صحيح البخاري
كتاب فرض الخمس— کتاب: خمس کے فرض ہونے کا بیان
بَابُ مَا جَاءَ فِي بُيُوتِ أَزْوَاجِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَمَا نُسِبَ مِنَ الْبُيُوتِ إِلَيْهِنَّ: باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویوں کے گھروں اور ان گھروں کا انہی کی طرف منسوب کرنے کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ ، حَدَّثَنَا جُوَيْرِيَةُ ، عَنْ نَافِعٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : قَامَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَطِيبًا فَأَشَارَ نَحْوَ مَسْكَنِ عَائِشَةَ ، فَقَالَ : " هُنَا الْفِتْنَةُ ثَلَاثًا مِنْ حَيْثُ يَطْلُعُ قَرْنُ الشَّيْطَانِ " .´ہم سے موسیٰ بن اسماعیل نے بیان کیا ‘ کہا ہم سے جویریہ نے بیان کیا ‘ ان سے نافع نے اور ان سے عبداللہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ دیتے ہوئے عائشہ رضی اللہ عنہا کے حجرہ کی طرف اشارہ کیا اور فرمایا کہ اسی طرف سے ( یعنی مشرق کی طرف سے ) فتنے برپا ہوں گے ‘ تین مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی طرح فرمایا کہ یہیں سے شیطان کا سر نمودار ہو گا ۔
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: نبی کریم ﷺ (ایک مرتبہ) خطبہ دینے کے لیے کھڑے ہوئے تو آپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی رہائش گاہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تین بار فرمایا: ”اس طرف (مشرق کی جانب) سے فتنے برپا ہوں گے، جہاں سے شیطان کا سینگ طلوع ہوتا ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
(حاشیہ بخاری شریف)
یعنی قرن الشیطان سے اس کے سر کا کنارامراد ہے۔
وہ سورج کے نکلنے کے وقت اس کی طرف اپنا سر کردیتا ہے تاکہ سورج کو سجدہ کرنے والے کافر اس کو سجدہ کریں۔
گویا وہ اسی کو سجدہ کر رہے ہیں۔
کہا گیا ہے کہ قرن سے مراد اس کے ماننے والے ہیں‘ جو شیطان کے پجاری ہیں۔
علامہ عینی ؒفرماتے ہیں کہ مشرق سے آپ ﷺنے ارض عراق کی طرف اشارہ فرمایا تھا‘ جو فی الواقع فتنوں کا مرکز رہی ہے۔
اس حدیث میں کسی شخص کا نام مذکور نہیں بلکہ جو شخص کی طرف سے نمودار ہو اور گمراہی اور بے دینی کی دعوت دے وہ اس سے مراد ہو سکتا ہے اور تعجب ہے ان لوگوں پر جنہوں نے حضرت امام محمد بن عبدالوہاب کو اس فتنہ سے مراد لیا ہے۔
حضرت امام محمد بن عبدالوہاب تو لوگوں کو توحید اور اتباع سنت کی طرف بلاتے تھے۔
انہوں نے اہل مکہ کو جو رسالہ لکھ کر بھیجا ہے اس میں صاف یہ مرقوم ہے کہ قرآن اور صحیح حدیث ہمارے اور تمہارے درمیان حکم ہے، اس پر عمل کرو۔
البتہ ممالک مشرقی میں سید احمد خان رئیس النیا چرہ اور مرزا غلام احمد قادیانی اس حدیث کے مصداق ہو سکتے ہیں۔
ہمارے استاد مولانا بشیر الدین صاحب قنوجی محدث فرماتے تھے کہ مشرق سے مراد بدایون کا قصبہ ہے وہیں سے فضل رسول ظاہر ہوا جس نے دنیا میں بہت سی بدعتیں پھیلائیں اور اہلحدیث اور اہل توحید کو کافر قرار دیا (وحیدی)
ان ہی ممالک سے بہت سے فتنے شروع ہوئے۔
تاتاریوں کا فتنہ بھی ادھر ہی سے شروع ہوا، جنہوں نے بہت سے اسلامی ملکوں کو تہ و بالا کر دیا۔
1۔
قرن کے معنی قوت ہیں، یعنی مشرق کی طرف سے شیطانی قوت کا ظہور ہوگا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مشرق کی طرف اشارہ کیا۔
اس وقت مشرق والے کافر تھے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیش گوئی فرمائی کہ ادھر سے فتنہ ظاہر ہوگا، چنانچہ ایسا ہی ہوا، جمل وصفین کی جنگیں اسی طرف لڑی گئیں، پھر عراق کی سرزمین میں خوارج کا ظہور ہوا۔
2۔
تمام فتنوں کی بنیاد حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت ہے جس کی منصوبہ بندی سرزمین عراق میں کی گئی۔
واضح رہے کہ شیطان طلوع وغروب کے وقت اپنا سر سورج پر رکھ دیتا ہے تاکہ سورج پرستوں کا سجدہ شیطان کے لیے ہو۔
ممکن ہے کہ قرن الشیطان یا قرن الشمس سے یہی مراد ہو۔
واللہ أعلم۔
(وحیدی)
ایک روایت میں وضاحت ہے کہ آپ نے فرمایا: ’’درشتی اور سنگ دلی ادنیٰ خیمے والوں میں ہے جو اونٹوں اور بیلوں کی دموں کے پاس آوازیں لگانے والے ہیں، یعنی ان کا تعلق ربیعہ اور مضر کے قبائل سے ہوگا۔
‘‘ (صحیح البخاري، المناقب، حدیث: 3498)
امام بخاری ؒنے اس روایت کی طرف اشارہ کیا ہے کیونکہ مذکورہ الفاظ ہی عنوان سے مطابقت رکھتے ہیں۔
علماء نے کہا ہے: اس حدیث میں اس فساد کی طرف اشارہ ہے جو چنگیزخاں کے زمانے میں ہوا۔
انھوں نے مسلمانوں کوخوب لوٹا، بغداد کوتباہ کیا اور خلافت اسلامی کو نقصان ہی نہیں پہنچایا بلکہ ختم کردیا۔
واللہ المستعان۔
1۔
اس سے مراد سر زمین عراق ہے جومدینہ طیبہ سے مشرق کی جانب ہے اور شروع سے آج تک فتنوں کی آماجگاہ ہے۔
2۔
یہ حدیث اعلام نبوت میں سے ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے خبردی تھی کہ مشرق کی طرف سے فتنوں کاآغاز ہوگا۔
چنانچہ جیسے آپ نے فرمایا: تھاویسے ہی ہوااور مشرق کی طرف سے فتنوں کا آغاز ہوا۔
ان فتنوں کی تفصیل ہم پہلے بیان کر آئے ہیں۔
3۔
اس حدیث میں طلوع کی نسبت سینگ کی طرف کی گئی ہے۔
حالانکہ طلوع تو سورج ہوتا ہے؟ درحقیقت طلوع آفتاب کے وقت شیطان کا سینگ بھی ساتھ ہوتا ہے اس لیے طلوع کی نسبت سورج کے بجائےسینگ کی طرف کردی گئی ہے۔
''اہل عراق نے مچھر کے خون کے بارے میں سوال کیا تھا، جبکہ وہ حسین رضی اللہ عنہ کو شہید کرچکے تھے، اس سے بھی ثابت ہوا اس حدیث کا مصداق اہل عراق ہیں نہ کہ مقرر کردہ نجدی جن کو احناف اس کا مصداق بنانے کے لیے زور لگاتے ہیں۔
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر کھڑے ہوئے اور فرمایا: " فتنے کی سر زمین وہاں ہے اور آپ نے مشرق (پورب) کی طرف اشارہ کیا یعنی جہاں سے شیطان کی شاخ یا سینگ نکلتی ہے " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الفتن/حدیث: 2268]
وضاحت:
1؎:
مفہوم یہ ہے فتنہ کا ظہور مدینہ کی مشرقی جہت (عراق) سے ہوگا۔
«. . . 293- وبه: أنه قال: رأيت رسول الله صلى الله عليه وسلم يشير إلى المشرق، يقول: "ها، إن الفتنة هاهنا، إن الفتنة ها هنا، من حيث يطلع قرن الشيطان." . . .»
". . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مشرق کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دیکھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے: "سنو! یقیناً فتنہ یہاں ہے، یقیناً فتنہ یہاں ہے جہاں سے شیطان کا سینگ (بڑا فتنہ) نکلے گا . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 547]
تفقه:
➊ مشرق سے مراد عراق کا علاقہ ہے جیسا کہ دوسری احادیث سے ثابت ہے۔
➋ مزید تفصیل کے لئے دیکھئے حدیث سابق: بخاری(1525) ومسلم (1182)
➌ شیطان کے سینگ سے مراد بڑا فتنہ ہے۔
➍ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے وحی کے ذریعے سے غیب کی جو خبریں بتائی ہیں وہ من وعن پوری ہوکر رہیں گی۔
➎ قیامت کی بہت سی نشانیوں کا ظہور ابھی تک باقی ہے۔
➏ یہ حدیث نبوت کی نشانیوں میں سے ہے۔
➐ اللہ کے سچے رسول نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر نبیوں کا سلسلہ ہمیشہ کے لئے ختم کردیا گیا ہے۔
➑ عراق میں بہت سے فتنے ہوئے تھے مثلاً شہادتِ حسین رضی اللہ عنہ۔ دیکھئے [التمهيد 17/12]
یعنی فتنہ پردازوں اور ظالموں نے سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کو شہید کردیا تھا جو کہ بہت بڑا ظلم ہے۔ عراق کربلاء (کرب وبلاء) میں ظالم اور مظلوم کے درمیان جو معرکہ ہوا اس کا خمیازہ ابھی تک اُمت بھگت رہی ہے۔