حدیث نمبر: 3903
حَدَّثَنِي مَطَرُ بْنُ الْفَضْلِ ، حَدَّثَنَا رَوْحُ بْنُ عُبَادَةَ ، حَدَّثَنَا زَكَرِيَّاءُ بْنُ إِسْحَاقَ ، حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ دِينَارٍ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ ، قَالَ : " مَكَثَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِمَكَّةَ ثَلَاثَ عَشْرَةَ , وَتُوُفِّيَ وَهُوَ ابْنُ ثَلَاثٍ وَسِتِّينَ " .
مولانا داود راز

´مجھ سے مطر بن فضل نے بیان کیا ، کہا ہم سے روح بن عبادہ نے بیان کیا ، کہا ہم سے زکریا بن اسحاق نے بیان کیا ، ان سے عمرو بن دینار نے اور ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت کے بعد مکہ میں تیرہ سال قیام کیا اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی تو آپ کی عمر تریسٹھ سال کی تھی ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب مناقب الأنصار / حدیث: 3903
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2351 | سنن ترمذي: 3652

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
3903. حضرت ابن عباس ؓ ہی سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے (نبوت ملنے کے بعد) تیرہ سال تک مکہ میں قیام فرمایا۔ اور جب آپ کی وفات ہوئی تو آپ کی عمر مبارک تریسٹھ (63) برس کی تھی۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3903]
حدیث حاشیہ:
حضرت ابن عباس ؓ سے جب ان کے شاگرد عمار بن ابی عمار بیان کرتے ہیں توان کے الفاظ یہ ہیں: ’’رسول اللہ ﷺ نے مکہ مکرمہ میں وحی نازل ہونے کے بعد پندرہ برس اقامت فرمائی ان میں سے سات سال تک آپ روشنی اور نوردیکھتے رہے،نیز غائبانہ آواز سنتے رہے، پھر آٹھ برس مسلسل وحی کا سلسلہ جاری رہا۔
‘‘ (صحیح مسلم، الفضائل، حدیث: 6401(2353)
لیکن صحیح بات یہ ہے کہ آپ نبوت ملنے کے بعد تیرہ سال تک مکہ مکرمہ رہے، پھر آپ کو ہجرت کا حکم ہوا تو دس سال مدینہ طیبہ میں قیام فرمایا جیسا کہ صحیح بخاری میں ہے۔
(فتح الباري: 287/7)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3903 سے ماخوذ ہے۔