صحيح البخاري
كتاب النكاح— کتاب: نکاح کے مسائل کا بیان
بَابُ هَلْ لِلْمَرْأَةِ أَنْ تَهَبَ نَفْسَهَا لأَحَدٍ: باب: کیا کوئی عورت کسی سے نکاح کے لیے اپنے آپ کو ہبہ کر سکتی ہے؟
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سَلَامٍ ، حَدَّثَنَا ابْنُ فُضَيْلٍ ، حَدَّثَنَا هِشَامٌ ، عَنْ أَبِيهِ ، قَالَ : " كَانَتْ خَوْلَةُ بِنْتُ حَكِيمٍ مِنَ اللَّائِي وَهَبْنَ أَنْفُسَهُنَّ لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَتْ عَائِشَةُ : أَمَا تَسْتَحِي الْمَرْأَةُ أَنْ تَهَبَ نَفْسَهَا لِلرَّجُلِ ؟ ، فَلَمَّا نَزَلَتْ : تُرْجِي مَنْ تَشَاءُ مِنْهُنَّ سورة الأحزاب آية 51 ، قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، مَا أَرَى رَبَّكَ إِلَّا يُسَارِعُ فِي هَوَاكَ " . رَوَاهُ أَبُو سَعِيدٍ الْمُؤَدِّبُ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ بِشْرٍ ، وَعَبْدَةُ ، عَنْ هِشَامٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ يَزِيدُ بَعْضُهُمْ عَلَى بَعْضٍ .´ہم سے محمد بن سلام نے بیان کیا ، کہا ہم سے محمد بن فضیل نے بیان کیا ، کہا ہم سے ہشام بن عروہ نے بیان کیا ، ان سے ان کے والد نے بیان کیا کہ` خولہ بنت حکیم رضی اللہ عنہا ان عورتوں میں سے تھیں جنہوں نے اپنے آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ہبہ کیا تھا ۔ اس پر عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ ایک عورت اپنے آپ کو کسی مرد کے لیے ہبہ کرتے شرماتی نہیں ۔ پھر جب آیت «ترجئ من تشاء منهن» ” اے پیغمبر ! تو اپنی جس بیوی کو چاہے پیچھے ڈال دے اور جسے چاہے اپنے پاس جگہ دے “ نازل ہوئی تو میں نے کہا : یا رسول اللہ ! اب میں سمجھی اللہ تعالیٰ جلد جلد آپ کی خوشی کو پورا کرتا ہے ۔ اس حدیث کو ابوسعید ( محمد بن مسلم ) ، مؤدب اور محمد بن بشر اور عبدہ بن سلیمان نے بھی ہشام سے ، انہوں نے اپنے والد سے ، انہوں نے عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کیا ہے ۔ ایک نے دوسرے سے کچھ زیادہ مضمون نقل کیا ہے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
علم الٰہی میں کچھ ایسے مخصوص ملی مفادات تھے کہ جن کی بنا پر اللہ پاک نے اپنے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ اجازت عطا فرمائی۔
(1)
اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تین قسم کی عورتوں سے نکاح کی اجازت دی تھی۔
ان میں سے تیسری قسم ان عورتوں کی تھی جو بذاتِ خود آپ کو نکاح کی پیش کش کریں۔
اگر اپنا نفس ہبہ کرنے والی کوئی عورت آپ کو پسند آ جائے تو اس کا حق مہر کچھ نہیں ہوگا اور نہ ولی کی اجازت اور گواہوں کی ضرورت ہی ہوگی۔
عورت کا اپنا نفس ہبہ کر دینا ہی نکاح سمجھا جائے گا۔
ایسی عورتوں کے متعلق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما نے مذکورہ حدیث میں تبصرہ کیا ہے۔
ایک روایت میں ہے کہ مجھے ان عورتوں پر غیرت آتی تھی جو اپنے آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہبہ کر دیتی تھیں۔
میں کہتی: بھلا یہ کیا بات ہوئی کہ کوئی عورت اپنا آپ کسی کو ہبہ کر دے، لیکن قرآن کریم نے تبصرہ فرمایا: ’’یہ رعایت صرف آپ کے لیے ہے دوسرے مسلمانوں کے لیے نہیں۔
‘‘ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4788) (2)
ہبہ عورت کے حکم میں اختلاف ہے کہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا خاصہ ہے یا یہ حکم عام ہے؟ اس اختلاف کی طرف امام بخاری رحمہ اللہ نے عنوان میں لفظ "هل" سے اشارہ کیا ہے۔
بہر حال دوسرے مسلمانوں کے لیے حکم ہے کہ وہ نکاح کی دیگر شرائط پوری کریں، یعنی ولی کی اجازت، گواہوں کی موجودگی اور حق مہر کی تعیین وغیرہ اس کے بعد نکاح صحیح ہوگا۔
والله اعلم
1۔
﴿تُرْجِي مَن تَشَاءُ﴾ کی تفسیر میں تین اقوال بیان کیے جاتے ہیں۔
۔
آپ جس بیوی کو چاہیں اپنے پاس رکھیں اور جسے چاہیں طلاق دے دیں۔
۔
آپ جس بیوی کو چاہیں طلاق کے بغیر اسے الگ کردیں اور اس کی باری کسی دوسری بیوی کو دے دیں۔
۔
جو عورت خود کو ہبہ کردے اس کے متعلق آپ کو اختیار ہے اسے قبول کریں یا اسے رد کریں۔
آیت کے الفاظ سے ان تینوں احتمالات کی تائید ہوتی ہے۔
2۔
اس حدیث کے مطابق حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے آخری معنی بیان کیے ہیں کہ آیت کا پس منظر ہبہ کرنے والی خواتین ہیں اور یہ اجازت صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے خاص تھی کہ اگر کوئی مومنہ عورت بغیر حق مہر اپنے آپ کو نکاح میں دینا چاہے تو یہ صرف آپ کے لیے جائز تھا دوسرے مسلمانوں کو اس کی اجازت نہیں۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے دوسرا احتمال بھی بیان ہوا ہے کہ مذکورہ آیت بیویوں کے درمیان باری مقرر کرنے سے متعلق ہے جیسا کہ درج ذیل حدیث سے واضح ہوتا ہے۔
خولہ بنت حکیم رضی اللہ تعالیٰ عنہا۔
فاطمہ بنت شریح رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور یعلی بنت الحلیم رضی اللہ تعالیٰ عنہا لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی کسی کی پیش کش قبول نہیں فرمائی۔
تُرجِی اورتُؤوِی کی علماء نے مختلف تفسیریں کی ہیں: 1۔
جمہور کے نزدیک آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر باری لازم نہ تھی، جس کو چاہیں اپنے پاس بلائیں اور جس کو چاہیں نہ بلائیں۔
3۔
جسے چاہیں طلاق دے دیں اور جس کو چاہیں اپنے نکاح میں رکھیں۔
3۔
اس آیت کا تعلق ان عورتوں سے ہے جنھوں نے اپنے آپ کو ہبہ کیا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اختیار ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کی پیشکش قبول فرمالیں چاہیں تو رد کردیں اور حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے نظریہ کے مطابق اس کا تعلق تیسرے قول ہی سے ہے لیکن بالاتفاق آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے باری کی پابندی کی ہے اور اس رخصت پر عمل نہیں کیا۔
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات سے پہلے آپ کے لیے سب عورتیں حلال ہو چکی تھیں ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3216]
وضاحت:
1؎:
یعنی پچھلی حدیث میں مذکور حرام کردہ عورتیں بعد میں نبی اکرمﷺکے لیے حلال کر دی گئیں تھیں، یہ استنباط عائشہ رضی اللہ عنہا یا دیگر نے اس ارشاد باری سے کیا ہے، ﴿تُرْجِي مَن تَشَاء مِنْهُنَّ وَتُؤْوِي إِلَيْكَ مَن تَشَاء﴾ (الأحزاب: 51) (اے ہمارے حبیب وخلیل نبی!) تمہیں یہ بھی اختیار ہے کہ تم ان عورتوں میں سے جس کو چاہو پیچھے رہنے دو (اُس سے شادی نہ کرو یا موجود بیویوں میں سے جس کی چاہو باری ٹال دو) اور جس کو چاہو اپنے پاس جگہ دو، (گو اس کو باری نہ بھی ہو)
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ میں ان عورتوں سے شرم کرتی تھی ۱؎ جو اپنی جان نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ہبہ کر دیتی تھیں چنانچہ میں کہتی تھی: کیا آزاد عورت اپنی جان (مفت میں) ہبہ کر دیتی ہے؟ پھر اللہ تعالیٰ نے وحی نازل کی «ترجي من تشاء منهن وتؤوي إليك من تشاء» ” ا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب النكاح/حدیث: 3201]
(2) ”پیش کرسکتی ہے۔“ حضرت عائشہؓ نے یہ بات اپنے حالات کے لحاظ سے فرمائی ورنہ ایک مہاجر، بے آسرا نوجوان عورت جو اپنے خاندان سے منقطع ہوچکی ہے، اگر اپنے آپ کو نکاح کے لیے نبی اکرمﷺ پر پیش کرے کہ اگر آپ کی ضرورت ہو تو آپ نکاح فرما لیں ورنہ کسی اور سے کردیں، اس میں ذرہ بھر بھی قباحت نہیں کیونکہ آپ حاکم اعلیٰ تھے اور ایسی بے آسرا نوجوان عورتوں کو سہارا مہیا کرنا آپ کا فرض بنتا تھا۔
(3) ”یہ آیت اتاری۔“ اس آیت سے استدلال کیا گیا ہے کہ نبی اکرمﷺ کے لیے اپنی بیویوں کے لیے باری مقرر کرنا ضروری نہ تھا مگر قربان جائیے آپ کے اخلاق عالیہ پر کہ آپ نے باوجود اتنی وسعت کے نہ صرف باری مقرر کی بلکہ ان سب سے ہر لحاظ سے مساویانہ سلوک فرمایا۔ فِدَاہُ نَفْسِیی وَرُوحِیی وَأَبِیی وَأُمِّییﷺ۔ دیکھیے: (سنن أبي داود، النكاح‘ حدیث: 2135‘ وإرواء الغلیل: 7/75)
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ جب تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم باحیات تھے عورتیں آپ کے لیے حلال تھیں۔ [سنن نسائي/كتاب النكاح/حدیث: 3206]
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کیا عورت اس بات سے نہیں شرماتی کہ وہ اپنے آپ کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ہبہ کر دے؟! تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت اتاری: «ترجي من تشاء منهن وتؤوي إليك من تشاء» جس کو تو چاہے اپنی عورتوں میں سے ” اپنے سے جدا کر دے اور جس کو چاہے اپنے پاس رکھے “ (سورة الأحزاب: 51) تب میں نے کہا: آپ کا رب آپ کی خواہش پر حکم نازل کرنے میں جلدی کرتا ہے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب النكاح/حدیث: 2000]
فوائد و مسائل:
(1)
اسلامی معاشرے میں یہ چیز اچھی نہیں سمجھی جاتی کہ عورت اپنے نکاح کے لیے خود کسی مرد سے درخواست کرے بلکہ صحیح طریقہ یہ ہے کہ درخواست عورت کے سرپرست کے ذریعے سے کی جائے۔
رسول اللہﷺ کی امتیازی شان اس لحاظ سے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی عجیب محسوس ہوئی کہ عورتیں خود ہی آکر کہہ دیتی ہیں کہ اللہ کے رسول ہم سے نکاح کرلیں۔
(2)
نبئ اکرمﷺ امت کے تمام افراد کے سرپرست تھے بلکہ نبی ﷺ کا حق سرپرستوں سے بھی زیادہ تھا۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے: ﴿اَلنَّبِيُّ اَوْلیٰ بِالْمُؤْمِنِیْنَ مِنَ أَنْفُسِهِمْ﴾ (الأحزاب: 6)
’’نبی مومنوں پر خود ان سے بھی زیادہ حق رکھتے والے ہیں۔‘‘
(3)
رسول اللہﷺ کے لیے اللہ کی طرف سے یہ خصوصی رعایت تھی کہ آپ پرازواج مطہرات رضی اللہ عنہن کے درمیان باری کی پابندی کرنا فرض نہیں تھا۔
اس کے باوجود نبیﷺ نے بیویوں میں انصاف کا اعلیٰ ترین نمونہ پیش فرمایا حتی کہ زندگی کے آخری ایام میں، جب مرض کی شدت اس قدر تھی کہ ایک ام المومنین کے گھرسے دوسری کے گھر میں چل کر جانا مشکل تھا، تب بھی آپ باری باری ان کے ہاں تشریف لے جاتے رہے حتی کہ امہات المومنین نے خود ہی عرض کیا کہ آپ جس گھر میں پسند فرمائیں آرام کریں۔
تب نبیﷺ دومردوں کے سہارے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے ہاں تشریف لے گئے اور وہیں وفات پائی۔
اور انہی کے حجرۂ مبارک میں دفن ہوئے۔ (صحیح البخاري، المغازي، باب مرض النبیﷺ ووفاته، حدیث: 4442)