مرکزی مواد پر جائیں
19 شعبان، 1447 ہجری
حدیث نمبر: 2684
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ الرَّحِيمِ ، أَخْبَرَنَا سَعِيدُ بْنُ سُلَيْمَانَ ، حَدَّثَنَا مَرْوَانُ بْنُ شُجَاعٍ ، عَنْ سَالِمٍ الْأَفْطَسِ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ ، قَالَ : " سَأَلَنِي يَهُودِيٌّ مِنْ أَهْلِ الْحِيرَةِ ، أَيَّ الْأَجَلَيْنِ قَضَى مُوسَى ؟ قُلْتُ : لَا أَدْرِي حَتَّى أَقْدَمَ عَلَى حَبْرِ الْعَرَبِ ، فَأَسْأَلَهُ ، فَقَدِمْتُ ، فَسَأَلْتُ ابْنَ عَبَّاسٍ ، فَقَالَ :قَضَى أَكْثَرَهُمَا ، وَأَطْيَبَهُمَا إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا قَالَ فَعَلَ " .
مولانا داود راز

´ہم سے محمد بن عبدالرحیم نے بیان کیا ، کہا ہم کو سعید بن سلیمان نے خبر دی ، ان سے مروان بن شجاع نے بیان کیا ، ان سے سالم افطس نے اور ان سے سعید بن جبیر نے بیان کیا کہ` حیرہ کے یہودی نے مجھ سے پوچھا ، موسیٰ علیہ السلام نے ( اپنے مہر کے ادا کرنے میں ) کون سی مدت پوری کی تھی ؟ ( یعنی آٹھ سال کی یا دس سال کی ، جن کا قرآن میں ذکر ہے ) میں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں ، ہاں ! عرب کے بڑے عالم کی خدمت میں حاضر ہو کر پوچھ لوں ( تو پھر تمہیں بتا دوں گا ) چنانچہ میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ آپ نے بڑی مدت پوری کی ( دس سال کی ) جو دونوں مدتوں میں بہتر تھی ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی جب کسی سے وعدہ کرتے تو پورا کرتے تھے ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الشهادات / حدیث: 2684
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : مسند الحميدي: 545

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
2684. حضرت سعید بن جبیر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: مجھ سے اہل حیرہ کے ایک یہودی نے سوال کیا کہ حضرت موسیٰ ؑ نے دو مدتوں میں سے کون سی مدت پوری کی تھی، میں نے کہا: میں اس وقت (تک کچھ) نہیں کہہ سکتا جب تک عرب کے بڑے عالم کے پاس جاکر نہ پوچھ لوں، چنانچہ میں حضرت ا بن عباس ؓ کے پاس آیا اور ان سے پوچھا تو انھوں نے فرمایا: جو مدت ان میں زیادہ اور عمدہ تھی (موسیٰ ؑ نے اسے پورا کیا تھا) بے شک اللہ کا رسول جب کوئی بات کہتاہے تو اسے پورا کرتا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2684]
حدیث حاشیہ: ان جملہ احادیث سے حضرت امام ؒ نے جو وعدہ پوا کرنے کا وجوب ثابت کیا‘ خصوصا جو وعدہ عدالت میں کیا جائے وہ نہ پورا کرے تو اس سے جبرا پورا کرایا جائے گا۔
ورنہ عدالت ایک تماشہ بن حائے گی۔
حصرت موسی ٰ ؑ کے سامنے آٹھ اور دس سال کی مدتین رکھی گئی تھیں۔
حصرت شعیب ؑ نے ان سے فرمایا تھا کہ میں چاہتا ہوں اپنی دو بیٹیوں میں سے ایک کی شادی تمہارے ساتھ کر دوں۔
بشرطیکہ تم آٹھ برس میری نوکری کرو اور اگر دس برس پورا کرو تو یہ تمہارا احسان ہو گا۔
حدیث کے آخری جملہ کا مطلب یہ کہ اللہ کے رسول وعدہ خلاف ہرگز نہیں ہو سکتے۔
یہیں سے ترجمہ باب نکلتاہے۔
دوسری روایت میں یوں ہے کہ سعید نے کہا ‘پھر وہ یہودی مجھ سے ملا تو میں نے جو ابن عباس ؓ نے فرمایا تھا وہ اسے بتلا دیا۔
وہ کہنے لگا ابن عباس ؓ بیشک عالم ہیں۔
ابن عباس ؓ نے یہ آنحضرت ﷺ سے سنا تھا اور آپ نے جبرائیل ؑ سے پوچھا تھا۔
جبرائیل ؑ نے اللہ پاک سے جس کے جواب میں اللہ پک نے فرمایا تھا کہ موسی ٰ ؑنے وہ میعاد پوری کی جو زیادہ لمبی اور زیادہ بہتر تھی۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2684 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
2684. حضرت سعید بن جبیر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: مجھ سے اہل حیرہ کے ایک یہودی نے سوال کیا کہ حضرت موسیٰ ؑ نے دو مدتوں میں سے کون سی مدت پوری کی تھی، میں نے کہا: میں اس وقت (تک کچھ) نہیں کہہ سکتا جب تک عرب کے بڑے عالم کے پاس جاکر نہ پوچھ لوں، چنانچہ میں حضرت ا بن عباس ؓ کے پاس آیا اور ان سے پوچھا تو انھوں نے فرمایا: جو مدت ان میں زیادہ اور عمدہ تھی (موسیٰ ؑ نے اسے پورا کیا تھا) بے شک اللہ کا رسول جب کوئی بات کہتاہے تو اسے پورا کرتا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2684]
حدیث حاشیہ:
(1)
ان احادیث سے امام بخاری ؒ نے وعدہ پورا کرنے کے وجوب کو ثابت کیا ہے، خاص طور پر وہ وعدہ جو عدالت کے روبرو کیا جائے۔
اگر وہ پورا نہ کرے تو عدالت اس کا نوٹس لے اور زبردستی اس سے پورا کرائے بصورت دیگر عدالتی فیصلے تماشا بن جائیں گے۔
(2)
حضرت موسیٰ ؑ کے سامنے آٹھ سال اور دس سال کی دو مدتیں رکھی گئی تھیں، حضرت موسیٰ ؑ نے وہ مدت پوری کی جو زیادہ لمبی اور زیادہ عمدہ تھی، حالانکہ موسیٰ ؑ نے دس سال کا وعدہ نہیں کیا تھا لیکن پھر بھی اسے پورا کر دکھایا۔
اس سے وعدہ پورا کرنے کی تاکید مقصود ہے۔
اس حدیث کے آخری جملے کا یہ مطلب ہے کہ جو بھی اللہ کا رسول ہو وہ سچی بات کرتا ہے۔
اس کا وعدہ سچا ہوتا ہے اور وہ اس کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔
اللہ کے رسول وعدہ خلاف ہرگز نہیں ہوتے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2684 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 545 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
545- سيدنا عبدالله بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا جبرئیل علیہ السلام سے دریافت کیا: سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے دو مدتوں میں سے کون سی مدت مکمل کی تھی؟ تو جبرئیل علیہ السلام بولے: جو تمام اور مکمل تھی۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:545]
فائدہ:
ہر ہر انسان کی عمر مقرر ہے، ایک لمحہ بھی آگے پیچھے نہیں ہوسکتا، اس پر ہمارا ایمان ہے، سیدنا موسیٰ علیہ السلام کو زندگی اور موت کے درمیان اختیار دیا گیا تھا، پھر وہ بحث و مباحثہ کے بعد اس بات پر راضی ہو گئے کہ مجھے مسجد اقصیٰ کے قریب موت آئے، اس چیز کو اس حدیث میں بیان کیا گیا ہے، کہ ان کو موت اس وقت آئی جب ان کی عمر مکمل اور اکمل ہو چکی تھی، اور وہ مقررہ وقت پر ہی آئی، نہ آ گے اور نہ پیچھے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 545 سے ماخوذ ہے۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔