے، اتنے اور اتنے دنوں کا ہوتا ہے۔“ یعنی انتیس دنوں کا۔ ایک مرتبہ آپ ﷺ نے تیس کی طرف اور دوسری مرتبہ انتیس کی طرف اشارہ کیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
امام بخاری ؒ نے انتہائی اختصار کے ساتھ یہ حدیث بیان کی ہے۔
مسلم کی روایت میں تفصیل ہے، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کے اشارے سے فرمایا کہ مہینہ اس طرح، اس طرح اور تیسری مرتبہ ایک انگلی کو بند کر کے فرمایا کہ اس طرح ہوتا ہے، یعنی 10 10 9=29 انتیس دن کا اور کبھی اس طرح، اس طرح اور اس طرح ہوتا ہے، یعنی 10 10 10=30 پورے تیس دن کا۔
(صحیح مسلم، الصیام، حدیث: 2511(1080) (2)
اس حدیث سے یہ وضاحت کرنا مقصود ہے کہ ہماری عبادات کو کھلی اور واضح علامتوں کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے، چنانچہ اس سائنسی دور میں بڑی بڑی دور بینوں سے چاند برآمد کر لینا اور پھر وحدت امت کی آڑ میں تمام ممالک اسلامیہ میں ایک ہی دن رمضان کا آغاز یا عید کا اہتمام کرنا فطرتِ اسلام کے خلاف ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے اپنے ہاتھوں سے اشارہ کر کے اس فطری سادگی کی طرف اشارہ کیا ہے۔
(3)
حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ حساب سے مراد نجوم کا حساب ہے اور عرب اس سے ناواقف تھے۔
رسول اللہ ﷺ نے روزہ رکھنے اور عید منانے کو چاند دیکھنے پر موقوف رکھا ہے تاکہ امت کو حساب کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔
قیامت تک یہی حکم باقی رہے گا اگرچہ بعد میں ایسے لوگ پیدا ہو جائیں جو علم نجوم میں ماہر ہوں۔
(4)
رسول اللہ ﷺ کا فیصلہ ہے کہ اگر بادل یا گردوغبار کی وجہ سے انتیس تاریخ کو چاند نظر نہ آئے تو موجودہ مہینے کو تیس دن کا شمار کر لیا جائے۔
آپ نے حساب وغیرہ کا قطعا اعتبار نہیں کیا، بصورت دیگر آپ فرما دیتے کہ اہل حساب سے دریافت کر لو۔
اہل حساب کا علم محض ظن و تخمین پر مبنی ہے، اس میں قطعیت نہیں ہے، اس لیے اس پر انحصار کیا جائے تو معاملہ انتہائی خطرناک ہو جائے گا، نیز علم نجوم جاننے والے بہت کم لوگ ہیں۔
(فتح الباري: 163/4)
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ہم ان پڑھ لوگ ہیں نہ ہم لکھنا جانتے ہیں اور نہ حساب و کتاب، مہینہ ایسا، ایسا اور ایسا ہوتا ہے، (آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں سے بتایا) "، راوی حدیث سلیمان نے تیسری بار میں اپنی انگلی بند کر لی، یعنی مہینہ انتیس اور تیس دن کا ہوتا ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الصيام /حدیث: 2319]
(1) (أمة أمية) اُمی امت اس کلمہ کی توجیہات میں سے ایک توجیہ یہ ہے کہ یہ (اُم) ماں کی طرف منسوب ہے اور مراد ہے ایسے لوگ جو علم و معرفت کے مسائل میں مادری صفات پر قائم ہوں جسے ہم علم سے کورے سے تعبیر کر سکتے ہیں۔
اور عرب میں تعلیم و تعلم اسلام کی برکت ہی سے آیا ہے، اس سے پہلے ان میں یہ فنون گنتی کے لوگ جانتے تھے۔
اسی لیے اس کا ترجمہ ان پڑھ کر دیا جاتا ہے۔
(2) قمری مہینے کبھی انتیس دن کے ہوتے ہیں اور کبھی تیس دن کے۔
اٹھائیس یا اکتیس کے نہیں ہوتے۔
(3) ابوداود کی اس روایت میں اختصار ہے۔
دوسری روایات میں ہے کہ دوسری مرتبہ آپ نے ہاتھوں کی انگلیوں کے ساتھ تین مرتبہ اشارہ کیا۔
یعنی مہینہ کبھی 29 دن کا اور کبھی 30 دن کا ہوتا ہے۔
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مہینہ انتیس دن کا بھی ہوتا ہے۔" [سنن نسائي/كتاب الصيام/حدیث: 2145]
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم آپ نے فرمایا: " ہم «اُمّی» لوگ ہیں، نہ تو ہم لکھتے ہیں، اور نہ حساب کتاب کرتے ہیں، مہینہ اس طرح ہے، اس طرح ہے اور اس طرح ہے "، اور تیسری بار انگوٹھا بند کر لیا، " مہینہ اس طرح ہے، اس طرح ہے، اور اس طرح ہے، پورے تیس دن " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الصيام/حدیث: 2143]
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ہم «اُمّی» لوگ ہیں، نہ ہم لکھتے پڑھتے ہیں اور نہ حساب کتاب کرتے ہیں، مہینہ اس طرح ہے، اس طرح ہے، اور اس طرح ہے "، (ایسا تین بار کیا) یہاں تک کہ انتیس دن کا ذکر کیا۔ [سنن نسائي/كتاب الصيام/حدیث: 2142]