صحيح البخاري
كتاب فضائل الصحابة— کتاب: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب کی فضیلت
بَابُ مَنَاقِبُ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ أَبِي حَفْصٍ الْقُرَشِيِّ الْعَدَوِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ: باب: ابوحفص عمر بن خطاب قرشی عدوی رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ ، حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ أَبِي عَرُوبَةَ . ح وقَالَ لِي خَلِيفَةُ : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سَوَاءٍ , وَكَهْمَسُ بْنُ الْمِنْهَالِ , قَالَا :حَدَّثَنَا سَعِيدٌ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : " صَعِدَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى أُحُدٍ وَمَعَهُ أَبُو بَكْرٍ , وَعُمَرُ , وَعُثْمَانُ فَرَجَفَ بِهِمْ , فَضَرَبَهُ بِرِجْلِهِ ، قَالَ : " اثْبُتْ أُحُدُ فَمَا عَلَيْكَ إِلَّا نَبِيٌّ أَوْ صِدِّيقٌ أَوْ شَهِيدَانِ " .´ہم سے مسدد نے بیان کیا ، کہا ہم سے یزید بن زریع نے بیان کیا ، کہا ہم سے سعید نے بیان کیا ، ( دوسری سند ) امام بخاری رحمہ اللہ فرماتے ہیں اور مجھ سے خلیفہ نے بیان کیا ، ان سے محمد بن سواء اور کہمس بن منہال نے بیان کیا ، ان سے سعید نے بیان کیا ، ان سے قتادہ نے اور ان سے انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم احد پہاڑ پر چڑھے تو آپ کے ساتھ ابوبکر ، عمر اور عثمان رضی اللہ عنہم بھی تھے ، پہاڑ لرزنے لگا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے پاؤں سے اسے مارا اور فرمایا ” احد ! ٹھہرا رہ کہ تجھ پر ایک نبی ، ایک صدیق اور دو شہید ہی تو ہیں ۔“
تشریح، فوائد و مسائل
علمائے سلوک نے لکھاہے: جب اُحد پہاڑ لرزنے لگا تو رسول اللہ ﷺنے یہ وضاحت کرناضروری خیال کیا کہ پہاڑ کا یہ لرزہ ایسا نہیں جیساکہ کوہ طور قوم موسیٰ کے ساتھ حرکت میں آیاتھا جب انھوں نے اللہ کے کلمات میں تحریف کا ارتکاب کیا تھا۔
اس وقت وہ پہاڑ شدت غضب کی وجہ سے لرزہ تھا جبکہ احد کا لرزہ خوشی اور سرور کی وجہ سے ہے کہ اس پر وہ ہستیاں ہیں جنھیں اللہ پسند کرتا ہے،گویا اُحد پہاڑ خوشی سے جھوم رہا تھا اور زبانِ حال سے یہ کہہ رہا تھا: پہاڑو! تم پر پتھر ہیں،مجھ پر پیغمبر ہے۔
تم پر درخت ہیں،مجھ پر آمنہ کے جگر کا لخت ہیں۔
تم پر مکان ہیں اور مجھ نبی آخر الزمان ہیں،اس لیے جب رسول اللہ ﷺنے اسے ٹھہر جانے کا حکم دیا تو وہ ٹھہر گیا۔
مقصود اس سے حضرت ابوبکر ؓ کی فضیلت بیان کرنا ہے، احد پہاڑ کا کانپ اٹھنا برحق ہے جو رسول کریم ﷺ کے ایک معجزہ کے طورپر ظہور میں آیا۔
اس سے یہ بھی ظاہر ہے کہ قدرت کی ہرہر مخلوق اپنی حد کے اندر شعور زندگی رکھتی ہے، سچ ہے: (﴿وَإِن مِّن شَيْءٍ إِلَّا يُسَبِّحُ بِحَمْدِهِ﴾ (بني إسرائیل: 44: 17)
1۔
ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے احد پہاڑ پر اپنا پاؤں مارا اور مذکورہ بالا ارشاد فرمایا۔
(صحیح البخاري، فضائل أصحاب النبي صلی اللہ علیه وسلم، حدیث: 3686)
2۔
رسول اللہ ﷺ کا یہ ایک معجزہ اور پیش گوئی تھی جو اپنے وقت پر حرف بحرف پوری ہوئی،چنانچہ حضرت عمر ؓ اور حضرت عثمان ؓ ہردو نے جام شہادت نوش کیا اور حضرت ابوبکر ؓ کو مقام صدیقیت نصیب ہوا۔
3۔
اس حدیث سے حضرت ابوبکر کی فضیلت بیان کرنا مقصود ہے،نیز اُحد پہاڑ کا کانپ اٹھنا بھی بھی برحق ہے جورسول اللہ ﷺ کے ایک معجزے کے طورپر ظہور میں آیا۔
4۔
اس سے یہ بھی ظاہر ہے کہ اللہ تعالیٰ کی پیدا کردہ تمام چیزیں اپنی اپنی حدود میں شعورزندگی سے بہرہ ور ہیں جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’ہرچیز اللہ تعالیٰ کی تسبیح کرتی ہے لیکن تم اس کی تسبیح نہیں سمجھتے۔
‘‘ (بني إسرائیل: 44: 17)
1۔
صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین حضرات شیخین حضرت ابو بکر ؓ و حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور عثمان ؓ کو دوسرے صحابہ پر فضیلت دینے کے بعد باقی صحابہ میں سے کسی کو ایک دوسرے پر فضیلت نہیں دیتے تھے۔
جب فضیلت دینے میں اجتہاد کرتے تو انھی تینوں حضرات کے فضائل نمایاں ہوتے۔
2۔
غالباً اس سے مراد وہ بزرگ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین ہیں جن سے اہم امور میں رسول اللہ ﷺ مشورہ لیتے تھے اس وقت حضرت علی ؓ کی عمر کم تھی ابھی مقام شیخو خت کو نہ پہنچے تھے اس سے حضرت علی ؓ کی تحقیر یا حضرت عثمان ؓ کے بعد فضیلت میں تاخیر قطعاً مراد نہیں بلکہ اہل سنت کا یہ عقیدہ ہے کہ خلفائے ثلاثہ کے بعد حضرت علی ؓ افضل ہیں پھر باقی چھ مبشرہ بعد ازاں شرکائے بدر و اُحد ان کے بعد بیعت رضوان کرنے والے اس حدیث میں مذکورہ تاویل بہت ضروری ہے۔
واللہ أعلم۔
انس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم احد پہاڑ پر چڑھے اور ابوبکر، عمر اور عثمان رضی الله عنہم بھی تو وہ ان کے ساتھ ہل اٹھا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” ٹھہرا رہ اے احد! تیرے اوپر ایک نبی ایک صدیق اور دو شہید ہیں “ ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3697]
وضاحت:
1؎:
دو شہید سے مراد: عمروعثمان رضی اللہ عنہما ہیں جن دونوں کی شہادت کی گواہی بزبان رسالت مآب ہو ان کی مقبول بارگاہ الٰہی ہو نے کا منکر اپنے ایمان کی خیر منائے۔
وہ ’’مومن‘‘ کہاں مسلمان بھی نہ رہا۔