صحيح البخاري
كتاب الهبة— کتاب: ہبہ کےمسائل فضیلت اور ترغیب کا بیان
بَابُ مَنْ رَأَى الْهِبَةَ الْغَائِبَةَ جَائِزَةً: باب: جن کے نزدیک غائب چیز کا ہبہ کرنا درست ہے۔
حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ أَبِي مَرْيَمَ ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ ، قَالَ : حَدَّثَنِي عُقَيْلٌ ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ ، قَالَ : ذَكَرَ عُرْوَةُ ، أَنَّ الْمِسْوَرَ بْنَ مَخْرَمَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، وَمَرْوَانَ أَخْبَرَاهُ ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حِينَ جَاءَهُ وَفْدُ هَوَازِنَ قَامَ فِي النَّاسِ فَأَثْنَى عَلَى اللَّهِ بِمَا هُوَ أَهْلُهُ ، ثُمَّ قَالَ : أَمَّا بَعْدُ ، " فَإِنَّ إِخْوَانَكُمْ جَاءُونَا تَائِبِينَ ، وَإِنِّي رَأَيْتُ أَنْ أَرُدَّ إِلَيْهِمْ سَبْيَهُمْ ، فَمَنْ أَحَبَّ مِنْكُمْ أَنْ يُطَيِّبَ ذَلِكَ فَلْيَفْعَلْ ، وَمَنْ أَحَبَّ أَنْ يَكُونَ عَلَى حَظِّهِ حَتَّى نُعْطِيَهُ إِيَّاهُ مِنْ أَوَّلِ مَا يُفِيءُ اللَّهُ عَلَيْنَا " ، فَقَالَ النَّاسُ : طَيَّبْنَا لَكَ .´ہم سے سعید بن ابی مریم نے بیان کیا ، ان سے لیث نے بیان کیا ، کہا کہ مجھ سے عقیل نے بیان کیا ابن شہاب سے ، ان سے عروہ نے ذکر کیا کہ مسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہ اور مروان بن حکم نے انہیں خبر دی کہ` جب قبیلہ ہوازن کا وفد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو خطاب فرمایا اور اللہ کی شان کے مطابق ثناء کے بعد آپ نے فرمایا : امابعد ! یہ تمہارے بھائی توبہ کر کے ہمارے پاس آئے ہیں اور میں یہی بہتر سمجھتا ہوں کہ ان کے قیدی انہیں واپس کر دئیے جائیں ۔ اب جو شخص اپنی خوشی سے ( قیدیوں کو ) واپس کرنا چاہے وہ واپس کر دے اور جو یہ چاہے کہ انہیں ان کا حصہ ملے ( تو وہ بھی واپس کر دے ) اور ہمیں اللہ تعالیٰ ( اس کے بعد ) سب سے پہلی جو غنیمت دے گا ، اس میں سے ہم اسے معاوضہ دے دیں گے ۔ لوگوں نے کہا ہم اپنی خوشی سے ( ان کے قیدی واپس کر کے ) آپ کا ارشاد تسلیم کرتے ہیں ۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبدالرحمن بن عوف ؓ کے بھانجے ہیں۔
ہجرت نبی کے دو سال بعد مکہ میں ان کی پیدائش ہوئی۔
ذی الحجہ 8 ھ میں مدینہ منورہ پہنچے۔
وفات نبوی کے وقت ان کی عمر صرف آٹھ سال تھی۔
انہوں نے آنحضرت ﷺ سے حدیث کی سماعت کی اور ان کو یاد رکھا۔
بڑے فقیہ اور صاحب فضل اور دیندار تھے۔
عثمان ؓ کی شہادت تک مدینہ ہی میں مقیم رہے۔
بعد شہادت مکہ میں منتقل ہوگئے اور معاویہ ؓ کی وفات تک وہیں مقیم رہے۔
انہوں نے یزید کی بیعت کو پسند نہیں کیا۔
لیکن پھر بھی مکہ ہی میں رہے جب تک کہ یزید نے لشکر بھیجا اور مکہ کا محاصرہ کرلیا۔
اس وقت ابن زبیر ؓ مکہ ہی میں موجود تھے۔
چنانچہ اس محاصرہ میں مسور بن مخرمہ ؓ کو بھی منجنیق سے پھینکا ہوا ایک پتھر لگا۔
یہ اس وقت نماز پڑھ رہے تھے۔
اس پتھر سے ان کی شہادت واقع ہوئی۔
یہ واقعہ ربیع الاول64ھ کی چاند رات کو ہوا۔
ان سے بہت سے لوگوں نے روایت کی ہے۔
اس روایت کے مطابق آئندہ مالِ غنیمت کا معاملہ مبہم تھا، گویا وہ غائب تھا لیکن رسول اللہ ﷺ نے آئندہ آنے والا مال ہبہ کر دیا۔
اس میں کوئی چیز حاضر نہیں تھی۔
اس سے معلوم ہوا کہ اگر کوئی شے معلوم ہو اور اس کا حصول ممکن ہو تو غائب چیز ہبہ کی جا سکتی ہے۔
غنیمت حاصل کرنے والے کئی لوگ تھے، انہوں نے قیدی وفد ہوازن کو ہبہ کیے۔
اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے استدلال کیا ہے کہ مشترکہ چیز کا ہبہ جائز ہے۔
بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ شرعی ہبہ نہیں تھا کیونکہ قبیلۂ ہوازن کو ان کے قیدی واپس کیے گئے تھے۔
اگر کوئی چیز اصل مالک کو واپس کر دی جائے تو اسے ہبہ نہیں کہا جاتا۔
ہمارے رجحان کے مطابق یہ ہبہ ہی کی ایک صورت تھی کیونکہ وہ جنگی قیدی اب غنیمت حاصل کرنے والوں کی ملکیت تھے اور انہوں نے اپنی ملکیت وفد ہوازن کو ہبہ کی تھی۔
اس سے معلوم ہوا کہ مشاع کا ہبہ جو تقسیم ہو سکتا ہے جائز ہے۔
امام ابو حنیفہ ؒ اسے تسلیم نہیں کرتے۔
ابن اسحاق نے مغازی میں نکالا کہ ہوازن والوں نے آنحضرت ﷺ سے یوں عرض کیا تھا آپ ان عورتوں پر احسان کیجئے جن کا آپ نے دودھ پیا ہے۔
آنحضرت ﷺ نے اسی بنا پر ہوازن والوں کو بھائی قرار دیا اور مجاہدین سے فرمایا کہ وہ اپنے اپنے حصہ کے لونڈی غلام ان کو واپس کردیں‘ چنانچہ ایسا ہی کیا گیا۔
اس حدیث میں کئی ایک تمدنی امور بھی بتلائے گئے ہیں جن میں اقوام میں نمائندگی کا اصول بھی ہے جسے اسلام نے سکھایا ہے اسی اصول پر موجودہ جمہوری طرز حکومت وجود میں آیا ہے۔
اس روایت کی سندمیں مروان بن حکم کا بھی نام آیا ہے‘ اس پر مولانا وحید الزمان مرحوم فرماتے ہیں: مروان نے نہ آنحضرتﷺ سے سنا ہے‘ نہ آپ ﷺ کی صحبت اٹھائی ہے۔
اس کے اعمال بہت خراب تھے اور اسی وجہ سے لوگوں نے حضرت امام بخاری پر طعن کیا ہے کہا مروان سے روایت کرتے ہیں۔
حالانکہ حضرت امام بخاری ؒ نے اکیلے مروان سے روایت نہیں کی‘ بلکہ مسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ‘ جوصحابی ہیں‘ روایت کی ہے اور اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ بعض برے شخص حدیث کی روایت میں سچا اور با احتیاط ہوتا ہے تو محدثین اس سے روایت کرتے ہیں۔
اور کوئی شخص بہت نیک اور صالح ہوتاہے لیکن وہ عبادت یا دوسرے علم میں مصروف رہنے کہ وجہ سے حدیث کے الفاظ اور متن کا خوب خیال نہیں رکھتا‘ تومحدثین اس سے روایت نہیں کرتے یا اس کی روایت کو ضعیف جانتے ہیں۔
ایسی بہت سی مثالیں موجود ہیں۔
مجتہدین عظام میں کچھ حضرات توایسے ہیں جن کا طریقہ کار استخراج و استنباط مسائل اجتہاد کے طریق پر تھا۔
کچھ فقہ اور حدیث ہر دو کے جامع تھے۔
بہر حال حضرت امام بخاری ؒ اپنی جگہ پر مجتہد مطلق ہیں۔
اگر وہ کسی جگہ مروان جیسے لوگوں کی مرویات نقل کرتے ہیں تو ان کے ساتھ کسی اور معتبر شاہد کو بھی پیش کردیتے ہیں۔
جو ان کے کمال احتیاط کی دلیل ہے اور اس بنا پر ان پر طعن کرنا محض تعصب اور کورباطنی کا ثبوت دینا ہے۔
1۔
رسول اللہ ﷺکو سب سے پہلے دودھ پلانے والی حلیمہ سعدیہ ہوازن قبیلے سے تھیں ہوازن والوں نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کی کہ آپ ان عورتوں پر احسان کیجیے جن کا آپ نے دودھ پیا ہے ہے۔
اسی بناپر رسول اللہ ﷺنے ہوازن والوں کو بھائی قرار دیا اور مجاہدین سے فرمایا: ’’وہ اپنے حصے کے غلام اور لونڈیاں آزاد کریں اور ان کو واپس کردیں۔
‘‘ چنانچہ ایسا ہی کیا گیا۔
2۔
امام بخاری ؒ نے اس سے ثابت کیا ہے کہ خمس کا مصرف امام کی صوابدید پر موقوف ہے کیونکہ آپ نے فرمایا: ’’ہم پہلے پہلے مال فے سے جو اللہ ہمیں عطا فرمائےگا۔
اس میں سے اس کو حصہ دیں گے۔
‘‘ ان الفاظ کا ظاہری مفہوم یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس سے مراد مال خمس ہے جو مسلمانوں کی ضروریات کے لیے صرف ہوگا۔
واللہ أعلم۔
آپ ہم پر کرم فرمائیں اور ان سب کو آزاد فرما دیں۔
آپ پر اللہ بہت کرم کرے گا۔
آپ نے جو جواب دیا وہ روایت میں یہاں تفصیل سے بیان ہوا ہے۔
آپ نے سارے قیدیو ں کو آزاد فرما دیا۔
عرب کا دستور تھا کہ جب وہ سخت لڑائی کا ارادہ کرتے تو اہل و عیال اور مال و مویشی اپنے ہمراہ لے آتے تاکہ لڑنے والے کو معلوم رہے کہ اگر اس نے شکست کھائی تو سب مال واسباب اور اہل عیال دشمن کے قبضے میں چلا جائے گا۔
بنو ہوازن نے بھی ایسا ہی کیا تھا۔
رسول اللہ ﷺ نے دیکھ کر فرمایا: "اگر اللہ نے چاہا تو یہ سب مال و متاع ہمارے پاس بطور غنیمت آئے گا۔
" چنانچہ ایسا ہی ہوا گھمسان کی جنگ ہوئی قبیلہ ہوازن بری طرح شکست کھا کربھاگ نکلا ان کا مال واسباب اور بچے عورتیں سب مسلمانوں کے قبضے میں آگئیں۔
رسول اللہ ﷺ نے کافی دن ان کا انتظار کیا آپ کی خواہش تھی کہ قبیلہ ہوازن کے لوگ مسلمان ہو کر ہمارے پاس آئیں تو میں مجاہدین سے کہہ دوں گا۔
کہ ان کامال انھیں واپس کردیا جائے۔
لیکن جب انھوں نے کافی تاخیر کی تو آپ نے مقام جعرانہ میں مال غنیمت تقسیم کردیا۔
تقسیم کے بعد چوبیس افراد پر مشتمل ہوازن کا ایک وفد آیا جن میں ابو برقان سعدی بھی تھا اس نے کہا: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! ان قیدیوں میں آپ کے دودھ کے رشتے سے آپ کی کئی مائیں، خالائیں، اور دودھ کی بہنیں ہیں، آپ ہم پر احسان فرمائیں، اللہ تعالیٰ آپ پر احسان فرمائے گا۔
رسول اللہ ﷺ نے جو جواب دیا وہ حدیث میں مذکورہ ہے بہر حال آپ نے تمام قیدیوں کو آزادکردیا۔
(فتح الباري: 43/8)
قیدی واپس کرنے سے پہلے آپ نے مہاجرین سے مشورہ کیا تو انھوں نے عرض کی: ہمارا سب مال آپ کے لیے ہے انصار نے بھی یہی جواب دیا۔
اقرع بن حابس نے کہا: میں اور بنو تمیم اس پر راضی نہیں ہیں عیینہ نے کہا: میں اور بنو فزارہ بھی مال واپس دینے کے لیے تیار نہیں۔
عباس بن مرداس نے کہا کہ میں اور بنو سلیم بھی بخوشی ایسا نہیں کر سکتے۔
چونکہ یہ مال مجاہدین کا تھا اس لیے نبی ﷺ نے ان سے اجازت لینے کے لیے نمائندگی کا طریقہ اختیار کیا، اس طرح بنو ہوازن کے بچے اور عورتیں واپس کی گئی۔
(فتح الباري: 43/8)