حدیث نمبر: 3726
حَدَّثَنَا مَكِّيُّ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، حَدَّثَنَا هَاشِمُ بْنُ هَاشِمٍ ، عَنْ عَامِرِ بْنِ سَعْدٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، قَالَ : " لَقَدْ رَأَيْتُنِي وَأَنَا ثُلُثُ الْإِسْلَامِ " .
مولانا داود راز

´ہم سے مکی بن ابراہیم نے بیان کیا ، کہا ہم سے ہاشم بن ہاشم نے بیان کیا ، ان سے عامر بن سعد نے اور ان سے ان کے والد ( سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ ) نے بیان کیا کہ` مجھے خوب یاد ہے ۔ میں نے ایک زمانے میں مسلمانوں کا تیسرا حصہ اپنے آپ کو دیکھا ۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے کہا اسلام کے تیسرے حصے سے یہ مراد ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ صرف تین مسلمان تھے جن میں تیسرا مسلمان میں تھا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب فضائل الصحابة / حدیث: 3726
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
3726. حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ میں نے اپنے آپ کو دیکھا کہ میں اسلام کی ایک تہائی تھا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3726]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ جب میں مسلمان ہوا تو مجھ سے پہلے صرف دو شخص اسلام لائے تھے اور تیسرا میں خود تھا۔
مسلمان ہونے والوں میں ایک حضرت ابو بکر ؓ اور دوسری حضرت خدیجہ الکبری ؓ تھیں۔
جبکہ ایک حدیث میں حضرت عمار ؓ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپ کے ہمراہ غلام اور حضرت ابو بکر مسلمان تھے۔
(فتح الباري: 107/7)
بظاہر یہ حدیث حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ کے بیان کے خلاف ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ نے اس کا یہ جواب دیا ہے کہ آزادلوگوں میں سے حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ تیسرے شخص تھے جو مسلمان ہوئے۔
یہ بھی ممکن ہے کہ حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ کو دوسرے اسلام لانے والوں کا علم نہ ہوا ہو کیونکہ ان دنوں جو مسلمان ہوتا وہ اپنے اسلام کو دوسروں سے پوشیدہ رکھتا تھا۔
(صحیح البخاري، حدیث: 3660)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3726 سے ماخوذ ہے۔