حدیث نمبر: 3461
حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ الضَّحَّاكُ بْنُ مَخْلَدٍ ، أَخْبَرَنَا الْأَوْزَاعِيُّ ، حَدَّثَنَا حَسَّانُ بْنُ عَطِيَّةَ ، عَنْ أَبِي كَبْشَةَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو ، أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " بَلِّغُوا عَنِّي وَلَوْ آيَةً وَحَدِّثُوا عَنْ بَنِي إِسْرَائِيلَ وَلَا حَرَجَ وَمَنْ كَذَبَ عَلَيَّ مُتَعَمِّدًا فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ " .
مولانا داود راز

´ہم سے ابوعاصم ضحاک بن مخلد نے بیان کیا ، کہا ہم کو اوزاعی نے خبر دی ، کہا ہم سے حسان بن عطیہ نے بیان کیا ، ان سے ابوکبشہ نے اور ان سے عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” میرا پیغام لوگوں کو پہنچاؤ ! اگرچہ ایک ہی آیت ہو اور بنی اسرائیل کے واقعات تم بیان کر سکتے ہو ، ان میں کوئی حرج نہیں اور جس نے مجھ پر قصداً جھوٹ باندھا تو اسے اپنے جہنم کے ٹھکانے کے لیے تیار رہنا چاہئے ۔“

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب أحاديث الأنبياء / حدیث: 3461
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2669 | سنن دارمي: 559 | معجم صغير للطبراني: 78 | مشكوة المصابيح: 198

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
3461. حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ’’میرا پیغام لوگوں کو پہنچاؤ اگرچہ وہ ایک آیت پر مشتمل ہو۔ اور بنی اسرائیل سے (جو واقعات سنو، انھیں)بھی بیان کرو، اس میں کوئی حرج نہیں۔ اور جو شخص مجھ پر جان بوجھ کر جھوٹ باندھے تو وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنالے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3461]
حدیث حاشیہ: واقعات بنی اسرائیل بیان کرنےمیں کوئی حرج نہیں مگر اس خیال سےکہ نہ ان کی تصدیق ہو نہ تکذیب سوا ان کے جوصحیح سند سےثابت ہوں۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3461 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
3461. حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ’’میرا پیغام لوگوں کو پہنچاؤ اگرچہ وہ ایک آیت پر مشتمل ہو۔ اور بنی اسرائیل سے (جو واقعات سنو، انھیں)بھی بیان کرو، اس میں کوئی حرج نہیں۔ اور جو شخص مجھ پر جان بوجھ کر جھوٹ باندھے تو وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنالے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3461]
حدیث حاشیہ:
آغاز اسلام میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسرائیلی روایات سے منع کردیا تھا لیکن جب لوگوں کے دلوں میں اسلام کی حقانیت بیٹھ گئی تو محدودپیمانے پر صرف ایسی باتیں بیان کرنے کی اجازت دی جو قرآن وحدیث کے خلاف نہ ہوں۔
بنی اسرائیل کے واقعات بیان کرتے وقت ان کی تصدیق یا تکذیب نہ کی جائے۔
ہاں اگر کسی واقعے کی تصدیق یا تکذیب قرآن وحدیث سے معلوم ہوتو اس کی تصدیق وتکذیب کرنے میں کوئی حرج نہیں، لیکن جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے کوئی واقعہ بیان کرنا ہوتو ضروری ہے کہ ثقہ راویوں سے روایت کی جائے تاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر جھوٹ نہ بولاجا ئے۔
صحابہ کرام ؓ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے احادیث بیان کرنے میں بہت احتیاط کرتے تھے تاکہ ایسا نہ ہو کہ اس وعید کی زد میں آجائیں۔
ہمیں بھی احادیث بیان کرنے میں اس پہلو پر نظر رکھنی ہوگی۔
اپنی تقریروں میں رطب ویابس بیان کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3461 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2669 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´اسرائیلی روایات کے بیان کرنے کی اجازت۔`
عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری طرف سے لوگوں کو (احکام الٰہی) پہنچا دو اگرچہ ایک آیت ہی ہو، اور بنی اسرائیل سے بیان کرو، ان سے بیان کرنے میں کوئی حرج نہیں، اور جس نے جان بوجھ کر میری طرف کسی جھوٹ کی نسبت کی تو وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنا لے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب العلم/حدیث: 2669]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اپنے علم کی حدتک ہر شخص اس بات کا مکلف ہے کہ قرآن و حدیث کا جو بھی علم اسے حاصل ہو اسے لوگوں تک پہنچائے، یہاں تک کہ اگر کسی ایک حکم الٰہی سے ہی آگاہ ہے تو اس کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو بھی اس سے آگاہ کرے، بنی اسرائیل سے متعلق صرف وہ باتیں بیان کی جائیں جو آپ ﷺ سے صحیح سندوں سے ثابت ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2669 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مشكوة المصابيح / حدیث: 198 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´دعوت دین کی اہمیت`
«. . . ‏‏‏‏عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «بَلِّغُوا عَنِّي وَلَوْ آيَةً وَحَدِّثُوا عَنْ بَنِي إِسْرَائِيلَ وَلَا حَرَجَ وَمَنْ كَذَبَ عَلَيَّ مُتَعَمِّدًا فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ» . رَوَاهُ البُخَارِيّ . . .»
. . . سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری طرف سے پہنچا دو اگرچہ ایک ہی آیت ہو اور بنی اسرائیل کے واقعات کو بیان کرو اس میں کوئی حرج نہیں اور جو شخص میری طرف کوئی جھوٹی بات کی نسبت کرے وہ اپنا ٹھکانہ دوزخ میں بنا لے۔ اس حدیث کو بخاری نے روایت کیا ہے۔ . . . [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْعِلْمِ: 198]
فقہ الحدیث:
➊ اس صحیح حدیث سے ثابت ہوا کہ اگر کسی انسان کے پاس قرآن مجید کی صرف ایک آیت کا ہی علم ہو تو وہ اسے دوسرے بھائیوں تک پہنچا دے۔ مبلغ کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ دلیل سے بات کرے لیکن اس کے لئے تمام دلائل کا احاطہ ضروری نہیں ہے۔
➋ لفظ آیت کے چار معنی ہیں: قرآن مجید کی آیت، دو چیزوں کے درمیان جدائی والی خاص نشانی، بہت عجیب بات اور بڑی مصیبت۔ حدیث مذکور میں اول الذکر مراد ہے۔
➌ ہر انسان حسب استطاعت تبلیغ دین پر مامور ہے۔
➍ بنی اسرائیل کی روایات بیان کرنا جائز ہے، بشرطیکہ یہ روایتیں اپنے قائل تک باسند صحیح ثابت ہوں اور شریعت محمدیہ «علي صاحبها الصلوة والسلام عدد النجوم فى السماء» کے خلاف نہ ہوں۔
➎ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم پر جھوٹ بولنا کبیرہ گناہ ہے بلکہ بعض علماء کے نزدیک کفر ہے۔
➏ ہر مسلمان پر ضروری ہے کہ وہ حسب ضرورت دین کا علم سیکھے، جو اس کے عقائد اور اعمال صحیح کرنے میں مؤید ہو اور اگر وہ تفصیلی علم حاصل نہ کر سکے تو اس پر یہ لازم ہے کہ صحیح العقیدہ علمائے حق کی طرف رجوع کرے اور اُن سے کتاب و سنت اور اجماع (وآثار سلف صالحین) کا علم حاصل کرے۔
◄ یاد رہے کہ عام آدمی کا علماء کے پاس جا کر مسئلہ پوچھنا تقلید نہیں ہے، ورنہ عصر حاضر میں ہی صرف حنفی و تقلیدی حضرات میں ہزاروں امام بن جائیں گے جن کی تقلید کی جاتی ہے (!) اور ظاہر ہے کہ کوئی بھی اس کا قائل نہیں ہے۔
➐ حدیث حجت ہے۔
درج بالا اقتباس اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 198 سے ماخوذ ہے۔