حدیث نمبر: 2876
وَعَنْ حَبِيبِ بْنِ أَبِي عَمْرَةَ ، عَنْ عَائِشَةَ بِنْتِ طَلْحَةَ ، عَنْ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " سَأَلَهُ نِسَاؤُهُ عَنِ الْجِهَادِ ، فَقَالَ : نِعْمَ الْجِهَادُ الْحَجُّ " .
مولانا داود راز

´ہم سے قبیصہ نے بیان کیا ، کہا ہم سے سفیان ثوری نے بیان کیا اور ان سے معاویہ نے یہی حدیث اور ابوسفیان نے حبیب بن ابی عمرہ سے یہی روایت کی جو عائشہ بنت طلحہ سے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کے واسطہ سے ہے ( اس میں ہے کہ )` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے آپ کی ازواج مطہرات نے جہاد کی اجازت مانگی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ حج بہت ہی عمدہ جہاد ہے ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الجهاد والسير / حدیث: 2876
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 2875 | سنن ابن ماجه: 2901 | بلوغ المرام: 580 | بلوغ المرام: 1082

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
2876. ام المومنین حضرت عائشہ ؓہی سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ سے آپ کی ازواج مطہرات ؓنے جہاد کے لیے اجازت مانگی تو آپ نے فرمایا: ’’(تمہارے لیے) حج کرنا بہت عمدہ جہاد ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:2876]
حدیث حاشیہ: سفر حج بس عورتوں کے لئے جہاد سے کم نہیں ہے مگر خود جہاد میں بھی عورتوں کی شرکت ثابت ہے بلکہ بحری جہاد کے لئے ایک اسلامی خاتون کے لئے آنحضرتﷺ کی پیش گوئی موجود ہے جس کے پیش نظر مجتہد مطلق حضرت امام بخاریؒ نے نیچے عورتوں کا بحری جہاد میں شریک ہونے کا باب منعقد فرمایا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2876 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
2876. ام المومنین حضرت عائشہ ؓہی سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ سے آپ کی ازواج مطہرات ؓنے جہاد کے لیے اجازت مانگی تو آپ نے فرمایا: ’’(تمہارے لیے) حج کرنا بہت عمدہ جہاد ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:2876]
حدیث حاشیہ:
مذکورہ عنوان کے دومعنی ہیں: ایک یہ عورتوں کا جہاد کیا ہے؟ دوسرا عورتوں کے لیے جہاد کا جواز ثابت کرنا ہے۔
یہ دونوں روایات اس پردلالت کرتی ہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺنے سائلہ کے سوال پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔
اس لیے عورتوں کا جہاد آپ کی خاموشی سے ثابت ہوا لیکن اس جواز کوعدم فتنہ سے مشروط کیا جائے گا۔
اگر کوئی عورت جہاد میں شریک نہ ہو سکے۔
بلکہ وہ صرف حج کرتی ہے تو اس سفر میں اسے جہاد ہی کا ثواب دیا جائے گاکیونکہ سفر حج عورتوں کے لیے جہاد سے کم نہیں البتہ عورتوں کا جہاد میں جانا بھی احادیث سے ثابت ہے جیسا کہ امام بخاری ؒ آئندہ عنوان کے تحت اسے بیان کریں گے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2876 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2875 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
2875. ام المومنین حضرت عائشہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا: میں نے نبی کریم ﷺ سے جہاد کرنے کی اجازت طلب کی تو آپ نے فرمایا: ’’تمہارا جہاد حج ہے۔‘‘ (راوی حدیث) عبداللہ بن ولید نے کہا: ہم سے سفیان نے انھوں نے معاویہ سے یہ حدیث بیان کی۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2875]
حدیث حاشیہ: یہ امام وقت کی بصیرت پر موقوف ہے کہ وہ جنگی کوائف کی بنا پر عورتوں کی شرکت ضروری سمجھتا ہے یا نہیں۔
اگر کوئی مسلمان عورت جہاد میں نہ شریک ہوسکے بلکہ وہ حج ہی کرسکتی ہے تو اس سفر میں اس کے لئے بھی اس کو جہاد ہی کا ثواب ملے گا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2875 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2901 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´حج عورتوں کا جہاد ہے۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! کیا عورتوں پر بھی جہاد ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں، لیکن ان پر ایسا جہاد ہے جس میں لڑائی نہیں ہے اور وہ حج اور عمرہ ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب المناسك/حدیث: 2901]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
جہاد قتال عورتوں پر فرض نہیں۔

(2)
عورتوں کے لیے حج اور عمرے کی اتنی اہمیت ہے جتنی مردوں کے لیے جہاد کی۔

(3)
حج وعمرہ کو عورتوں کا جہاد اس لیے قرار دیا گیا ہے کہ اس میں بھی اللہ کی رضا کے لیے سفر کی مشقت برداشت کی جاتی ہے مال خرچ کیا جاتا ہے اور کئی طرح کی مشکلات برداشت کرنی پڑتی ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2901 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 580 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´حج کی فضیلت و فرضیت کا بیان`
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں نے عرض کیا، اے اللہ کے رسول! کیا عورتوں پر جہاد ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہاں! ان پر وہ جہاد ہے جس میں لڑائی نہیں (یعنی) حج اور عمرہ۔ اسے احمد اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے اور یہ الفاظ ابن ماجہ کے ہیں۔ اس کی سند صحیح ہے اور اس کی اصل بخاری میں ہے۔ [بلوغ المرام/حدیث: 580]
580 لغوی تشریح:
«عَلَي النَّسَاءِ جِهَادٌ» کیا عورتوں پر جہاد ہے؟
اس میں حرف استفہام محذوف ہے اور حج و عمرہ پر جہاد کا اطلاق مجازاً ہے کیونکہ ان میں بھی جہاد کی طرح مشقت و تکلیف برداشت کرنی پڑتی ہے۔ آپ نے بڑے حکیمانہ اسلوب میں جواب دیا۔
«وَاَصَلُهُ فِي الصَّحِيحِ» اس کی اصل صحیح میں ہے۔ صحیح سے یہاں صحیح بخاری مراد ہے۔ یہ حدیث عمرے کے وجوب کی دلیل ہے۔٭
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 580 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1082 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´(جہاد کے متعلق احادیث)`
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں نے عرض کیا اے اللہ کے رسول! کیا خواتین پر بھی جہاد ہے؟ فرمایا ’’ ہاں! جہاد ہے جس میں لڑائی نہیں۔ اور وہ ہے حج اور عمرہ۔ اسے ابن ماجہ نے روایت کیا ہے اور اس کی اصل بخاری میں ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1082»
تخریج:
«أخرجه ابن ماجه، المناسك، باب الحج جهاد النساء، حديث:2901، والبخاري، الجهاد، حديث:2875.»
تشریح: 1. اس حدیث میں مذکور ہے کہ خواتین کا جہاد‘ قتال کرنا نہیں بلکہ ان کے لیے حج اور عمرہ جہاد ہے۔
2.جہاد میں انسان کو سفری صعوبتیں‘ مشقتیں اور تکلیفیں برداشت کرنی پڑتی ہیں اور مال خرچ کرنا پڑتا ہے۔
حج و عمرہ میں بھی ان مشقتوں سے دوچار ہونا پڑتا ہے‘ اس لیے خواتین کو حج و عمرہ کا ثواب جہاد کے برابر ملتا ہے‘ اسی بنا پر حج و عمرہ کو خواتین کے لیے جہاد قرار دیا گیا ہے‘ گویا خواتین پر جہاد بالسیف فرض نہیں‘ اس کا ثواب انھیں حج اور عمرہ ادا کرنے سے مل جاتا ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1082 سے ماخوذ ہے۔