صحيح البخاري
كتاب الوصايا— کتاب: وصیتوں کے مسائل کا بیان
بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَآتُوا الْيَتَامَى أَمْوَالَهُمْ وَلاَ تَتَبَدَّلُوا الْخَبِيثَ بِالطَّيِّبِ وَلاَ تَأْكُلُوا أَمْوَالَهُمْ إِلَى أَمْوَالِكُمْ إِنَّهُ كَانَ حُوبًا كَبِيرًا وَإِنْ خِفْتُمْ أَنْ لاَ تُقْسِطُوا فِي الْيَتَامَى فَانْكِحُوا مَا طَابَ لَكُمْ مِنَ النِّسَاءِ} : باب: اللہ تعالیٰ کا ارشاد (سورۃ نساء میں) کہ ”اور یتیموں کو ان کا مال پہنچا دو اور ستھرے مال کے عوض گندہ مال مت لو۔ اور ان کا مال اپنے مال کے ساتھ گڈ مڈ کر کے نہ کھاؤ بیشک یہ بہت بڑا گناہ ہے اور اگر تمہیں اندیشہ ہو کہ تم یتیم لڑکیوں میں انصاف نہ کر سکو گے تو دوسری عورتیں جو تمہیں پسند ہوں، ان سے نکاح کر لو“۔
حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ ، أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ ، عَنْ الزُّهْرِيِّ ، قَالَ : كَانَ عُرْوَةُ بْنُ الزُّبَيْرِ يُحَدِّثُ ، أَنَّهُ سَأَلَ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا وَإِنْ خِفْتُمْ أَلَّا تُقْسِطُوا فِي الْيَتَامَى فَانْكِحُوا مَا طَابَ لَكُمْ مِنَ النِّسَاءِ سورة النساء آية 3 ، قَالَتْ : هِيَ الْيَتِيمَةُ فِي حَجْرِ وَلِيِّهَا فَيَرْغَبُ فِي جَمَالِهَا ، وَمَالِهَا ، وَيُرِيدُ أَنْ يَتَزَوَّجَهَا بِأَدْنَى مِنْ سُنَّةِ نِسَائِهَا ، فَنُهُوا عَنْ نِكَاحِهِنَّ إِلَّا أَنْ يُقْسِطُوا لَهُنَّ فِي إِكْمَالِ الصَّدَاقِ ، وَأُمِرُوا بِنِكَاحِ مَنْ سِوَاهُنَّ مِنَ النِّسَاءِ ، قَالَتْ عَائِشَةُ : ثُمَّ اسْتَفْتَى النَّاسُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَعْدُ ، فَأَنْزَلَ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ وَيَسْتَفْتُونَكَ فِي النِّسَاءِ قُلِ اللَّهُ يُفْتِيكُمْ فِيهِنَّ سورة النساء آية 127 ، قَالَتْ : فَبَيَّنَ اللَّهُ فِي هَذِهِ أَنَّ الْيَتِيمَةَ إِذَا كَانَتْ ذَاتَ جَمَالٍ وَمَالٍ رَغِبُوا فِي نِكَاحِهَا وَلَمْ يُلْحِقُوهَا بِسُنَّتِهَا بِإِكْمَالِ الصَّدَاقِ ، فَإِذَا كَانَتْ مَرْغُوبَةً عَنْهَا فِي قِلَّةِ الْمَالِ وَالْجَمَالِ تَرَكُوهَا وَالْتَمَسُوا غَيْرَهَا مِنَ النِّسَاءِ ، قَالَ : فَكَمَا يَتْرُكُونَهَا حِينَ يَرْغَبُونَ عَنْهَا ، فَلَيْسَ لَهُمْ أَنْ يَنْكِحُوهَا إِذَا رَغِبُوا فِيهَا إِلَّا أَنْ يُقْسِطُوا لَهَا الْأَوْفَى مِنَ الصَّدَاقِ وَيُعْطُوهَا حَقَّهَا " .´ہم سے ابوالیمان نے بیان کیا ‘ کہا ہم کو شعیب نے خبر دی زہری سے کہ عروہ بن زبیر رضی اللہ عنہ ان سے حدیث بیان کرتے تھے` انہوں نے عائشہ رضی اللہ عنہا سے آیت «وإن خفتم أن لا تقسطوا في اليتامى فانكحوا ما طاب لكم من النساء» ” اور اگر تم ڈرو کہ یتیموں کے حق میں انصاف نہیں کرو گے تو ( اور ) عورتوں میں سے جو تمہیں پسند ہوں ان سے نکاح کرلو ۔ “ کا مطلب پوچھا تو عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ اس سے مراد وہ یتیم لڑکی ہے جو اپنے ولی کی زیر پرورش ہو ‘ پھر ولی کے دل میں اس کا حسن اور اس کے مال کی طرف سے رغبت نکاح پیدا ہو جائے مگر اس کم مہر پر جو ویسی لڑکیوں کا ہونا چاہئے تو اس طرح نکاح کرنے سے روکا گیا لیکن یہ کہ ولی ان کے ساتھ پورے مہر کی ادائیگی میں انصاف سے کام لیں ( تو نکاح کر سکتے ہیں ) اور انہیں لڑکیوں کے سوا دوسری عورتوں سے نکاح کرنے کا حکم دیا گیا ۔ عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ پھر لوگوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا تو اللہ عزوجل نے یہ آیت نازل فرمائی «ويستفتونك في النساء قل الله يفتيكم فيهن» ” آپ سے لوگ عورتوں کے متعلق پوچھتے ہیں آپ کہہ دیں کہ اللہ تمہیں ان کے بارے میں ہدایت کرتا ہے ۔“ عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ پھر اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں بیان کر دیا کہ یتیم لڑکی اگر جمال اور مال والی ہو اور ( ان کے ولی ) ان سے نکاح کرنے کے خواہشمند ہوں لیکن پورا مہر دینے میں ان کے ( خاندان کے ) طریقوں کی پابندی نہ کر سکیں تو ( وہ ان سے نکاح مت کریں ) جبکہ مال اور حسن کی کمی کی وجہ سے ان کی طرف انہیں کوئی رغبت نہ ہوتی ہو تو انہیں وہ چھوڑ دیتے اور ان کے سوا کسی دوسری عورت کو تلاش کرتے ۔ راوی نے کہا جس طرح ایسے لوگ رغبت نہ ہونے کی صورت میں ان یتیم لڑکیوں کو چھوڑ دیتے ‘ اسی طرح ان کے لیے یہ بھی جائز نہیں کہ جب ان لڑکیوں کی طرف انہیں رغبت ہو تو ان کے پورے مہر کے معاملے میں اور ان کے حقوق ادا کرنے میں انصاف سے کام لیے بغیر ان سے نکاح کریں ۔
تشریح، فوائد و مسائل
اس مصلحت سے وہ نکاح تو اس لڑکی سے طوعاً و کرھاً کرلیتا مگر ویسے اس سے کچھ رغبت نہ رکھتا۔
اس پر اس آیت کا نزول ہو ااور اولیاءکو ارشاد ہواکہ اگر تم کو اس بات کا ڈر ہے کہ تم ایسی یتیم لڑکیوں کے بارے میں انصاف نہ کرسکو گے اور ان کے مہر اور ان کے ساتھ حسن معاشرت میں تم سے کوتاہی ہوگی تو تم ان سے نکاح مت کرو بلکہ اور عورتیں جو تم کو مرغوب ہوں ان سے ایک چھوڑ چار تک کی تم کو اجازت ہے۔
قاعدہ شرعیہ کے مطابق ان سے نکاح کرلو تاکہ یتیم لڑکیوں کو بھی نقصان نہ پہنچے کیونکہ تم ان کے حقوق کے حامی رہوگے اور تم بھی کسی گناہ میں نہ پڑوگے۔
باب اور حدیث میں مطابقت ظاہر ہے کہ بہرحال اولیاء کا فرض ہے کہ یتیم بچوں اور بچیوں کے مال کی خدا ترسی کے ساتھ حفاظت کریں اور ان کے بالغ ہونے پر جیسے ان کے حق میں بہتر جانیں وہ مال ان کو ادا کردیں۔
واللہ أعلم
(1)
اس حدیث کی عنوان سے مناسبت اس طرح ہے کہ اوقاف کی حفاظت اس شخص کے ذمے ہے جو ان کا متولی ہو جس طرح یتیموں کے مال کی نگہداشت ان کے سرپرستوں کے ذمے ہے تاکہ وہ ان کے اموال کی حفاظت اور خیال کریں۔
(2)
مذکورہ آیات و حدیث کا خلاصہ یہ ہے کہ اگر کسی کے پاس یتیم لڑکی ہو اور وہ اسے مہر مثل ادا نہ کر سکتا ہو تو وہ نکاح کے لیے دوسری عورتوں کی طرف رجوع کرے کیونکہ یتیم لڑکی کے علاوہ اور عورتیں بکثرت ہیں۔
اور اگر ضرور یتیم لڑکی سے نکاح کرنا ہے تو اس کا حق مہر پورا ادا کیا جائے جو اس کی ہم عصر عورتوں کا ہے، اس میں کسی قسم کی کمی نہ کی جائے۔
اس عنوان کے دو جز ہیں: ٭ ہم پلہ ہونے میں مال داری کو ملحوظ رکھنا۔
٭ مفلس آدمی کا مال دار عورت سے نکاح کرنا۔
جب تنگ دست آدمی بوجہ قلت مال یا مال دار آدمی بوجہ بخل عورت کا حق مہر پورا ادا نہ کر سکے تو مال دار عورت سے اسے نکاح کرنے کی جازت نہیں ہے، اس سے عنوان کا پہلا جز ثابت ہوا اور اگر اس کا حق مہر پورا پورا ادا کر دے تو اسے نکاح کرنے کی اجازت ہے اگرچہ وہ عورت اس سے زیادہ مال دار ہو۔
علامہ عینی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ جب یتیم لڑکی مال دار ہو اور اس کا سر پرست تنگدست ہو تو حق مہر پورا پورا ادا کرنے کی صورت میں اسے نکاح کرنے کی اجازت ہے۔
اس سے مال داری میں ہم پلہ ہونا ثابت ہوا۔
(عمدة القاري: 36/14)
کہتے ہیں کہ حضرت جابر ؓ کی ایک چچیری بہن تھی، بد صورت۔
حضرت جابر ؓ خود اس سے نکاح کرنا نہیں چاہتے تھے اور مال اسباب کے خیال سے یہ بھی نہیں چاہتے تھے کہ کوئی دوسرا شخص اس سے نکاح کرے کیونکہ وہ اس کے مال کا دعویٰ کرے گا۔
اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔
آیت سے صاف ظاہر ہے کہ صنف نازک کا کسی بھی قسم کا نقصان شریعت میں سخت نا پسند ہے۔
1۔
حافظ ابن حجر ؒ نے ابن ابی حاتم کے حوالے سے اس آیت کا شان نزول ذکر کیا ہے کہ حضرت جابر ؓ کی چچا زاد بدصورت تھی اور وہ اپنے والد کی میراث پانے کی وجہ سے مال دار بھی تھی۔
حضرت جابر ؓ کے ہاں وہ زیر کفالت بھی تھی۔
بد صورت ہونے کی وجہ سے حضرت جابر ؓ اس سے نکاح کرنے میں کوئی رغبت نہیں ر کھتے تھے لیکن کسی سے نکاح کردینے میں بھی رضا مند نہ تھے کیونکہ اس طرح اس کا مال اس کے شوہر کو مل جاتا۔
اس کے متعلق یہ آیت نازل ہوئی۔
(الأنفال: 60/8)
2۔
عربی زبان میں "رغب" کا لفظ صلہ کے اعتبار سے دو معنوں میں استعمال ہوتاہے: اگر اس کے بعد في ہو تو اس کے معنی ہیں: رغبت کرنا اور شوق رکھنا اور اگر اس کے بعد عن آ جائے تو یہ رو گردانی اورنفرت کرنے کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔
آیت کریمہ میں دونوں معنوں کے گنجائش کے پیش نظر اس کاصلہ حذف کر دیا گیا ہے۔
اس میں رغبت کرنا اور نفرت کرنا دونوں معنی مقصود ہیں کیونکہ دورجاہلیت میں یتیم لڑکیوں کے ساتھ دوقسم کا ظلم روا رکھا جاتا تھا: اگر وہ مال دار صاحب جمال ہوتی تو خود سرپرست اس کے ساتھ نکاح کرنے میں رغبت رکھتا اورنکاح کرلیتا لیکن یتیم ہونے کی وجہ سے حق مہر دینے میں بخل اور بے انصافی کی جاتی اور گروہ مال دار ہونے کے ساتھ ساتھ بدصورت ہوتی تو اس کے ساتھ نکاح کرنے سے نفرت کی جاتی اورآگے اس کا نکاح کردینے میں بھی کوئی دلچسپی نہ رکھی جاتی تاکہ اس کا مال ہاتھ سے نہ نکل جائے۔
اس آیت کریمہ سے دونوں قسم کے ظلم وستم کا سد باب کیا گیا ہے اورقرآن کریم کا یہ اعجاز ہے کہ اس میں نفرت اور دلچسپی دونوں معنوں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
واللہ اعلم۔
ایسے میں اگر وہ نکاح کرے گا تو اہل ظاہر کے نزدیک وہ نکاح صحیح نہ ہوگا اور جمہور کے نزدیک صحیح ہو جائے گا مگر اس کو مہر مثل دینا پڑے گا۔
1۔
اگر یتیم بچی بدصورت اور مال ودولت کے اعتبار سے غریب ہوتی تو سرپرست حضرات کو اس سے کوئی دلچپسی نہ ہوتی۔
اور اگرمال دار خوبصورت ہوتی تو حیلہ سازی کرکے اس سے خود نکاح کر لیتے۔
ان کے متعلق حیلہ سازی یہ ہوتی تھی کہ انھیں معمولی حق مہر دیا جاتا۔
اللہ تعالیٰ نے اس دوہرے کردار کا اس آیت کریمہ میں نوٹس لیا ہے۔
ہاں، اگرحیلہ سازی سے بچتے ہوئے اسے پورا پورا حق مہر دیں اور عدل وانصاف سے کام لیں توایسی یتیم بچیوں سے نکاح کی اجازت ہے۔
2۔
اہل ظاہر کا موقف ہے کہ اگر کوئی سرپرست اس طرح ظالمانہ طریقے سے نکاح کر لیتا ہے تو وہ صحیح نہیں ہوگا مگر جمہور اہل علم کا موقف ہے کہ نکاح صحیح ہے مگر سرپرست کے لیے ضروری ہے کہ وہ یتیم بچی کو مہرمثل ادا کرے۔
بہرحال اس قسم کی حیلہ سازی کی ممانعت ہے۔
اس سے ایک مسلمان کو ہرحال میں بچنا چاہیے۔
واللہ أعلم۔
یتیم لڑکیوں کے سرپرست ان سے نکاح کرنے کے سلسلے میں کئی طرح کی بے انصافیوں کا ارتکاب کرتے تھے جس کا اللہ تعالیٰ نے سورۂ نساء، آیت: 3 میں نوٹس لیا، پھر ان بے انصافیوں سے بچنے کے لیے ایسی یتیم لڑکیوں کے سرپرستوں نے یہ محتاط رویہ اختیار کیا کہ ان سے نکاح کرنا ہی چھوڑ دیا لیکن یہ رویہ بھی کئی طرح سے نقصان دہ ثابت ہوا کیونکہ جس قدر اخوت اور بہتر سلوک انھیں سرپرستوں سے نکاح کرنے میں میسر آسکتا تھا غیروں کے ساتھ نکاح کرنے میں وہ میسر آہی نہ سکتا تھا، بعض دفعہ ان کی زندگی انتہائی تلخ ہو جاتی، اس آخری آیت کے ذریعے سے سرپرستوں کو ان کے زیر کفالت یتیم لڑکیوں سے نکاح کرنے کی اجازت دی گئی مگر اس شرط کے ساتھ کہ ان کے حق مہر میں کمی نہ کی جائے اور ان سے طے کردہ معاملات بھی ضرور پورے کیے جائیں، پھر دوسرے حقوق جو وراثت وغیرہ سے متعلق ہیں انھیں بھی ضرور پورا کیا جائے۔
(1)
حدیث میں مذکور دو آیات میں دو قسم کی عورتوں کا بیان ہے: ٭ وہ یتیم بچی جس کے حسن و جمال اور مال و دولت کی وجہ سے سرپرست نکاح کی خواہش مند ہے۔
٭ حسن و جمال اور مال و دولت کی کمی کی وجہ سے سرپرست کی نکاح میں کوئی رغبت نہیں۔
مطلب یہ ہے کہ وہ یتیم بچی جس کے پاس مال و دولت اور حسن و جمال نہیں اسے تم چھوڑ دیتے ہو اور نکاح کے لیے دوسری عورتیں تلاش کرتے ہو، اس اعتبار سے تمہیں اس صورت میں بھی انہیں چھوڑ دینا چاہیے جب ان کے مال اور جمال میں رغبت کی وجہ سے تم نکاح تو کرنا چاہتے ہو لیکن دستور کے مطابق حق مہر نہیں ادا کرنا چاہتے۔
ہاں اگر ان کے حقوق کی ادائیگی کی جائے اور حق مہر بھی پورا دینے کا ارادہ ہو تو اس صورت میں تمہیں ان سے نکاح کا حق پہنچتا ہے۔
(2)
امام بخاری ؒ یتیم کے مال میں شراکت کے متعلق وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ یتیم کے مال میں شراکت صرف اس صورت میں جائز ہے کہ یتیم کی اس میں بھلائی پیش نظر ہو۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَيَسْأَلُونَكَ عَنِ الْيَتَامَىٰ ۖ قُلْ إِصْلَاحٌ لَّهُمْ خَيْرٌ ۖ وَإِن تُخَالِطُوهُمْ فَإِخْوَانُكُمْ ۚ وَاللَّـهُ يَعْلَمُ الْمُفْسِدَ مِنَ الْمُصْلِحِ﴾ ’’اور لوگ آپ سے یتیموں کے متعلق سوال کرتے ہیں۔
ان سے کہہ دیں کہ ان کی اصلاح اور فلاح و بہبود ہی میں بھلائی ہے اور اگر انہیں اپنے ساتھ رکھ لو تو وہ تمہارے ہی بھائی ہیں اور اللہ تعالیٰ اصلاح کرنے والے اور بگاڑ کرنے والے کو خوب جانتا ہے۔
‘‘ (البقرة: 220: 2)
الغرض یتیموں کے تمام معاملات میں عدل و انصاف کا برتاؤ ہونا چاہیے، شراکت میں بھی اس پہلو کو مدنظر رکھنا ہو گا۔
واللہ أعلم
عروہ بن زبیر نے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے اللہ تعالیٰ کے فرمان: «وإن خفتم ألا تقسطوا في اليتامى فانكحواء ما طاب لكم من النساء سورة النساء» ۱؎ کے بارے میں دریافت کیا تو ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: بھانجے! اس سے وہ یتیم لڑکی مراد ہے، جو اپنے ایسے ولی کی پرورش میں ہو جس کے مال میں وہ شریک ہو اور اس کی خوبصورتی اور اس کا مال اسے بھلا لگتا ہو اس کی وجہ سے وہ اس سے بغیر مناسب مہر ادا کئے نکاح کرنا چاہتا ہو (یعنی جتنا مہر اس کو اور کوئی دیتا اتنا بھی نہ دے رہا ہو) چنانچہ انہیں ان سے نکاح کرنے سے روک دیا گیا، اگ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب النكاح /حدیث: 2068]
1: حدیث کا باب سے تعلق یہ ہے کہ اگر انسان اپنی زیر تولیت کسی یتیم بچی سے شرعی عدل وانصاف کے معیار پر پورا نہ اتر سکتا ہو تو اس سے نکاح نہ کرے خواہ پہلا ہو یا کسی دوسری بیوی کے ہوتے ہوئے ہو۔
اس میں تو اور بھی اندیشہ ہے کہ یتیم بچی ہونے کی وجہ سے اسے گھر کی لونڈی اور خادمہ ہی بنا لیا جائے۔
2: فہم قرآن کے لئے شان نزول کی ایک خاص اہمیت ہے بشرطیکہ صحیح سند سے ثابت ہو۔
اسی طرح ہر آیت کے لئےشان نزول تلاش کرنا بھی تکلف بارد ہے۔
عروہ بن زبیر کہتے ہیں کہ انہوں نے (ام المؤمنین) عائشہ رضی اللہ عنہا سے اللہ تعالیٰ کے فرمان: «وإن خفتم أن لا تقسطوا في اليتامى فانكحواء ما طاب لكم من النساء» ” اگر تمہیں ڈر ہو کہ یتیم لڑکیوں سے نکاح کر کے تم انصاف نہ رکھ سکو گے، تو اور عورتوں میں سے جو بھی تمہیں اچھی لگیں تم ان سے نکاح کر لو (النساء: ۳) کے بارے میں سوال کیا تو عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: بھانجے! اس سے وہ یتیم لڑکی مراد ہے جو اپنے ایسے ولی کی پرورش میں ہو جس کے مال۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب النكاح/حدیث: 3348]
(2) ”پوچھا“ کیونکہ ظاہراً شرط وجزا میں کوئی تعلق سمجھ میں نہیں آتا۔ حضرت عائشہؓ نے ایسی تفصیل بیان فرمائی کہ نہ صرف اس آیت بلکہ دیگر متعلقہ آیات کا مطلب بھی واضح ہوگیا۔ جزاھا اللہ عنا خیر الجزاء۔
(3) حضرت عائشہؓ کی اس تفصیل کا خلاصہ یہ ہے کہ جب کسی بچی کا والد فوت ہوجاتا ہے اور اس کے وارث چچا یا اس کے بیٹے ہوتے تو وہ اس یتیم بچی کی بجائے اپنا مفاد مقدم جانتے۔ اگر تو مال وجمال وافر ہوتا تو اس سے نکاح میں پرجوش ہوتے مگراسے اس کے مرتبے کے مطابق مہر نہ دیتے کیونکہ اصل مقصد تو اس کا مال حاصل کرنا ہونا تھا۔ اور اگر مال وجمال کی کمی ہوتی تو پھر اس کی طرف منہ بھی نہ کرتے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ تم کسی بھی حال میں یتیم بچیوں سے نکاح نہ کرو‘ خواہ وہ مال دار ہوں یا فقیر‘ بلکہ ان کا نکاح گھر سے باہر کرو تاکہ ان کا مال انہیں ملے وہ اپنا پورا مہر بھی حاصل کرسکیں۔ ہاں اگر سرپرست اور اولیاء دوسرے لوگوں کے برابر یا ان سے زیادہ مہر دیں تو وہ ان سے نکاح کرسکتے ہیں۔
(4) معلوم ہوا کہ عورتوں کا مہر ان کی ذاتی اور خاندانی حیثیت کے مطابق زیادہ سے زیادہ ہونا چاہیے۔ کم مہر مقرر کرنا ان پر ظلم ہے کیونکہ مہر عورت کا حق ہے نہ کہ اولیاء کا۔ اولیاء اپنے حق میں رعایت کرسکتے ہیں‘ عورت کے حق میں نہیں۔ اس مسئلے میں انصاف چاہیے۔ نہ تو فخروریا کے لیے ان کی حیثیت سے زائد مقرر کیاجائے‘ نہ اپنے مفاد کے لیے ان کی حیثیت سے کم۔