صحيح البخاري
كتاب الصلاة— کتاب: نماز کے احکام و مسائل
بَابُ نَوْمِ الرِّجَالِ فِي الْمَسْجِدِ: باب: مسجدوں میں مردوں کا سونا۔
حَدَّثَنَا يُوسُفُ بْنُ عِيسَى ، قَالَ : حَدَّثَنَا ابْنُ فُضَيْلٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي حَازِمٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : " لَقَدْ رَأَيْتُ سَبْعِينَ مِنْ أَصْحَابِ الصُّفَّةِ مَا مِنْهُمْ رَجُلٌ عَلَيْهِ رِدَاءٌ إِمَّا إِزَارٌ وَإِمَّا كِسَاءٌ قَدْ رَبَطُوا فِي أَعْنَاقِهِمْ ، فَمِنْهَا مَا يَبْلُغُ نِصْفَ السَّاقَيْنِ ، وَمِنْهَا مَا يَبْلُغُ الْكَعْبَيْنِ فَيَجْمَعُهُ بِيَدِهِ كَرَاهِيَةَ أَنْ تُرَى عَوْرَتُهُ " .´ہم سے یوسف بن عیسیٰ نے بیان کیا ، کہا ہم سے ابن فضیل نے اپنے والد کے واسطہ سے ، انہوں نے ابوحازم سے ، انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے کہ` آپ نے فرمایا کہ میں نے ستر اصحاب صفہ کو دیکھا کہ ان میں کوئی ایسا نہ تھا جس کے پاس چادر ہو ۔ فقط تہہ بند ہوتا ، یا رات کو اوڑھنے کا کپڑا جنھیں یہ لوگ اپنی گردنوں سے باندھ لیتے ۔ یہ کپڑے کسی کے آدھی پنڈلی تک آتے اور کسی کے ٹخنوں تک ۔ یہ حضرات ان کپڑوں کو اس خیال سے کہ کہیں شرمگاہ نہ کھل جائے اپنے ہاتھوں سے سمیٹے رہتے تھے ۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: میں نے ستر اصحابِ صفہ کو دیکھا، ان میں کوئی ایسا نہیں تھا جس کے پاس پوری چادر ہو، تہبند ہوتا تھا یا رات کو اوڑھنے کا کپڑا، جنہیں وہ اپنی گردنوں سے باندھ لیتے تھے۔ یہ چادر کسی کی آدھی پنڈلی تک آ جاتی اور کسی کے ٹخنوں تک ہوتی۔ یہ حضرات اپنے کپڑوں کو ہاتھوں سے تھامے رکھتے اس اندیشے کے پیش نظر کہ مبادا ستر کھل جائے۔
تشریح، فوائد و مسائل
اس روایت سے امام بخاری ؒ نے اصحاب صفہ کے فقر وافلاس کو بیان کیا ہے کہ ان کے پاس پہننے کے لیے بھی پورے کپڑے نہ ہوتے تھے، جب غربت کا یہ عالم ہے کہ پہننے کے لیے کپڑے نہیں ہیں تورہنے کے لیے مکان تو بہت دور کی بات ہے، ایسی صورت میں وہ مسجد میں ہی سوتے تھے۔
یہ اصحاب صفہ جنھیں حضرت ابوہریرہ ؓ نے دیکھا، ان اصحاب صفہ کے علاوہ ہیں جن کی تعداد بھی سترتھیں اور جنھیں رسول اللہ ﷺ نے غزوہ بئر معونہ کے لیے بھیجاتھا اور وہ حضرت ابوہریرہ ؓ کے اسلام لانے سے قبل وہاں شہید ہوگئے تھے۔
رضوان اللہ عنھم اجمعین۔
ان کاذکر کتاب المحاربین میں تفصیل سے آئےگا۔
(فتح الباري: 694/1)
بإذن اللہ تعالیٰ۔