صحيح البخاري
كتاب فضائل الصحابة— کتاب: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب کی فضیلت
بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لَوْ كُنْتُ مُتَّخِذًا خَلِيلاً»: باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمانا کہ اگر میں کسی کو جانی دوست بناتا تو ابوبکر کو بناتا۔
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ ، أَخْبَرَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ ، عَنْ أَيُّوبَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ ، قَالَ : كَتَبَ أَهْلُ الْكُوفَةِ إِلَى ابْنِ الزُّبَيْرِ فِي الْجَدِّ ، فَقَالَ : أَمَّا الَّذِي ، قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " لَوْ كُنْتُ مُتَّخِذًا مِنْ هَذِهِ الْأُمَّةِ خَلِيلًا لَاتَّخَذْتُهُ أَنْزَلَهُ أَبًا يَعْنِي أَبَا بَكْرٍ " .´ہم سے سلیمان بن حرب نے بیان کیا ، کہا ہم کو حماد بن زید نے خبر دی ، انہیں ایوب نے ، ان سے عبداللہ بن ابی ملیکہ نے بیان کیا کہ کوفہ والوں نے عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کو دادا ( کی میراث کے سلسلے میں ) سوال لکھا تو آپ نے انہیں جواب دیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ اگر اس امت میں کسی کو میں اپنا جانی دوست بنا سکتا تو ابوبکر کو بناتا ۔ ( وہی ) ابوبکر رضی اللہ عنہ یہ فرماتے تھے کہ دادا ، باپ کی طرح ہے ( یعنی جب میت کا باپ زندہ نہ ہو تو باپ کا حصہ دادا کی طرف لوٹ جائے گا ۔ یعنی باپ کی جگہ دادا وارث ہو گا ) ۔
حضرت عبداللہ بن ابوملیکہ رحمہ اللہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ اہل کوفہ نے حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کو دادا (کی وراثت) کے متعلق خط لکھا تو آپ نے انہیں جواب دیا کہ رسول اللہ ﷺ نے جس شخص کے بارے میں فرمایا: ”میں اگر اس امت میں سے کسی کو خلیل بناتا تو اس کو بناتا۔“ اس، یعنی ابوبکر رضی اللہ عنہ نے دادا کو باپ کے قائم مقام قرار دیا تھا۔
تشریح، فوائد و مسائل
1۔
حضرت ابوبکر ؓ نے استحقاق وراثت میں دادا کو باپ کے قائم مقام قراردیا کہ اگر کوئی شخص فوت ہوجائے اور اس کا دادا زندہ ہو تو وہ باپ کی عدم موجودگی میں اپنے پوتے کی وراثت کا حقدار ہوگا۔
2۔
امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو اس مقصد کے لیے پیش کیا ہے کہ اس میں رسول اللہ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے: ’’اگر میں امت میں سے کسی کو خلیل بناتا تو ابوبکر کو بناتا لیکن میرا خلیل صرف اللہ تعالیٰ ہے۔
‘‘ اس کے متعلق تفصیل بیان ہوچکی ہے۔