صحيح البخاري
كتاب الوصايا— کتاب: وصیتوں کے مسائل کا بیان
بَابُ الْوَصَايَا: باب: اس بارے میں وصیتیں ضروری ہیں۔
حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ زُرَارَةَ ، أَخْبَرَنَا إِسْمَاعِيلُ ، عَنْ ابْنِ عَوْنٍ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ ، عَنْ الْأَسْوَدِ ، قَالَ : ذَكَرُوا عِنْدَ عَائِشَةَ أَنَّ عَلِيًّا رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا كَانَ وَصِيًّا ، فَقَالَتْ " مَتَى أَوْصَى إِلَيْهِ وَقَدْ كُنْتُ مُسْنِدَتَهُ إِلَى صَدْرِي ، أَوْ قَالَتْ : حَجْرِي ، فَدَعَا بِالطَّسْتِ ، فَلَقَدِ انْخَنَثَ فِي حَجْرِي فَمَا شَعَرْتُ أَنَّهُ قَدْ مَاتَ ، فَمَتَى أَوْصَى إِلَيْهِ " .´ہم سے عمرو بن زرارہ نے بیان کیا ‘ کہ ہم کو اسماعیل بن علیہ نے خبر دی عبداللہ بن عون سے ‘ انہیں ابراہیم نخعی نے ‘ ان سے اسود بن یزید نے بیان کیا کہ` عائشہ رضی اللہ عنہا کے یہاں کچھ لوگوں نے ذکر کیا کہ علی رضی اللہ عنہ ( نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ) وصی تھے تو آپ نے کہا کہ کب انہیں وصی بنایا ۔ میں تو آپ کے وصال کے وقت سر مبارک اپنے سینے پر یا انہوں نے ( بجائے سینے کے ) کہا کہ اپنے گود میں رکھے ہوئے تھی پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ( پانی کا ) طشت منگوایا تھا کہ اتنے میں ( سر مبارک ) میری گود میں جھک گیا اور میں سمجھ نہ سکی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہو چکی ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے علی رضی اللہ عنہ کو وصی کب بنایا ۔
حضرت اسود بن یزید رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ لوگوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس حضرت علی رضی اللہ عنہ کے وصی ہونے کا ذکر کیا تو انہوں نے فرمایا: آپ ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو کب وصیت فرمائی؟ حالانکہ (آخری لمحات میں) میں نے آپ ﷺ کو اپنے سینے سے لگایا ہوا تھا۔ یا فرمایا: میں انہیں اپنی گود میں رکھے ہوئے تھی، تب آپ ﷺ نے پانی کا طشت منگوایا، اتنے میں آپ ﷺ کا سر مبارک میری جھولی میں جھک گیا۔ مجھے معلوم نہ ہو سکا کہ آپ ﷺ وفات پا چکے ہیں، تو آپ ﷺ نے (حضرت علی رضی اللہ عنہ کے لیے) وصیت کب فرمائی؟
تشریح، فوائد و مسائل
حضرت عائشہ ؓ نے ایک خاص وصیت کا انکار کیا ہے کہ بیماری سے لے کر وفات تک رسول اللہ ﷺ میرے ہی پاس رہے اور آپ نے میری ہی گود میں انتقال فرمایا۔
اگر آپ نے حضرت علی ؓ کو وصی بنایا ہوتا یا آپ کو خلیفہ مقرر کیا ہوتا تو کم از کم مجھے اس کا علم ضرور ہوتا۔
اس بنا پر یہ پروپیگنڈا بے بنیاد ہے کہ حضرت علی ؓ رسول اللہ ﷺ کے وصی یا آپ کے نامزد خلیفہ ہیں۔
خود حضرت علی ؓ نے بھی اس مزعومہ وصیت کی پرزور تردید کی ہے۔
فرمایا: اس ذات کی قسم جس نے دانہ اُگایا اور جان کو پیدا کیا! ہمارے پاس تو اللہ کی کتاب اور جو کچھ اس صحیفے میں ہے، ان کے علاوہ کوئی چیز نہیں ہے۔
(صحیح البخاري، الدیات، حدیث: 6915)
اس کے علاوہ حضرت علی ؓ نے اپنے لیے خلافت سے پہلے یا اس کے بعد کوئی دعویٰ نہیں کیا۔
اور سقیفہ کے دن بھی کسی نے اس وصیت کا اشارہ تک نہیں کیا۔
یہ محض رافضیوں کا بے بنیاد پروپیگنڈا ہے جس کی کوئی حیثیت نہیں۔