صحيح البخاري
كتاب الجهاد والسير— کتاب: جہاد کا بیان
بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلاً} : باب: اللہ تعالیٰ کا ارشاد کہ ”مومنوں میں کچھ وہ لوگ بھی ہیں جنہوں نے اس وعدہ کو سچ کر دکھایا جو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے کیا تھا، پس ان میں کچھ تو ایسے ہیں جو (اللہ کے راستے میں شہید ہو کر) اپنا عہد پورا کر چکے اور کچھ ایسے ہیں جو انتظار کر رہے ہیں اور اپنے عہد سے وہ پھرے نہیں ہیں“۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سَعِيدٍ الْخُزَاعِيُّ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْأَعْلَى ، عَنْ حُمَيْدٍ ، قَالَ : سَأَلْتُ أَنَسًا ، حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ زُرَارَةَ ، حَدَّثَنَا زِيَادٌ ، قَالَ : حَدَّثَنِي حُمَيْدٌ الطَّوِيلُ ، عَنْ أَنَسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : غَابَ عَمِّي أَنَسُ بْنُ النَّضْرِ ، عَنْ قِتَالِ بَدْرٍ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ غِبْتُ عَنْ أَوَّلِ قِتَالٍ قَاتَلْتَ الْمُشْرِكِينَ لَئِنْ اللَّهُ أَشْهَدَنِي ، قِتَالَ الْمُشْرِكِينَ لَيَرَيَنَّ اللَّهُ مَا أَصْنَعُ ، فَلَمَّا كَانَ يَوْمُ أُحُدٍ وَانْكَشَفَ الْمُسْلِمُونَ ، قَالَ : اللَّهُمَّ إِنِّي أَعْتَذِرُ إِلَيْكَ مِمَّا صَنَعَ هَؤُلَاءِ يَعْنِي أَصْحَابَهُ ، وَأَبْرَأُ إِلَيْكَ مِمَّا صَنَعَ هَؤُلَاءِ يَعْنِي الْمُشْرِكِينَ ، ثُمَّ تَقَدَّمَ فَاسْتَقْبَلَهُ سَعْدُ بْنُ مُعَاذٍ ، فَقَالَ : يَا سَعْدُ بْنَ مُعَاذٍ الْجَنَّةَ وَرَبِّ النَّضْرِ إِنِّي أَجِدُ رِيحَهَا مِنْ دُونِ أُحُدٍ ، قَالَ سَعْدٌ : فَمَا اسْتَطَعْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ مَا صَنَعَ ، قَالَ أَنَسٌ : فَوَجَدْنَا بِهِ بِضْعًا وَثَمَانِينَ ضَرْبَةً بِالسَّيْفِ أَوْ طَعْنَةً بِرُمْحٍ ، أَوْ رَمْيَةً بِسَهْمٍ وَوَجَدْنَاهُ قَدْ قُتِلَ وَقَدْ مَثَّلَ بِهِ الْمُشْرِكُونَ فَمَا عَرَفَهُ أَحَدٌ إِلَّا أُخْتُهُ بِبَنَانِهِ ، قَالَ أَنَسٌ : كُنَّا نُرَى أَوْ نَظُنُّ أَنَّ هَذِهِ الْآيَةَ نَزَلَتْ فِيهِ وَفِي أَشْبَاهِهِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ سورة الأحزاب آية 23 إِلَى آخِرِ الْآيَةِ .´ہم سے محمد بن سعید خزاعی نے بیان کیا ‘ کہا ہم سے عبدالاعلیٰ نے بیان کیا ‘ ان سے حمید نے بیان کیا کہ میں نے انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا ( دوسری سند ) ہم سے عمرو بن زرارہ نے بیان کیا ‘ کہا ہم سے زیاد نے بیان کیا ‘ کہا کہ مجھ سے حمید طویل نے بیان کیا اور ان سے انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` میرے چچا انس بن نضر رضی اللہ عنہ بدر کی لڑائی میں حاضر نہ ہو سکے ‘ اس لیے انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ ! میں پہلی لڑائی ہی سے غائب رہا جو آپ نے مشرکین کے خلاف لڑی لیکن اگر اب اللہ تعالیٰ نے مجھے مشرکین کے خلاف کسی لڑائی میں حاضری کا موقع دیا تو اللہ تعالیٰ دیکھ لے گا کہ میں کیا کرتا ہوں ۔ پھر جب احد کی لڑائی کا موقع آیا اور مسلمان بھاگ نکلے تو انس بن نضر نے کہا کہ اے اللہ ! جو کچھ مسلمانوں نے کیا میں اس سے معذرت کرتا ہوں اور جو کچھ ان مشرکین نے کیا ہے میں اس سے بیزار ہوں ۔ پھر وہ آگے بڑھے ( مشرکین کی طرف ) تو سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ سے سامنا ہوا ۔ ان سے انس بن نضر رضی اللہ عنہ نے کہا اے سعد بن معاذ ! میں تو جنت میں جانا چاہتا ہوں اور نضر ( ان کے باپ ) کے رب کی قسم میں جنت کی خوشبو احد پہاڑ کے قریب پاتا ہوں ۔ سعد رضی اللہ عنہ نے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! جو انہوں نے کر دکھایا اس کی مجھ میں ہمت نہ تھی ۔ انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ اس کے بعد جب انس بن نضر رضی اللہ عنہ کو ہم نے پایا تو تلوار نیزے اور تیر کے تقریباً اسی زخم ان کے جسم پر تھے وہ شہید ہو چکے تھے مشرکوں نے ان کے اعضاء کاٹ دئیے تھے اور کوئی شخص انہیں پہچان نہ سکا تھا ‘ صرف ان کی بہن انگلیوں سے انہیں پہچان سکی تھیں ۔ انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا ہم سمجھتے ہیں ( یا آپ نے بجائے «نرى» کے «نظن» کہا ) مطلب ایک ہی ہے کہ یہ آیت ان کے اور ان جیسے مومنین کے بارے میں نازل ہوئی تھی کہ «من المؤمنين رجال صدقوا ما عاهدوا الله عليه» ” مومنوں میں کچھ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے اس وعدے کو سچا کر دکھایا جو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے کیا تھا ۔“ آخر آیت تک ۔
تشریح، فوائد و مسائل
مسلم کی روایت میں ہے کہ عمیر بن حمام ؓ نے جنگ احد کے دن کچھ کھجوریں نکالیں ان کو کھانے لگے پھر کہنے لگے ان کھجورں کے تمام کرنے تک اگر میں جیتا رہا تو یہ بڑی لمبی زندگی ہو گی چنانچہ جاکر لڑنے لگے اور مارے گئے۔
اسد الغابہ میں ہے کہ عمیر بدر کے دن مارے گئے اور یہ سب انصار میں پہلے شخص تھے جو اللہ کی راہ میں جنگ میں مارے گئے۔
ابن اسحاق نے روایت کی ہے کہ عمیر بن حمام ؓ جب کافروں سے جنگ بدر میں بھڑ گئے تو یہ کہنے لگے کہ اللہ کے پاس جاتا ہوں۔
توشہ ووشہ کچھ نہیں البتہ خدا کا ڈر اور آخرت میں کام آنے والا عمل اور جہاد پر صبر ہے۔
بے شک خدا کا ڈر نہایت مضبوط کرنے والا امر ہے۔
انس بن نضر انصاری ؓ کو عمر بن خطاب ؓ ملے جو گھبرائے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا بڑا غضب ہو گیا۔
آنحضرت ﷺ شہید ہو گئے۔
انس ؓ نے کہا کہ پھر اب ہم تم زندہ رہ کر کیا کریں گے۔
آنحضرت ﷺ کا خدا تو زندہ ہے۔
اس دین پر لڑ کر مرو جس پر پیغمبر لڑ ے یہ کہہ کر انس بن نضر ؓ کافروں کی صف میں گھس گئے اور لڑتے رہے یہاں تک کہ شہید ہوگئے۔
کہتے ہیں احد کی جنگ میں کافروں کا جھنڈا طلحہ بن ابی طلحہ نے سنبھالا اس کو حضرت علی ؓنے مارا۔
پھر عثمان بن ابی طلحہ نے اس کو امیر حمزہ نے مارا۔
پھر ابو سعید بن ابی طلحہ نے اس کو سعد بن ابی وقاص ؓ نے مارا۔
پھر نافع بن طلحہ بن ابی طلحہ نے اس کو عاصم بن ثابت انصاری ؓ نے مارا۔
پھر حارث بن طلحہ بن ابی طلحہ نے اس کو بھی عاصم نے مارا۔
پھر کلاب بن ابی طلحہ نے اس کو زبیر ؓ نے مارا۔
پھر جلاس بن طلحہ نے پھر ارطاۃ بن شرحبیل نے اس کو حضرت علی ؓ نے مارا۔
پھر شریح بن قارض نے وہ بھی مارا گیا۔
پھر صواب ایک غلام نے اس کو سعد بن ابی وقاص ؓ یا حضرت علی ؓ یا قزمان ؓ نے مارا۔
اس کے بعد کافر بھاگ نکلے (وحیدی)
اس حدیث کے ذیل میں حضرت مولانا وحید الزماں مرحوم کی ایک اور تقریر درج کی جاتی ہے جو توجہ سے پڑھنے کے لائق ہے۔
فرماتے ہیں۔
مسلمانو! ہمارے باپ دادا نے ایسی ایسی بہادریاں کرکے خون بہا کر اسلام کو دنیا میں پھیلایا تھا اور اتنا بڑا وسیع ملک حاصل کیا تھا جس کی حد مغرب میں تونس اور اندلس یعنی ہسپانیہ تک اور مشرق میں چین برہما تک اور شمال میں روس تک اور جنوب میں ولایات روم وایران و توران و ہندوستان وعرب وشام ومصر وافریقہ ان کے زیر نگیں تھیں۔
ہماری عیاشی اور بے دینی نے اب یہ نوبت پہنچائی ہے کہ خاص عرب کے سوا حل اور بلاد بھی کافروں کے قبضے میں آرہے ہیں اور ملک تو اب جا چکے ہیں اب جتنا رہ گیا ہے اس کو بنا لو خواب غفلت سے بیدار ہو تو قرآ ن وحدیث کو مضبوط تھا مو۔
وما علینا إلا البلاغ (وحیدی)
1۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حضرت انس بن نضر ؓ غزوہ بدر کے وقت مدینہ طیبہ میں موجود تھے۔
شاید اپنے کسی کام کے لیے کہیں باہر گئے ہوں۔
اگرچہ غزوہ بدر سے پہلے بھی کفار کے ساتھ جھڑپیں ہوئی تھیں لیکن غزوہ بدر پہلی جنگ عظیم تھی جو کفر و اسلام کے درمیان برپا ہوئی۔
2۔
حضرت انس بن نضر ؓنے احد کے دامن میں جنت کی خوشبو کو سونگھار یہ خوشبو حقیقی تھی یا اسے مجازی معنی پر محمول کیا جائے؟ حافظ ابن حجر ؒ نے دونوں معنی بیان کیے ہیں لیکن ہمارے نزدیک اسے مجازی معنی پر محمول کرنے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ اسے ظاہری اور حقیقی معنی پر محمول کرنے میں عافیت ہے روایات میں ہے کہ جب مومن کی موت کا وقت قریب آتا ہے تو وہ جنت کو دیکھتا اور اس کی مہک سے محفوظ ہوتا ہے خود اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’اگر مرنے والا مقرب لوگوں میں سے ہے تو اس کے لیے خوشبو ئیں جنت کی نعمتیں اور آرام و سکون ہو گا۔
‘‘ (الواقعة: 88۔
89)