مرکزی مواد پر جائیں
19 شعبان، 1447 ہجری
حدیث نمبر: 3758
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ عَمْرِو بْنِ مُرَّةَ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ ، عَنْ مَسْرُوقٍ ، قَالَ : ذُكِرَ عَبْدُ اللَّهِ عِنْدَ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو ، فَقَالَ : ذَاكَ رَجُلٌ لَا أَزَالُ أُحِبُّهُ بَعْدَ مَا سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : " اسْتَقْرِئُوا الْقُرْآنَ مِنْ أَرْبَعَةٍ مِنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ فَبَدَأَ بِهِ وَسَالِمٍ مَوْلَى أَبِي حُذَيْفَةَ , وَأُبَيِّ بْنِ كَعْبٍ , وَمُعَاذِ بْنِ جَبَلٍ " ، قَالَ : لَا أَدْرِي بَدَأَ بِأُبَيٍّ أَوْ بِمُعَاذِ بْنِ جَبَلٍ .
مولانا داود راز

´ہم سے سلیمان بن حرب نے بیان کیا ، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا ، ان سے عمرو بن مرہ نے ، ان سے ابراہیم نے اور ان سے مسروق نے کہ` عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کے یہاں عبداللہ بن مسعود کا ذکر ہوا تو انہوں نے کہا میں ان سے ہمیشہ محبت رکھوں گا کیونکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا ہے کہ چار اشخاص سے قرآن سیکھو ۔ عبداللہ بن مسعود ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابتداء عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے ہی کی اور ابوحذیفہ کے مولیٰ سالم ، ابی بن کعب اور معاذ بن جبل سے ، انہوں نے بیان کیا کہ مجھے پوری طرح یاد نہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلے ابی بن کعب کا ذکر کیا یا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب فضائل الصحابة / حدیث: 3758
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3760 | صحيح البخاري: 3806 | صحيح البخاري: 3808 | صحيح البخاري: 4999 | صحيح مسلم: 2464 | سنن ترمذي: 3810

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
3758. حضرت مسروق سے روایت ہے، انھوں نے کہا: عبداللہ بن عمرو ؓ کے پاس حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کا ذکر ہوا تو انھوں نے فرمایا: میں ان سے ہمیشہ محبت رکھوں گا کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے: ’’قرآن مجید چار آدمیوں سے پڑھو: عبداللہ بن مسعود ؓ سے، اور ان کا نام آپ ﷺ نے پہلے ذکر کیا، اور سالم سے، جو ابوحذیفہ ؓ کے آزاد کردہ ہیں، ابی بن کعب اور معاذ بن جبل ؓ سے۔‘‘ مجھے یاد نہیں کہ آپ ﷺ نے پہلے ابی بن کعب ؓ کا نام لیا تھا یا حضرت معاذ بن جبل ؓ کا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3758]
حدیث حاشیہ: حضرت سالم ؓ اصل میں فارسی تھے اور حضرت حذیفہ ؓ کی بیوی کے غلام تھے، بڑے فاضل اور قاری قرآن تھے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3758 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
3758. حضرت مسروق سے روایت ہے، انھوں نے کہا: عبداللہ بن عمرو ؓ کے پاس حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کا ذکر ہوا تو انھوں نے فرمایا: میں ان سے ہمیشہ محبت رکھوں گا کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے: ’’قرآن مجید چار آدمیوں سے پڑھو: عبداللہ بن مسعود ؓ سے، اور ان کا نام آپ ﷺ نے پہلے ذکر کیا، اور سالم سے، جو ابوحذیفہ ؓ کے آزاد کردہ ہیں، ابی بن کعب اور معاذ بن جبل ؓ سے۔‘‘ مجھے یاد نہیں کہ آپ ﷺ نے پہلے ابی بن کعب ؓ کا نام لیا تھا یا حضرت معاذ بن جبل ؓ کا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3758]
حدیث حاشیہ:

رسول اللہ ﷺ نے ان چار صحابہ کرام ؓ کی تخصیص اس لیے فرمائی کہ قرآن کریم کے ا لفاظ کو ضبط کرنے،ان کی ادائیگی اور ان کے معافی سمجھنے میں انھیں بڑی مہارت تھی اگرچہ دوسرے صحابہ کرام ؓ قرآن کریم کے معافی سمجھنے میں ان سے زیادہ بصیرت رکھتے تھے۔
یہ حضرات رسول اللہ ﷺ سے بالمشافہ قرآن پڑھتے تھے۔
ان صحابہ کرام میں حضرت سالم ؓ بھی شامل ہیں جو بڑے فاضل اور قرآن کے قاری تھے۔
(فتح الباري: 129/7)

واضح رہے کہ حدیث میں چار کا عددحصر کے لیے نہیں،بلکہ یہ ان کی منقبت پردلالت کرتا ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3758 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3806 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3806. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ’’چار آدمیوں سے قرآن مجید پڑھو: حضرت عبداللہ بن مسعود، سالم مولیٰ ابوحذیفہ، ابی بن کعب اور معاذ بن جبل سے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3806]
حدیث حاشیہ: آنحضرت ﷺکے عہد مبارک میں یہ حضرات قرآن مجید کے ماہرین خصوصی شمار کئے جاتے تھے، اس لیے آنحضرت ﷺ نے ان کو اساتذہ قرآن مجید کے حیثیت سے نامزد فرمایا، یہ جتنا بڑا شرف ہے اسے اہل ایمان ہی جان سکتے ہیں۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3806 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3806 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3806. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ’’چار آدمیوں سے قرآن مجید پڑھو: حضرت عبداللہ بن مسعود، سالم مولیٰ ابوحذیفہ، ابی بن کعب اور معاذ بن جبل سے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3806]
حدیث حاشیہ:
حضرت معاذ بن جبل ؓ قبیلہ خزرج سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان کی کنیت ابوعبدالرحمان ہے۔
رسول اللہ ﷺنے انھیں یمن کی طرف امیر بناکر روانہ کیا۔
وہاں سے مدینہ واپس آئے۔
پھر شام کے علاقے میں چلے گئے۔
مجاہدانہ زندگی گزارتے ہوئے طاعون ِ عمواس میں ربیع الاول 18 ہجری بمطابق مارچ 639ء میں وفات پائی۔
رسول اللہ ﷺ نے ان کی تعریف فرمائی، نیز فرمایا: ’’حلال وحرام کو زیادہ جاننےوالے معاذ بن جبل ؓ ہیں۔
‘‘ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث: 3790۔
3791)
حضرت عمر ؓنے ان کے متعلق فرمایا: جوشخص مسائل ِ دینیہ سے واقفیت حاصل کرنا چاہتا ہے وہ حضرت معاذ بن جبل ؓ کے حضور زانوئے تلمذ طےکرے۔
(فتح الباري: 159/7)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3806 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4999 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
4999. سیدنا مسروق سے روایت ہے کہ سیدنا عبداللہ بن عمرو ؓ نے سیدنا عبداللہ بن مسعود ؓ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس وقت سے ان کی محبت میرے دل میں گھر کر گئی ہے جب سے میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: قرآن مجید چار حضرات سے حاصل کرو: عبداللہ بن مسعود، سالم، معاذ اور ابی بن کعب‬ ؓ س‬ے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:4999]
حدیث حاشیہ: ان میں حضرت عبداللہ بن مسعود اور سالم تو مہاجرین میں سے ہیں اور معاذ اور ابی بن کعب انصار میں سے ہیں۔
قرآن پاک کے بڑے عالم اور یاد کرنے والے یہی صحابی تھے۔
ہرچند اور بھی صحابہ قرآن کے قاری ہیں مگر ان چار کو سب سے زیادہ قرآن یاد تھا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4999 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4999 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
4999. سیدنا مسروق سے روایت ہے کہ سیدنا عبداللہ بن عمرو ؓ نے سیدنا عبداللہ بن مسعود ؓ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس وقت سے ان کی محبت میرے دل میں گھر کر گئی ہے جب سے میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: قرآن مجید چار حضرات سے حاصل کرو: عبداللہ بن مسعود، سالم، معاذ اور ابی بن کعب‬ ؓ س‬ے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:4999]
حدیث حاشیہ:

ان حضرات میں حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت سالم مولیٰ حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ مہاجرین اور حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ انصار سے ہیں۔
یہ حضرات قرآن کریم کے ماہراور حفظ و ادا میں خصوصی شغف رکھنے والے تھے۔
اگرچہ دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین بھی قرآن کے حافظ تھے مگر ان چار حضرات کو سب سے زیادہ قرآن کریم یاد تھا۔
علامہ کرمانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے لکھا ہے کہ ان چاروں کے ذکر سے ان کے زیادہ عرصے تک باقی رہنے کا اشارہ ہے لیکن یہ بات محل نظر ہے کیونکہ سالم بن معقل رضی اللہ تعالیٰ عنہ جنگ یمامہ میں شہید ہو گئے۔
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عہد خلافت میں وفات پائی، ان کے علاوہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا خلافت عثمان میں انتقال ہو گیا۔
البتہ حضرت زید بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان کے بعد طویل زمانے تک زندہ رہے اور وہی قراءت وعلوم قرآن میں مرجع خاص و عام تھے۔
(فتح الباري: 60/9)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4999 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3760 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3760. اور آپ ﷺ نے فرمایا: ’’قرآن مجید چار آدمیوں سے سیکھو: عبداللہ بن مسعود ؓ، ابوحذیفہ ؓ کے آزاد کردہ سالم، ابی بن کعب ؓ اور معاذ بن جبل ؓ۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3760]
حدیث حاشیہ:

حضرت معاذ بن جبل ؓ نے موت کے وقت وصیت فرمائی تھی کہ چار حضرات سے علم حاصل کرو: حضرت ابودرداء ؓ،حضرت سلمان فارسی ؓ،حضرت عبداللہ بن سلام ؓ اور حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کی شاگردی اختیار کرو۔
(فتح الباري: 129/7)

بہرحال حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے رسول اللہ ﷺ کو بہت قریب سے دیکھا،اس لیے آپ کی بہت عظمت ہے۔
۔
۔
رضي اللہ تعالیٰ عنه۔
۔
۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3760 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3808 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3808. حضرت مسروق سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ عبداللہ بن عمرو ؓ کی مجلس میں حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کا ذکر ہوا تو آپ نے فرمایا کہ میں ان سے دیرینہ محبت رکھتا ہوں کیونکہ میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: "قرآن مجید چار آدمیوں سے سیکھو: عبداللہ بن مسعود سے، آپ نے پہلے حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کا نام ذکر فرمایا، ابوحذیفہ کے آزاد کردہ غلام سالم سے، معاذ بن جبل اور ابی بن کعب سے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:3808]
حدیث حاشیہ:

حضرت ابی بن کعب ؓ کا تعلق نجار کے قبیلے سے ہے۔
بیعت عقبہ ثانیہ میں آپ موجود تھے۔
غزوہ بدر اور دیگرغزوات میں شرکت کی۔

مذکورہ حدیث کے مطابق رسول اللہ ﷺ نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق حضرت ابی بن کعب ؓ کو قرآن سنایا۔
یہ ان کی ایسی فضیلت ہے جس میں اور کوئی صحابی شریک نہیں۔
رسول اللہ ﷺ نے ان کی فضیلت ظاہر کرنے کے لیے انھیں قرآن سنایا تاکہ لوگوں کو ان سے قرآن پڑھنے کی رغبت ہو، چنانچہ ایسا ہی ہوا۔
وہ رسول اللہ ﷺ کے بعد قراءت قرآن میں مشہور امام ہوئے بلکہ یہ سید القراء کے لقب سے مشہور ہیں۔
(عمدة القاري: 520/1)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3808 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2464 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت مسروق رحمۃ ا للہ علیہ بیان کرتے ہیں،ہم حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس جاتے تھے اور ان کے ساتھ(علمی) گفتگو کیاکرتے تھے۔اور ابن نمیر نے کہا:ان کے پاس(گفتگو کیا کرتے تھے)چنانچہ ایک دن ہم نے(ان کے سامنے)حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ذکر کیا تو انھوں نےکہا:تم نے مجھ سے اس شخص کا ذکر کیا ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک بات سننے کے بعد سے مسلسل اس سے محبت کرتا ہوں،میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا:"قرآن چار آدمیوں... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:6334]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: ان چار حضرات نے اپنے آپ کو قرآن مجید کے لیے وقف کیا تھا، آپ کی زندگی میں آپ سے زیادہ سے زیادہ سیکھا، اس کو آپ کے اسلوب اور لہجہ پر یاد رکھا اور آپ کے بعد دوسروں کو قرآن مجید کی تعلیم دینے کے لیے وقف کیا اور آپ کے بعد اس کی تعلیم دیتے رہے، اس لیے آپ نے ان سے قرآن مجید سیکھنے کی ترغیب دی۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2464 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3810 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ کے مناقب کا بیان`
عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قرآن مجید چار لوگوں سے سیکھو: ابن مسعود، ابی بن کعب، معاذ بن جبل، اور سالم مولی ابی حذیفہ سے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3810]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
مطلب یہ ہے کہ یہ چارصحابہ خاص طور پر قرآن کے نبی اکرمﷺ سے اخذ کرنے، یاد کرنے، بہتر طریقے سے ادا کرنے میں ممتاز تھے، اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ان کے سوا دیگر صحابہ کو قرآن یاد ہی نہیں تھا، اور اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ ان سے مروی قراءت کی ضرور ہی پابندی کی جائے، کیونکہ عثمان رضی اللہ عنہ نے اعلی ترین مقصد کے تحت ایک قراءت کے سوا تمام قراءتوں کو ختم کرا دیا تھا (اس قراءتو ں سے مراد معروف سبعہ کی قراءتیں نہیں مراد صحابہ کے مصاحف ہیں)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3810 سے ماخوذ ہے۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔